Latest News

نوجوان موبائل کے بجائے نیک کاموں میں اپنا وقت گزاریں، اصلاح معاشرہ کے لئے اسوہ حسنہ پر عمل ضروری، جلسہ اصلاح معاشرہ میں مولانا سید اشہدی رشیدی کا خطاب۔

مظفر نگر: سمیر چودھری۔
جمعیة علماءہند کے ریاستی صدر مولانا سید اشہد رشیدی نے کہا کہ آج ہم مصیبتوں میں گھرے ہوئے ہیں، اس کی وجہ صاف ظاہر ہے کہ ہم نے اپنی مرضی کی زندگی گزارنا شروع کر دی ہے۔ جس کی وجہ سے آج ہمیں رسوائی کا سامنا ہے۔مظفر نگر کے گاو ں چندسینا کی مسجد میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ سے خطاب کرتے ہوئے مولانا اشہد رشیدی نے کہا کہ اگر ہمارے اعمال اچھے ہوں گے تو ہمیں دونوں جہاں میں کامیابی و کامرانی حاصل ہوگی ۔ مولانا نے نماز کی پابندی کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ نماز روزہ کے ساتھ ساتھ ہمیں اپنے مال سے غریبوں کی مدد میں حصہ لینا چاہیے اور غریبوں کی مدد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ برے کاموں سے خود کو روکنا ہوگا اور دوسروں کو بھی روکنا ہوگا، تب ہی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنا وقت موبائل میں ضائع کرتے ہیں جبکہ ہمیں اپنا وقت نیک کاموں میں گزارنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نیک بنو اور نیک کاموں میں اپنا وقت صرف کرو، یہی واحد راستہ ہے۔ مولانا اشہد رشیدی نے اپنے خطاب میں حدیث اور قرآنی حوالوں سے تفصیل سے بتایاکہ اسلامی تعلیم کا بنیادی مقصد انسانی معاشرہ کی اصلاح کرنا ہے اور اس طرح اصلاح کرنا ہے کہ دنیا میں تمام انسان امن وامان کی زندگی بسر کریں اور اس طرح زندہ رہیں کہ اخلاق کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ چھوٹے اور آخرت کی لامتناہی زندگی کے لئے پورے اخلاق وتقویٰ کے ساتھ تیاری کریں ،اللہ ان سے راضی ہو ۔ اسلامی تعلیم کا یہ بنیادی مقصد صرف اس طرح سے حاصل ہوسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق ہم رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ ¿ حسنہ کی پیروی کریں ۔ ہمارے لئے اس دنیا کے کسی دوسرے مفکر اور مصلح فلسفی اور رہبر کی ضرورت نہیں ہے کیوںکہ ہمارے سامنے ہر کام کی غایت اللہ ، اللہ تبارک وتعالیٰ کی رضا ہے اور اللہ تبارک وتعالیٰ نے قرآن حکیم میں واضح طور پر ہمیں یہ حکم دیا ہے کہ اس کی رضا اور خوشنودی صرف رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی پیروی سے حاصل ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاح معاشرہ کے لئے ہمیں رسول پاک صلی اللہ علیہ وسلم کا ہی اتباہ کرنا ہوگا او ر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ کا مطالعہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی یہ ہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ کے آخری رسول کی پوری زندگی کا ریکارڈ ہمارے اسلاف نے ہمارے لئے جمع کردیا ہے۔ 
پروگرام کی قیادت مولانا نذر محمد قاسمی، حاجی شاہد تیاگی، مولانا قاسم قاسمی ضلع صدر، مولانا مکرم علی قاسمی ضلع جنرل سیکریٹر ی محمد آصف قریشی بڈھانوی کر رہے تھے۔ اس موقع پر مولانا سید سعد خانجہانپوری، حافظ شیردین بڈھانہ، مفتی انتظار ککرولی، مولانا محبوب کلہیڑی، مرسلین پردھان، حاجی اکرم، مولانا خالد، مولانا محمد قاسمی، مولانا ساجد،صوفی روض الدین وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر