Latest News

سماج کو اعلیٰ تعلیم یافتہ بیٹیوں کی ضرورت ہے، نواب عظمت علی خاں گرلز ڈگری کالج مظفر نگر کی طالبات کے اعزاز میں منعقد تقریب میں شرکاء کا خطاب۔

مظفر نگر: سمیر چودھری۔
نواب عظمت علی خاں گرلز ڈگری کالج مظفرنگر کی طالبات کے ذریعہ چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ کے امتحان میں ممتاز کامیابی حاصل کی گئی۔ پوزیشن کے ساتھ نمایاںکامیابی حاصل کرنے والی طالبات کے اعزاز میں آج کالج احاطہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا،جس میں طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں خصوصی اعزازات سے نوازا کیاگیا۔ 
نواب عظمت علی خاں گرلزڈگری کالج طالبہ انعم پروین دختر محمد اکبر نے بی اے میں یونیورسٹی میں تھرڈ پوزیشن حاصل کی،عرشی خاں دختر شہزاد علی خاں نے ایم اے اردو میں اول پوزیشن،جبکہ افشاں خانم ولد عبدالخالق ایم اے اردو میں تھرڈ پوزیشن حاصل کی۔ اس مناسبت سے منعقد اعزازی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ماں شاہ کمبری یوینورسٹی سہارنپور کے وائس چانسلر پروفیسر ایچ ایس سنگھ نے کہاکہ نواب عظمت علی خاں گرلز ڈگری کالج کی بیٹیوں نے یہ دکھا دیاہے کہ اگر انسان محنت کرے تو کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، انہوںنے شاندار کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد اور دیگر طالبات کو بھی خوب تعلیم حاصل کرکے اعلیٰ کامیابی حاصل کرنے کی نصیحت کی۔ انہوں نے کہاکہ آج سماج کو ایسی ہی بیٹیوں کی ضرورت ہے، تاکہ ہم تمام چیلنجز کا مقابلہ کرسکیں، انہوں نے کہاکہ جس معاشرہ کی ماں تعلیم یافتہ ہوتی ہے وہ معاشرہ اور اس کا مستقبل ہمیشہ روشن ہوتاہے، یقینا ایک خاتون تین نسلوں کو کامیاب بناتی ہے۔ انہوںنے کالج پرنسپل اور اساتذہ کی محنتوں کی بھی ستائش کی،انہوںنے طالبات کو سائنس کی جانب خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی۔ اس دوران انہوں نے کالج منیجر ڈاکٹر نواز دیوبندی کی بچیوں کے تعلیم کے تئیں کی جانے والی جدوجہد کی بھرپور ستائش کی۔ کالج کے صدر امیر عالم خاں اس موقع پر طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس ادارہ نے بہت کم وقت میں تعلیمی ترقیات کی منزلیں طے کی ہیں،انہوں نے ڈاکٹر نواز دیوبندی کی تعلیمی کوششوں اور جدوجہد کی بھی ستائش کی اور کہاکہ تعلیم کے بغیر انسان ادھورا اور نامکمل ہے۔ 
بعدازاں کالج کے منیجر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ اگر اندھیرے کو اجالے میں تبدیل کرناہے تو ہمیں اپنی بیٹیوں کو تعلیم یافتہ بنانا ہوگا اور تمام ضروریات کو نظر انداز کرکے بیٹیوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہوگی۔ انہوںنے طالبات کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ وہ ہمیشہ بڑے خواب دیکھیں اور انہیں پورا کرنے کی جدوجہد کرتی رہیں۔ گورنمنٹ انٹر کالج مظفرنگر کے وائس پرنسپل برجیش کمار نے طالبات کی کامیابی پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی کامیابی دیکھ کر سب کا سینہ فخر سے چوڑا ہواجاتاہے۔
پروگرام کے اختتام پر کالج کی پرنسپل ڈاکٹر انیتا اگروال نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا اور ممتاز کامیابی حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کاا ظہار کیا۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں نواب عظمت انٹر کالج کی پرنسپل صفیہ بیگم، فرح بتول،صدف خان،یاسر اسلام اور دیگر کارکنان موجودرہے۔ آخر میں اس سال تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ انعم پروین اور ان کے والدین کو کالج کی جانب سے خصوصی تحائف بھی دیئے گئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر