Latest News

مدرسہ فیض العلوم مرزاپور پول میں مجلس مناظرہ کا انعقاد، پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ انعامات سے سرفراز، مولانا شاہ عالم گورکھپوری کاخصوصی خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
مدرسہ فیض العلوم مرزاپور پول میں دارالحدیث ہال میں ”بیس رکعات تراویح“ کے عنوان پر ایک مجلس مناظرہ کاانعقاد کیاگیا، جس میں مدرسہ کے علیادرجات کے طلباء کے علاوہ اساتذہ اورعلاقہ کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اس دوران شرکاء مناظرہ طلبہ نے اپنی علمی لیاقت کا مظاہرہ کیا۔ 
مجلس مناظرہ کا آغاز طالب علم عبدالمالک کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، مجلس کی سرپرستی مولانامفتی سمیع الدین استاذ حدیث دارالعلوم وقف دیوبند نے کی، جبکہ مولانا شاہ عالم گورکھپوری نائب ناظم شعبہ تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند فیصل کے طور پر حکمِ مناظرہ رہے۔ مولانا عبدالخالق مظاہری نے مجلس ِمناظرہ کے قیام و کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ ہمارے مشفق ومربی مولانا سعید احمد نور اللہ مرقدہ سابق ناظم مدرسہ ہذا نے سالوں پہلے شعبہ مناظرہ کی ابتدا کر کے طلبا کو صحیح عقائد کے مطابق علمی معلومات کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرایا تھا، تاکہ طلباکوموجودہ اور آئندہ آنے والے فتنوں کے سدباب کے لئے تیار کیا جاتا رہے، جو کہ اپنے قیام سے اب تک تسلسل واہتمام کے ساتھ اپنے مقصد کی طرف رواں دواں ہے۔
علاوہ ازیں پروگرام میں 24 نومبرکوانڈیا اسلامک کلچرل سینٹر دہلی میں منعقد ہوئے کل ہند مسابقةالقرآن الکریم میں سوم پوزیشن لانے والے شعبہ تجویدوقرات کے طالب علم محمدعبیداللہ ابن حافظ محمد اسرار کا مہمانوں اورذمہ داران واساتذہ کے ہاتھوں دستار باندھ کراعزاز کیاگیا۔ واضح ہوکہ اس طالب علم نے آل انڈیامسابقہ میں پوزیشن لاکر اساتذہ ومدرسہ کی نیک نامی کاذریعہ بننے کے ساتھ منجانب انتظامیہ مسابقہ حرمین شریفین (عمرہ) کی زیارت کاشرف بھی حاصل کرے گا۔
مسابقہ پوزیشن لانے والے طالب علم اوراستاذ قاری محمداطہر کو قاری فیضان سرور مظاہری ناظم مدرسہ کے ہاتھوں بطور حوصلہ افزائی نقدانعام سے بھی نوازاگیا۔ 

اخیر میں مناظرہ کے حکم اور فیصل مولانا شاہ عالم گورکھپوری نے اپنے خطاب میں عقائد کو محفوظ رکھنے پر زور دیااور کہا کہ یہ طلباء ہمارے پاس امانت ہیں، ان کو کامیاب بنانے کے لیے قربانیاں دینا ان کو ہر فن میں ماہر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ناظم مدرسہ الحاج قاری فیضان سرورمظاہری نے مہمانوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے مناظرہ میں شریک ہونے والے تمام مساہمین کو نقد انعامات دے کر حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ یہ بچے اپنی زندگی کو سنوار کر ملت اسلامیہ کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے طلبا،اساتذہ کی محنتوں کوخوب سراہا۔
سرپرست ِمجلس کی قیمتی نصیحتوں ودعاءکے ساتھ مجلس کااختتام ہوا۔ مجلس میں بطور خاص مولانا محمد طیب قاسمی نگراں تعلیمات، مفتی محمد افضال، مولانا محمد برہان، مولانا محمد عارف، مفتی عبدالواجد، مولانا محمد عابد، مولانامحمد ساجد، مولاناشمشاد وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر