Latest News

لکھنو میں گرل فرینڈ کو چوتھی منزل سے نیچے دھکیلنے والا نوجوان پولیس انکاؤنٹر میں زخمی۔

لکھنو:  اترپردیش پولیس نے ایک انکاؤنٹر میں اُس نوجوان کی ٹانگ میں گولی مار دی جس نے لکھنؤ میں ایک اپارٹمنٹ کی چوتھی منزل سے اپنی 17 سالہ گرل فرینڈ کو نیچے ڈھکیل دیا تھا جس کے نتیجہ میں اس لڑکی کی موت واقع ہوگئی تھی۔بتایا جاتا ہے کہ جمعہ کے روز پولیس نے نوجوان محمد سفیان کو ایک انکاؤنٹر میں ٹانگ میں گولی مار کر زخمی کردیا جب وہ فرار ہونے کی کوشش کررہا تھا۔محمد سفیان نے ندھی گپتا کو گذشتہ منگل کے روز ایک جھگڑے کے بعد چوتھی منزل سے ڈھکیل دیا تھا۔ لڑکی کے ارکان خاندان کا الزام ہے کہ سفیان اس پر شادی کے لئے مذہب تبدیل کرنے دباؤ ڈال رہا تھا۔ دونوں ایک ریلیشن شپ میں تھے۔لڑکی کی موت کے بعد فرار ہونے والے سفیان کو پولیس نے آج ایک انکاؤنٹر کے دوران گولی مار کر زخمی کردیا ۔ اس وقت وہ قریبی اسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے اس کی گرفتاری کے لئے 9 ارکان پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی اور سفیان کے بارے میں معلومات دینے پر 25 ہزار روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا تھا۔قتل کے الزام کے علاوہ سفیان پر ’’غیر قانونی مذہب تبدیلی‘‘ کا بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس شکایت میں، ندھی کے ارکان خاندان نے دعویٰ کیا تھا کہ سفیان کافی عرصے سے اسے ہراساں کر رہا تھا اور اس نے ان کی بچی کو اپنی محبت میں پھنسایا تھا۔جوائنٹ کمشنر لاء اینڈ آرڈر پیوش موردیا نے بتایا کہ سفیان، ندھی سے دوستی رکھتا تھا، دونوں میں ایک سال سے زیادہ عرصے سے تعلقات تھے۔ اس نے ندھی کو ایک موبائل فون بھی تحفے میں دیا تھا۔ندھی کے گھروالوں کو ان کے رشتے کے بارے میں معلوم ہوا تو وہ منگل کو سفیان کے گھر گئے۔ گرما گرم بحث کے دوران ندھی چوتھی منزل تک بھاگی اور سفیان نے اس کا پیچھا کیا۔ تھوڑی دیر بعد گھر والوں نے لڑکی کے نیچے گرنے کے بعد چیخ کی آواز سنی۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ لڑکی کی موت پر سفیان موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر