Latest News

بی کے سی امریکن اسکول حملہ سازش معاملہ میں انیس انصاری کو عمر قید، سیشن عدالت کا فیصلہ ناقابل یقین، ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا: گلزاراعظمی۔

بی کے سی امریکن اسکول حملہ سازش معاملہ میں انیس انصاری کو عمر قید، سیشن عدالت کا فیصلہ ناقابل یقین، ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا: گلزاراعظمی۔
ممبئی: ممبئی کے مشہور تجارتی خطہ باندرہ کرلا کمپلیکس (BKC)میں واقع امریکن اسکول میں دھماکہ کرنے کی مبینہ سازش رچنے کے الزامات کے تحت گرفتا ر ملزم انیس انصاری کے مقدمہ میں آج ممبئی سٹی سول اینڈ سیشن عدالت نے فیصلہ صادر کرتے ہوئے اسے عمر قید کی سزا سنائی، ملزم گذشتہ آٹھ برسوں سے جیل کی سلاخوں کے پیچھے مقید ہے۔سیشن عدالت کے جج اے اے جوگلیکر نے فیصلہ صادر کرتے ہوئے کہا کہ ملزم انیس انصاری پر عائد تمام الزامات ثابت ہوئے ہیں اور معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی جاتی ہے حالا نکہ دفاعی وکیل شریف شیخ نے ملزم کو کم سے کم سزا دیئے جانے کی عدالت سے گذارش کی تھی۔ اس مقد مہ میں استغاثہ (اے ٹی ایس) کی جانب سے خصوصی وکیل استغاثہ مدھوکر دلوی پیش ہوئے جبکہ ملزم کو قانونی امداد فراہم کرنے والی تنظیم جمعیۃ علماء مہاراشٹر (ارشد مدنی) کی جانب سے ایڈوکیٹ شریف شیخ نے ملزم کی پیروی کی۔انیس انصاری کو عمر قید کی سزا سنائے جانے کے بعد جمعیۃ علماء قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزاراعظمی نے کہاکہ نچلی عدالت کا فیصلہ نا قابل یقین ہے کیونکہ استغاثہ کی جانب سے پیش کیئے گئے گواہان کی گواہیوں میں تضاد ہے جس کا فائدہ ملزم کو دینے کی بجائے عدالت نے استغاثہ کو دیا۔استغاثہ عدالت میں یہ ثابت نہیں کرپایا کہ ملزم انیس انصاری جس غیر ملکی شخص سے امریکن اسکول پر حملہ کرنے کی گفتگو کرتا تھا وہ کون ہے اور اس کا تعلق کس ملک سے ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقدمہ میں کسی لحاظ سے عمر قید کی سزا بنتی ہی نہیں ہے کیونکہ سوائے امریکن اسکول پر حملے کرنے کی مبینہ سازش رچنے کے کچھ ہوا ہی نہیں اس کے باوجود سیشن عدالت نے اتنی سخت سزا سنائی ہے جس کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔گلزار اعظمی نے مزید کہا کہ اکثر ایسے مقدمات میں جرم ثابت ہونے پر عدالتیں دس سے بارہ سالوں کی سزائیں سناتی ہیں لیکن اس مقدمہ میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے جس پر نظر ثانی کرنے کی ہائی کورٹ سے درخواست کی جائے گی۔واضح رہے کہ ملزم انیس انصاری جو پیشہ سے ایک سافٹ وئیر انجینئر ہے گرفتاری سے قبل غیر ملکی کمپنی میں برسر روزگار تھا کو مہاراشٹر انسداد دہشت گرد دستہ ATSنے 18/ اکتوبر2014کو اس الزامات کے تحت گرفتار کیا تھا کہ وہ جہادی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور وہ مشہور شوشل نیٹورکنگ سائٹ فیس بک پر کسی غیر ملکی سے رابطہ میں تھا اور دونوں نے ممبئی میں غیر ملکیوں کو قتل کرنے اور باندرہ کرلا کمپلیکس میں واقع امریکن اسکول میں بم دھماکہ کرنے کی سازش کررہے تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر