Latest News

نشہ کو جڑ سے مٹانے کے عزم کیساتھ جمعیۃ کی نشہ مخالف مہم اختتام پذیر، 8 دن میں 16ریلیوں کے ذریعہ ہزاروں لوگوں کو نشہ کے نقصانات سے واقف کرایا گیا، 5رکنی کمیٹی نشہ کی لت چھڑانے میں مدد کرے گی۔

کانپور:  شہری جمعیۃ علماء کانپور کے زیراہتمام 18/دسمبر سے شروع ہونے والی نشہ مخالف مہم آج 16/ویں ریلی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے یتیم خانہ چوراہے پہ نشہ کو جڑ سے ختم کرنے کے عزم کے ساتھ اختتامی دعا کرائی۔ اِن 8/دنوں میں جاجمؤ کے مختلف علاقے، حلیم کالج، چمن گنج، بینا جھابر، پیچ باغ، بکرمنڈی، قلی بازار، پٹکاپور، گوالٹولی، میرپور، بابوپوروہ، کرنیل گنج کیساتھ اناؤ کے شکلا گنج و اخلاق نگر میں کل ملاکر 16/ریلیاں نکالی گئیں جس میں ہزاروں افراد نے شرکت درج کرائی۔ آخری روز 12/بجے میرپور،2/بجے اجیت گنج اور بعد عصر کرنیل گنج سے ریلی نکالی گئی۔
مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے اختتامی خطاب میں کہا کہ آج اگر ہم نے اس معاملہ میں سنجیدگی سے کوئی لائحہ عمل طے نہیں کیا اور اپنے جوانوں اور بچوں کی فکر نہیں کی تو پھر تاریخ ہم کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔ مولانا نے کہا کہ سب سے پہلی ذمہ داری والدین کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کے دلوں میں منشیات کی نفرت پیدا کریں، ان کے فرینڈ سرکل کا جائزہ لیں، ضرورت سے زیادہ پیسے دینے سے احتیاط کریں، منشیات کی طرف رغبت کی جو وجوہات ہوں ان سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے اور جو دوکاندار چند پیسوں کی خاطر منشیات فروخت کررہے ہیں اور بچوں کا مستقبل تاریک کررہے ہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ اگر آج یہ اقدام نہ کیے گئے تو اپنے بچوں کی تباہی کے ہم بھی برابر کے ذمہ دار ہوں گے۔
شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان جو اپنی پیرانہ سالی کے باوجود ہر ریلی میں شریک رہے اور لوگوں کو نشہ سے بچنے کی تلقین کرتے رہے، انہوں نے کہا کہ فی الحال 7/روز کی مہم چلائی گئی ہے لیکن یہ کام پوری زندگی کرنے کا ہے۔ ہر پل، ہر لمحہ اپنے گھر والوں، باہر والوں، دوستوں پورے سماج کو نشہ سے بچانے کی فکر ہونی چاہئے، یہ ملک و قوم کی سب سے بڑی خدمت ہوگی۔
شہر قاضی حافظ معمور احمد جامعی جمعیۃ علماء کے ذمہ داران و کارکنان کو اس عظیم تحریک کیلئے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ اور بڑے پیمانے پر یہ مہم چلائی جانی چاہئے، جمعیۃ علماء اپنے اسلاف کے مشن پر آج بھی قائم و دائم ہے اور یہی اس جماعت کی پہچان ہے۔
نائب صدر مولانا نورالدین احمد قاسمی نے کہا کہ عملی جدوجہد کے ساتھ اللہ کی بارگاہ میں دعا بھی کریں کہ ہماری ان کوششوں کو شرفِ قبولیت عطا ہوجائے۔ محنت کرنا ہمارا کام ہے لیکن اللہ سے رجوع کیے بغیر کامیابی کی توقع نہیں کی جاسکتی۔
نائب صدر مولانا محمد اکرم جامعی نے تفصیل کے ساتھ نشہ کے نقصانات سے عوام الناس کو آگاہ کیا اور نشہ میں مبتلا نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نشہ کی عادت چھڑانے کیلئے ہم سے رابطہ کریں۔
سکریٹری زبیر احمد فاروقی نے لوگوں سے کہا کہ ہماری یہ مہم صدقہ جاریہ ہے، اگر ایک شخص بھی اس مہم کے ذریعہ راہِ راست پر آگیا تو ہماری عاقبت کیلئے انتہائی مفید ہوگا۔ اس لئے خواہ چند منٹ کیلئے ہی سہی لیکن اس ریلی میں شامل ہوکر اپنا نام بھی درج کروائیں۔
سکریٹری مولانا انصار احمد جامعی نے جمعیۃ علماء کی اس مہم کو بھرپور تعاون دینے کیلئے باشندگانِ شہر و پولیس انتظامیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
شہری جمعیۃ کی جانب سے 5/رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی، تاکہ جو لوگ جمعیۃ کی مہم سے متأثر ہوکر نشہ کی لت سے پاک ہونا چاہتے ہوں وہ ان حضرات سے رابطہ کرکے ہر طرح کی مدد حاصل کرسکیں۔ کمیٹی میں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی9839848686، معروف عالم دین مفتی عبدالرشید قاسمی9984181490، مولانا خلیل احمد مظاہری9450335642، نائب صدر مولانا محمد انیس خاں قاسمی9936705786 اور خازن مولانا انیس الرحمان قاسمی8423143396 کے نام شامل ہیں۔
آخری دن کی تینوں ریلوں میں مولانا عزیز الحسن قاسمی، حافظ محمد رضوان صدیقی، مولانا محمد عقیل جامعی، حافظ محمد ابرار،مولانا ظفر عالم ندوی، مولانا توحید عالم ندوی، مولانا عبدالسلام قاسمی، مولانا محمد اویس قاسمی، مولانا محمد سہیل قاسمی،مولانا محمد فرید الدین قاسمی، مولانا محمد عامر قاسمی، مولانا محمد سلمان قاسمی، حافظ شمس الدین،محمد جنید مدنی،محمد وسیم، محمد عمیر،ریاض احمد، صادق امین،معروف احمد، محمد مبین،نعیم احمد،حاجی محمد صابر، محمد ابوذر، محمد شعیب، محمد آصف،سیدحبیب، عمیر شیخ،محمد فرقان، منظور چودھری، محمد عرفان، زاہد شیخ سمیت کثیر تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر