Latest News

غربت، بیروزگاری اور عدم مساوات تشویشناک، آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسبلے نے مودی حکومت کی نام نہاد ترقی کی پول کھول دی۔

غربت، بیروزگاری اور عدم مساوات تشویشناک، آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسبلے نے مودی حکومت کی نام نہاد ترقی کی پول کھول دی۔
نئی دہلی: مودی حکومت کے آٹھ سالہ دور اقتدار کی نام نہاد ترقی کی پول کھولتے ہوئے آر ایس ایس رہنما نے ملک میں موجود غربت، بیروزگار اور عدم مساوات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریے ہوسبلے نے ملک میں غربت، بیروزگاری اور عدم مساوات کا معاملہ اُٹھاتے ہوئے اس بات پر زوردیا ہے کہ ملک میں ایسا ماحول تیار کیاجائے کہ جولوگ روزگار کا مطالبہ کررہے ہیں وہ خود روزگار دینے والے بن جائے۔ سودیشی جاگرن منچ کے زیر اہتمام ایک ویبنار کو خطاب کرتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ غربت ایک عفریت کی شکل میں ہمارے سامنے موجود ہے، اس کا خاتمہ بہت ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ ۲۰ کروڑ لوگ ابھی بھی خط افلاس سے نیچے زندگی گزاررہے ہیں یہ دیکھ کر ہمیں بہت افسوس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ۲۳ کروڑ لوگ اس ملک میں ایسے ہیں جن کی یومیہ آمدنی ۳۷۵ روپئے سے بھی کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں چار کروڑ لوگ بیروزگار ہیں لیبرفورس سروے ہمیں یہ بتاتا ہے کہ بیروزگار ی کی شرح ۷ اعشاریہ ۶ فیصد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے سامنے ایک اور بہت بڑا مسئلہ ہے عدم مساوات کا۔ انہوں نے کہاکہ ایک رپورٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ ہندوستان دنیا کی چھ بڑی معیشتوں میں سے ایک ہے لیکن کیا یہ صورتحال ہمارے لیے بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک فیصد لوگ ملک کے ۲۰ فیصد آبادی کے وسائل وذرائع پر قبضہ کیے ہوئے ہیں اور ملک کی پچاس فیصد آبادی پر صرف ۱۳ فیصد خرچ ہورہا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے راہل گاندھی کے بھارت جوڑو یاترا پر طنز کرتے ہوئے کہاکہ جس نے بھارت کو توڑنے کا کام کیا ہے وہ اب دیش کو گمراہ کرنے کےلیے بھارت جوڑو یاترا پر نکلے ہیں وہ کس بنیاد پر بھارت کو جوڑناچاہتے ہیں۔ بھارت جوڑو یاترا ملک کے لیے مضحکہ خیز ہے۔ یہ بات سماج کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔ ویسے لوگوں سے اپنے ملک کو بچائیں۔ ہندوستان کوخوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کےلیے سماج کے ہر طبقے کو وقت نکال کر قربانی دینے کی ضرورت ہے۔ تبھی ہندوستان دنیا میں اپنی عظمت کو پاسکتا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر