Latest News

بی ایس پی سپریمو مایاوتی پیسہ لیکر ٹکٹ دیتی ہے، کانگریس لیڈر نسیم الدین صدیقی کا بڑا الزام، بی جے پی کو بھی بنایا ہدف تنقید۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
یوپی کانگریس کمیٹی کے مغربی اترپردیش کے صدر نسیم الدین صدیقی نے سہارنپور میں منعقدہ ایک پروگرام میں بہوجن سماج پارٹی کی رہنما مایاوتی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی پیسے لے کر ٹکٹ دیتی ہے ۔ میں بہن جی کو جتنا جانتا ہوں اتنا ان کو کوئی نہیں جانتا۔ وہ ٹیوٹر ٹیوٹر کھیل رہی ہیں ، ٹیوٹر کی جگہ انہیں میدان میں آنا چاہئے ۔ نسیم الدین صدیقی نے کہا کہ دلت اور مسلم کسی کا بندھوا مزدور نہیںہے ۔ نسیم الدین صدیقی سہارنپورمیں کانگریس پارٹی کے عہدیداران سے ملاقات کے لئے پہنچے تھے ۔ انہوں نے پارٹی کے عہدیداران اور کارکنان سے بلدیاتی انتخابات کو لے کر تبادلہ خیال کیا۔ نسیم الدین صدیقی نے کہا کہ جن لوگوں نے انگریزوں کا ساتھ دیا وہ لوگ اب کانگریس پر انگلی اٹھاتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی ہمیشہ ملک توڑنے کی بات کرتی ہے ، انتخاب آتے ہی ہندو مسلم جہاد اور مندر مسجد کی بات کرنا شروع کردیتی ہے لیکن نوجوانوں ، روزگار اور ملک کی ترقی کی بات نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کانگریس اس مرتبہ کامیابی حاصل کرے گی لیکن کامیابی کی صورت حال کیا ہوگا وہ ابھی نہیں بتاسکتے ۔ نسیم الدین صدیقی نے کہا کہ بی جے پی بھلے ہی ملک کو توڑنے کی بات کرتی ہے مگر ان کی اس کوشش کو ناکام کرنے کے لئے راہل گاندھی بھارت جوڑو یاتر ا پر نکلے ہیں جس سے کانگریس کو مضبوطی مل رہی ہے ۔ نسیم الدین صدیقی نے کہا کہ کانگریس ایک سیکولر جماعت ہے ، کسی سے پیسہ لے کر ٹکٹ نہیں دیتی ہے ، کانگریس پارٹی چندہ جمع کرکے اپنے امیدوار کی مدد کرتی ہے ۔ کانگریس نے ملک میں قربانی دی ، کانگریس پارٹی کے لیڈران نے ملک اور عوام کے لئے اپنے سینوں میں گولیاں کھائی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم آنجہانی اندراگاندھی اور آنجہانی راجیو گاندھی نے ملک کے لئے اپنے جسم کے ٹکڑے کرادیئے ، ملک کی تاریخ میں بہوجن سماج پارٹی اور سماج وادی پارٹی میں مجاہد آزادی کا نام نہیں ہے ۔ ملک کی آزادی میں ان کا کوئی حصہ نہیں ہے ، ملک کی خدمت سب سے زیادہ کانگریس نے کی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ملک کو اگر کوئی بچاسکتا ہے تو وہ صرف کانگریس پارٹی ہے ۔ سہارنپور کے کانگریس پارٹی دفتر پر نسیم الدین صدیقی نے پارٹی کے عہدیداران اور بلدیاتی انتخابات کے دعویداروں کے ساتھ پارٹی کی جائزہ میٹنگ لی ۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم الدین صدیقی نے کہاکہ ابھی پارٹی کو مضبوط کرنا میری ترجیحات میں شامل ہے ، آج اسی کی تیاری کے سلسلہ میں میں یہاں پر آیا ہوں۔انہوں نے کہاکہ جب سے ملک اوریوپی میں بی جے پی برسراقتدار آئی ہے عوام پریشان ہیں، ہر طرف ہاہاکار مچا ہوا ہے ،سرکاری ایجنسیوں کا بی جے پی غلط استعمال کررہی ہے ، مہنگائی عروج پر ہے، کسانوں کو ان کی واجبی قیمت تک نہیں مل پارہی ہے اور نہ ہی ان کے گنے کی ادائیگی ہوپارہی ہے ۔ کسان خودکشی کرنے پر مجبور ہیں ،بے روزگاری سے بھکمری کے حالات پیدا ہوگئے ہیں ، خواتین کی عزت خطرے میں ہے ۔اس موقع پر کانگریس کے ضلع صدر چودھری مظفر علی تومر ، شہر صدر ورن شرما، سابق اسمبلی رکن سریندر کپل، اشوک سینی، سابق صوبائی نائب صدر چودھری مہربان عالم، سینئر لیڈر قاضی شوکت حسین ، میڈیا انچارج گنیش دت شرما اور سیوا دل کے عمران قریشی نے نسیم الدین صدیقی کا گل پوشی کرکے استقبال کیا۔ دریں اثنا سماج وادی پارٹی کے ضلع سکریٹری رویندر کمار ایڈوکیٹ نے سماج وادی پارٹی چھوڑ کر اپنے ساتھیو ں کے ساتھ کانگریس میں شمولیت اختیار کی،ان کا بھی استقبال کیا گیا۔ میٹنگ میں سینئر لیڈر راحت خلیل ، اوما بھوشن، ہری اوم مشرا، منیش تیاگی، دیوبند کے شہر صدر تنظیم صدیقی، وجے شرما وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر