Latest News

دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم کے کمرہ میں ہزاروں روپے کی چوری، پولیس میں معاملہ درج، ایک ہفتہ میں چوری کی دوسری بڑی واردات۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم کے کمرے سے چوروں نے میز کی دراز کا تالا توڑ کر ہزاروں روپیہ کی نقدی چوری کر لی۔ ایک ہفتے اندر دارلعلوم دیوبند میں چوری کا یہ دوسرا بڑا اور انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ دارالعلوم کی جانب سے کوتوالی میں نامعلوم چور کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا ہے۔

دارالعلوم کے شعبہ اوقاف کے ذمہ دار مولوی اسجد علی نے کوتوالی میں دی گئی تحریر میں بتایا کہ دارالعلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی کسی کام سے اپنے کمرے سے باہر گئے تھے۔ ان کے ٹیبل کی دراز میں 70 ہزار روپے کی نقدی رکھی ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ نامعلوم چور نے کمرے میں داخل ہو کر میز کی دراز توڑ کر اس کے اندر رکھی 70؍ہزار روپیہ کی نقدی چوری کرلی، مولوی اسجد علی نے نامعلوم چور کے خلاف کوتوالی میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ 
معاملہ دارالعلوم سے متعلق ہونے کی وجہ سے پولیس بھی چور کو پکڑنے کے لیے پوری طرح متحرک ہوگئی ہے۔ کوتوال ایچ این سنگھ نے بتایا کہ ادارہ کی جانب سے ملی تحریر کی بنیاد پر نا معلوم چور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، کچھ سی ٹی وی کے فوٹیج فراہم کرائے گئے، جن کی بنیاد پر چور کو تلاش کیا جا رہا ہے، واردات کو انجام دینے والے چور کو جلد ہی پکڑ لیا جائے گا۔ 
واضح رہے اس سے قبل رواں ماہ تین تاریخ کو مسجد رشید کا چندہ بوکس توڑ کر چوری کی کوشش کی گئی تھی، اتنا ہی نہیں اسی روز ایک طالب علم کے کمرے میں چوری ہوئی تھی۔  دارالعلوم دیوبند جیسے عظیم ادارے میں مسلسل اس قسم کے واقعات یقیناً انتظامیہ کے لئے گہری تشویش کا باعث اور تحقیقات کا موضوع ہے، کہیں یہ ادارہ کے خلاف کوئی بڑی سازش تو نہیں؟ 


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر