Latest News

سائیکل کی سواری چھوڑ کر بی ایس پی کے ہاتھی پر سوار ہونگے عمران مسعود؟

سائیکل کی سواری چھوڑ کر بی ایس پی کے ہاتھی پر سوار ہونگے عمران مسعود؟
دیوبند: سمیر چودھری۔
سہارنپور ضلع کے قد آور لیڈر عمران مسعود جلد ہی بہوجن سماج پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کرسکتے ہیں ۔ انہوںنے سماج وادی پارٹی کی سائیکل چھوڑ کر بہوجن سماج پارٹی کے ہاتھی کی سواری کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ عمران مسعود نگر نگم کے میئر کا انتخاب اپنے کسی اہل خانہ کو لڑائیں گے اور خود دلت مسلم ووٹ بینک کے ذریعہ پارلیمانی انتخاب لڑنا چاہتے ہیں ،سیاسی حلقوں میں یہ بھی بحث ہورہی ہے کہ گزشتہ ہفتہ دہلی میں ان کی بہوجن سماج پارٹی رہنما مایا وتی سے ملاقات بھی ہوچکی ہے ۔ عمران مسعود 9 ماہ قبل جنوری میں اسمبلی انتخاب کااعلان ہوتے ہی کانگریس چھوڑ کر سماج وادی پارٹی میں شامل ہوئے تھے اور وہ بہٹ اور دیہات اسمبلی سیٹ سے اسمبلی کا انتخاب لڑنا چاہتے تھے مگر سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے ان پر کوئی توجہ نہیں دی جس کے سبب وہ اسمبلی کاانتخاب نہیں لڑسکے۔ ایم ایل سی کے انتخاب میں بھی سماج وادی پارٹی نے انہیں مایوس کیا ، گزشتہ دنوں ضلع پنچایت کے وارڈ ممبر کے عہدے پر ہوئے ضمنی انتخاب میں بھی ان کی سماج وادی پارٹی لیڈران اور اسمبلی ارکان سے ان بن رہی ۔ دونوں گروپوں نے اپنے اپنے امیدوار انتخابی میدان میں اتارے تھے۔ وہیں گزشتہ دنوں سے وہ میئر کے انتخابی تیاریوں میں لگے ہوئے ہیں ۔ سیٹ ریزرویشن ہونے کے مطابق وہ اپنے اہل خانہ کو میئر کا انتخاب ضرورلڑوائیں گے اور اس کے لئے سہارنپور شہر میں وہ مسلم علاقوں میں میٹنگیں بھی کررہے ہیں جس میں وہ موجودہ ممبر پارلیمنٹ اور سماج وادی پارٹی لیڈران کو ہدف تنقید بناتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ میٹنگوں میں مسلمانوں کے درمیا ن جاکر وہ یہ سمجھا رہے ہیں کہ مسلمانوں کا انہوں نے ہی مشکل وقت میں ہمیشہ ساتھ دیا ہے اوروہ ہمیشہ ان کے حق کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں۔ سماج وادی پارٹی میں عمران مسعود کو کوئی خاص توجہ نہ ملنے کے سبب اب وہ بہوجن سماج پارٹی میں جانے کی تیاریوں میں لگے ہیں اور وہ جلد ہی بہوجن سماج پارٹی میں جانے کا اعلان کرسکتے ہیں۔ عمران مسعود نے سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بہوجن سماج پارٹی میں جانے کے سوال پر کہا ، کیاکریں حالات تو ایسے ہی ہورہے ہیں میئر کا انتخاب اپنے کسی اہل خانہ کے فرد کو ضرور لڑوائیں گے اور اس کے لئے انہوںنے تیاری بھی کرلی ہے۔ پارلیمنٹ کا انتخاب بہوجن سماج پارٹی کے ٹکٹ پر لڑنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ کہنا ابھی جلد بازی ہوگا ، دیکھتے ہیں آگے کیاہوتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر