Latest News

مودی کے موربی پہنچنے سے قبل راتوں رات اسپتال کی تزئین وآرائش، غلیظ بستروں کی جگہ صاف ستھرے بستر لگائے گئے، دیواروں میں رنگ وروغن، سوشل میڈیا پر ویڈیو اور تصاویر وائرل، اپوزیشن کا طنز۔


احمد آباد: وزیر اعظم مودی گجرات کے موربی پہنچ چکے ہیں جہاں ۳۱؍اکتوبر کی شام معلق پل ٹوٹنے کی وجہ سے ۱۴۱ افراد ہلاک ہوگئے تھے، وزیر اعظم مودی کے ساتھ گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل بھی جائے حادثہ پر پہنچے، دونوں نے ریسکیو ٹیم سے ملاقات کی اور حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے ملے۔ تیسرے دن بھی مچھو ندی میں ریسکیو کا کام جاری رہا، خبروں کے مطابق موربی سول اسپتال میں ۱۰۰ سے زیادہ لوگوں کا علاج چل رہا ہے۔ مودی اس اسپتال میں داخل مریضوں سے بھی ملے۔ وزیر اعظم کے دورے کی وجہ سے اسپتال کی صاف صفائی کرائی گئی تھی جس کی کئی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں۔ تصویروں میں موربی کے سول اسپتال میں رات کو صفائی، پتائی، اور مرمت ہوتی ہوئی نظر آرہی ہے، سوال اُٹھ رہے ہیں کہ مودی آرہے ہیں تو راتوں رات اسپتال کی کایا پلٹ کردی گئی ہے۔
للن ٹاپ کی ٹیم اسپتال پہنچی تو وہاں نئے واٹر کولر، نئے بیڈ لائے جارہے تھے حالانکہ بی جے پی کی طرف سے اس پر کوئی صفائی یا جواب نہیں آیا ہے۔ مودی سول اسپتال کے دورے کے بعد مہلوکین کے ورثاء سے ایس پی آفس میں ملاقات کی، انہو ںنے یہاں افسروں کے ساتھ میٹنگ بھی کی۔ قبل ازیں مودی کے دورے سے قبل سول اسپتال میں مرمت کا کام کیاگیا،وائرل تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وارڈ میں رکھے بیڈ اچانک تبدیل کردئیے گئے ہیں ، گندے بیڈ شیڈ جگہ نئے بیڈ شیڈرکھے گئے ہیں، زمین صاف کردی گئی ہے۔ وارڈ کی ایک اور تصویر میں اسپتال کے اہلکار کام کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، کون سا کام؟ وارڈ کے بیڈ شیڈ کو بدلنے کا کام ایک بیڈ پر الگ سے ایکسٹرا بیڈ بھی نظر آرہا ہے۔ ایک تصویر میں لیٹے مریض کے پاس رکھی ٹیبل پر پانی کی صاف بوتلیں بھی نظر آرہی ہیں، عام طور پر سرکاری اسپتالوں میں یہ نظارہ دیکھنے کو نہیں ملتا ہے۔ ایک تصویر میں ملازمین اسپتال کی گیلری کی چھت، دیواروں کو پینٹ کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں، تصویر میں چھت کی اکھڑی ہوئی پٹی بھی صاف نظر آرہی ہے۔ اسپتال میں مودی کے دورے سے قبل رنگ وروغن اور تزئین وآرائش کے کام پر کانگریس نے طنز کیا ہے، اسپتال کی فوٹو ٹوئٹ کرکے کہا کہ ’کل مودی موربی کے سول اسپتال میں جائیں گے، اس سے قبل وہاں رنگائی پتائی کا کام چل رہا ہے، چمچماتی ٹائلس لگائی جارہی ہیں، مودی کی تصویر میں کوئی کمی نہ رہے اس کا بندوبست کیاجارہا ہے، انہیں شرم نہیں آتی، اتنے لوگ مرگئے اور یہ شوبازی میں لگے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ اسپتال کو راتوں رات رنگ وروغن کیاجارہا ہے کہ مودی کے فوٹو شوٹ میں خراب عمارت کی قلعی نہ کھل جائے، ۱۴۱ لوگ مرچکے ہیں، سینکڑوں لوگ لاپتہ ہیں، اصل گناہ گاروں پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی لیکن بی جے پی کو فوٹو شوٹ کرکے لیپا پوتی کی پڑی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر