Latest News

ہندو لڑکی کے ساتھ سفر کرنے پرمسلم نوجوان کی پٹائی، بجرنگ دل کے غنڈوں نے طالب علم کو بس سے اتار کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

 بنگلورو:  کرناٹک میں ایک گروپ نے ہندو لڑکی کے ساتھ سفر کرنے والے ایک مسلمان نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ ریاست کرناٹک کے شہر منگلورو میں جمعرات کی شب پیش آیا۔
پولیس کے مطابق جوڑا کیرالا سے آنے والی بس میں سفر کر رہا تھا جب تین سے چار نامعلوم افراد نے بس کو روکا اور مسلمان لڑکے کو باہر نکال کر ان پر تشدد کیا، بتایاجارہا ہے کہ بس روکنے اور مارنے والے لوگ سخت گیر شدت پسند تنظیم بجرنگ دل سے تعلق رکھتے ہیں۔۲۰برس کے مسلمان نوجوان سید رسیم عمر کرناٹک کے شہر کرکلا میں واقع ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ خاتون کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ کدری پولیس سٹیشن میں واقعے کی ایف آئی آر درج ہو گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سید رسیم عمر ایک نجی بس میں جمعرات کی شام 4 بجے کیرالا سے لوٹ رہے تھے کہ نامعلوم افراد بس میں داخل ہوئے اور انہیں تشدد کا بنایا۔ ایف آئی آر کے مطابق رسیم عمر کو بس سے گھسیٹ کر باہر نکالا اور ڈنڈوں سے مار پیٹ کی، ساتھ ہی واقعے کی اطلاع دینے کی صورت میں دھمکیاں بھی دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہندو قوم پرست جماعت بجرنگ دل کے ملوث ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم تنظیم نے الزامات کو مسترد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ’یہ اخلاقی پولیسنگ کا بھی واقعہ ہو سکتا ہے۔ نامعلوم افراد نے نوجوان کا آئی ڈی کارڈ بھی مانگا۔ ہم سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے واقعے میں ملوث افراد کی نشاندہی کی کوشش کر رہے ہیں۔‘ ریاست کرناٹک کے ضلع دکشن کنڑا میں ہندو قوم پرست جماعتوں کی جانب سے اخلاقی پولیسنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ستمبر میں بھی ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جب ہندو لڑکی سے دوستی کرنے پر ایک مسلمان لڑکے کو مارا پیٹا گیا اور جان سے مار ڈالنے کی دھمکی بھی دی گئی۔ ضلع دکشن کنڑا میں ہی اپریل کے مہینے میں ہندو خاتون کو ساتھ بٹھانے پر مسلمان رکشہ ڈرائیور پر تشدد کیا گیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر