Latest News

اسمارٹ فون کا صحیح استعمال کریں؛ اسلامیہ ڈگری کالج میں اسمارٹ فون تقسیم پروگرام میں ایس ڈی ایم کا مشورہ۔

دیوبند:سمیر چودھری۔
اسلامیہ گروپ آف کالجز میں گریجویشن آخری سال کے طلبہ وطالبات کو حکومت یوپی کی جانب سے اسمارٹ فون تقسیم کیے گئے، کالج میں منعقد پروگرام میں ایس ڈی ایم سنجیو کمار نے طلبہ وطالبات کے درمیان یہ اسمارٹ فون تقسیم کئے اور انہیں ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تعلیمی میدان میں آگے بڑھ کر ملک کی ترقی میں تعاون کرنے کی نصیحت کی۔ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی ایم سنجیو کمار نے طلبہ وطالبات کو کامیابی کے راز بتائے اور اسمارٹ فون کا صحیح استعمال کرکے اپنے مستقبل کو سنوارنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ تکنیکی دنیا میں اچھی تعلیم حاصل کرنے کے لئے ان گیزٹس کی بہت اہمیت ہے، اس کا صحیح استعمال کریں؛ کیوں کہ اس سے ڈیجیٹل کرانتی کا آغاز ہوگا۔ کالج کے چیئرمین ڈاکٹر عظیم الحق نے کالج کے طلبہ وطالبات کو اسمارٹ فون کے لئے منتخب کرنے پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور صوبائی حکومت کا شکریہ اداکیا ۔انہوں نے بچوں کو اسمارٹ فون کے صحیح استعمال کا مشورہ دیتے ہوئے انہیں سائبر کرائم سے ہوشیار رہنے کی نصیحت کی۔ پرنسپل ڈاکٹر وکیل احمد نے کہاکہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے نوجوانوں کو تکنیکی طورپر اپگریڈ کرنے کے لئے یہ بڑی پہل کی ہے، اسمارٹ فون سے بچوں کو اچھی تعلیم کے ساتھ ساتھ بہتر روزگار کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔ علاوہ ازیں سماجی کارکن راجکشور گپتا، امتنان صدیقی اور انسپکٹر سراج الدین نے بھی طلبہ وطالبات کو اپنی قیمتی نصیحتوں سے نوازا۔ اس دوران طلبہ وطالبات کی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی اسکیموں کے متعلق معلومات دی گئی ،ساتھ انہیں اسمارٹ فون کے فوائد اور اس کے نقصانات کے بارے میں آگاہ کیاگیا۔ پروگرام کی نظامت خالدہ فاطمہ اور مزمل قمر نے مشترکہ طورپر کی۔ اس دوران کالج کا جملہ اسٹاف موجود رہا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر