Latest News

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن میں مہا مقابلہ آج، جانیں کس ٹیم کے لیے ہیں حالات سازگار اور کیسا ہے موسم۔

نئی دہلی: پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان آج میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل کے لیے ٹاس بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے مدمقابل ہوں گی۔
دونوں فائنلسٹ ٹیموں کے پاس کئی میچ ونر کھلاڑی موجود ہیں لیکن میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہونے والے میچ میں ٹاس بھی بہت اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
آسٹریلیا کے محکمہ موسمیات نے اتوار اور پیر کو بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے اور میلبرن میں اس وقت بادل چھائے ہوئے ہیں تاہم بارش کا امکان پہلے سے کم ہو گیا ہے۔
آج کے بڑے میچ کے لیے موسم کے علاوہ میچ بھی بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہو گا کیونکہ میلبرن کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ کا شمار آسٹریلیا کے سب سے زیادہ فلیٹ پچز رکھنے والے گراؤنڈز میں ہوتا ہے اور اس گراؤنڈ میں بولرز خاص کر سیمرز کو ابتدا میں تھوڑی مدد ملتی ہے لیکن جب بیٹرز سیٹ ہو جائیں تو پھر وہ آزادانہ اسٹروکس کھیل سکتے ہیں۔ لیکن چونکہ میلبرن میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے اس لیے ایم سی جی کی وکٹ نمی کی وجہ سے فاسٹ بولرز کے لیے عام حالات سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق میلبرن کی وکٹ عام طور پر اسپنرز کے لیے سازگار نہیں ہوتی اور بارش کے بعد بھی یہ وکٹ اسپنرز کے لیے زیادہ سودمند ثابت نہیں ہو گی۔

میلبرن میں کھیلے گئے میچز میں اب تک پہلی اننگز کا ایوریج اسکور 143 رنز ہے جو دوسری اننگز میں مزید کم ہو کر 127 رنز تک جاتا ہے۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اب تک کھیلے گئے 21 ٹی ٹوئنٹی میچز میں سے دوسری اننگز میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 11 جیتے جبکہ پہلی بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے 9 میں کامیابی حاصل کی۔ لیکن بارش کی پیشگوئی کے باعث جو بھی ٹیم ٹاس جیتے گی وہ پہلے فیلڈنگ کی طرف ہی جائے گی۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ پر سب سے زیادہ ٹوٹل بھارت نے زمبابوے کے خلاف 186 بنایا تھا جبکہ سب سے کم ٹوٹل بنانے کا اعزاز بھی بھارت کے پاس ہی ہے جس میں بھارتی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 74 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر