مظفرنگر فساد کے معاملہ میں عدالت کے ذریعہ دوسال کی سزا سنائے جانے کے سبب بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کی اسمبلی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔یوپی میں سماجوادی پارٹی اعظم خاں کی اسمبلی رکنیت منسوخ کئے جانے کے بعد یہ دوسری بڑی کارروائی ہوئی ہے۔ مظفر نگر ضلع کے کھتولی سے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کی اسمبلی رکنیت ختم کردی گئی ہے، انہیں دو سال کی سزا کے ساتھ10 ہزار روپے کا جرمانہ بھی ادا کرنے کاحکم دیاگیا تھا۔آر ایل ڈی کے صدر چودھری جینت سنگھ نے بھی ٹویٹ کر کے لکھا کہ آخر کار عدالتی حکم کا نوٹس لیتے ہوئے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی کی رکنیت منسوخ کر دی گئی ہے۔اس معاملہ کو جینت چودھر ی نے زور شور سے اٹھایا تھا اور اسمبلی اسپیکر کو باقاعدہ لیٹر لکھ کر وکرم سینی کی اسمبلی رکنیت منسوخ کرنے کامطالبہ کیا تھا۔ جمعہ کے روز سکریٹریٹ سے رامپور کے بعد کھتولی سیٹ کا خالی ہونے کے اعلان کیاگیا۔واضح رہے کہ مظفر نگر فسادات کے معاملے میں، کھتولی کے بی جے پی ایم ایل اے وکرم سینی نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی خصوصی ایم پی/ایم ایل اے کورٹ سے دو سال کی سزا کے سلسلے میں ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ نچلی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی گئی ہے۔11 اکتوبر کو کوال واقعہ کے معاملہ میں عدالت نے دھمکی دینے کے معاملہ میں ایم ایل اے وکرم سینی سمیت 12 ملزمان کو دو سال قید اور دس دس ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ ایم ایل اے سمیت تمام ملزمان کی درخواست ضمانت بھی منظور کر لی گئی تھی۔ نچلی عدالت کے فیصلے پر ایم ایل اے نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ایم ایل اے کے وکیل بھرت ویر اہلوت نے بتایا کہ اپیل دائر کر دی گئی ہے، جلد ہی سماعت کی تاریخ طے کی جائے گی۔ دوسری جانب ضلع انتظامیہ نے مقامی عدالت کے فیصلے کی کاپی بھی حکومت کو بھجوا دی ہے۔ ڈی جی سی راجیو شرما نے اس کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ سزا کی کاپی ڈی ایم آفس کے ذریعہ ایم ایل اے کو بھیجی گئی ہے۔29 اگست 2013 کو کوال گاوں میں دونوں فرقوں کے لوگ آمنے سامنے آگئے تھے۔ تشدد اور آتش زنی کے واقعے کے بعد پولیس نے سکھیڑا پولیس اسٹیشن میں پردھان کے سابق شوہر وکرم سینی سمیت 28 لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا کیا تھا۔
0 Comments