Latest News

ہلدوانی میں تجاوزات ہٹانے کے خلاف احتجاج جاری، ریلوے کی ۲۸؍ایکڑ زمین پر ۴۳۶۵ خاندان زد میں، پیرا ملٹری اور آر ایف ایف کی تعیناتی، کئی پیڑھیوں سے آباد ہزاروں مکینوں کے سامنے زندگی وموت کا سوال، ہر حال میں اپنے گھروں کو بچانے کا عزم۔

دہرہ دون: ہلدوانی کے بن بھول پورہ میں ریلوے تجاوزات کو ہٹانے کے خلاف خواتین، چھوٹے بچے، بزرگ نوجوان، سبھی سڑکوں پر سخت سردی میں کئی دنوں سے بیٹھے احتجاج کررہے ہیں،عدالت اور ریاستی حکومت سے راحت کی درخواست بھی کررہے ہیں۔ 
جمعہ کی شام ہزاروں لوگوں نے اس علاقے میں عظیم الشان کینڈل مارچ نکالا اور حکومت سے ان کی مدد کرنے کی درخواست کی، کینڈل مارچ میں کانگریس کے مقامی ممبر اسمبلی سمت ، طلبہ لیڈر ، غفور بستی کے لوگ اور کئی سماجی تنظیموں کے افراد شامل تھے۔ تجاوزات ہٹائے جانے پر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کے نمائندوں نے عدالت میں ان کے حق میں پیروی نہیں کی اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو بے گھر کیے جانے کی کوشش کی جارہی ہے، لوگوں کا کہنا ہے کہ اسے تجاوزات کہنا پوری طرح غلط ہے او ریہاں پر وہ لوگ برسوں سے رہ رہے ہیں اور کسی بھی قیمت پر اپنے گھروں کو بچائیں گے۔ 
مظاہرین کاکہنا ہے کہ ریلوے نے اس معاملے میں عدالت کو بھی گمراہ کیا ہے، اور اس نے اس بارے میں کوئی ثبوت نہیں پیش کیے کہ یہ زمین ریلوے کی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ہم برسوں سے سیور لائن، بجلی، پانی اور دیگر چیزوں کے بل دیتے ہوئے آرہے ہیں، اس علاقے میں گھروں کے ساتھ ہی مندر، مسجد، ٹیوب ویل، پانی کی ٹنکیاں، پرائمری اسکول، سرکاری اسکول بھی ہیں، ایسے میں اس جگہ کو تجاوزات بتا کر کارروائی کرنا پوری طرح غلط ہے۔ مظاہرین نے کہاکہ ہم اپنی جان بھی دے دیں گے لیکن اپنے گھروں کو چھوڑ کر نہیں جائیں گے۔ مقامی لوگ کے ذریعہ مظاہرہ کی جو تصویریں وائرل ہوئی ہیں، اس میں چھوٹے چھوٹے بچے ہاتھوں میں پوسٹر لیے کھڑے ہیں، ان پوسٹروں میں لکھا ہے کہ اب ہم کہاں پڑھیں گے، ہمارے بزرگ ماں باپ کہاں جائیں گے، پہلے ہمیں بسایا جائے اور پھر کارروائی کی جائے، مظاہرہ کررہے لوگوں کے ہاتھوں میں ہورڈنگ ہے اس میں لکھا ہے کہ ہمارے گھروں میں والدین اور بزرگ بھی ہیں، مظاہرہ میں شامل خواتین کا کہنا ہے کہ وہ اس جگہ سے نہیں ہٹیں گے، مقامی لوگوں کی مخالفت کی وجہ سے پورے علاقے میں سیکوریٹی سخت کردی گئی ہے۔ پولس اور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ہائی کورٹ کے حکم پر کی جانی ہے اس لیے عدالت کے حکم کی تعمیل کرنا پولس اور انتظامیہ کا کام ہے۔ 
انتظامیہ نے بتایا کہ ہلدوانی کے بن بھول پورہ میں ریلوے تجاوزات ہٹانے کو لے کر نئے سال کی ابتدا میں ریلوے کی طرف سے منادی کروائی جائے گی، اس کے ساتھ ہی پولس و مرکزی سیکوریٹی فورس کے آنے کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ ایس ایس پی پنکنج بھٹ کے مطابق نو کمپنیاں ریپیڈ ایکشن فورس بھی سیکوریٹی کےلیے وہاں پہنچے گی، اس کے علاوہ ریلوے پولس فورس کی دس کمپنیاں بھی آئیں گی، پہلے اس کی پانچ کمپنی بلائی جارہی تھی۔ 

ہائی کورٹ کے حکم پر بن بھول پورا علاقے سے ریلوے کی تقریباً ۲۸ایکڑ زمین سے تجاوزات ہٹایاجانا ہے، تجاوزات کی زد میں تقریباً ۴۳۵۶ گھر آرہے ہیں، اس تجاوزات سے تقریباً ۴۰ سے پچاس ہزار افراد متاثر ہوں گے۔ اس کارروائی کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کےلیے پولس اور انتظامیہ مسلسل میٹنگیں کررہی ہیں۔ سب سے پہلے ڈھولک بستی علاقے سے تجاوزات ہٹایاجائے گا۔ جمعہ کے دن ریلوے کی ٹیم نے پولس انتظامیہ کی موجودگی میں علاقہ کا ڈرون سے جائزہ لیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر