Latest News

دیوبند سیٹ جنرل اور سہارنپور میئر سیٹ خواتین کے لئے ہوئی مختص، نگر پالیکاؤں کی ریزرویشن فہرست جاری ہونے پر امیدوار ہوئے خوش، ضرب تقسیم میں لگے۔

دیوبند:سمیر چودھری۔
 اترپردیش حکومت نے گزشتہ کل دیر شام نگرپالیکاﺅں کے میئر اور چیئرمین عہدے کی آخری ریزرویشن فہرست جاری کردی ہے، لکھنو، کانپور، گورکھپور، غازی آباد، وارانسی، بریلی، فیروزآباد اور شاہ جہاں پور نگر نگم اس مرتبہ جنرل کوٹے میں رکھے گئے ہیں، حکومت نے 17؍نگرنگموں کے ساتھ ہی کل 760؍ نگرپالیکاﺅں کے چیئرمین عہدے کی آخری ریزرویشن فہرست جاری کرتے ہوئے 7؍روز میں اعتراضات مانگے ہیں اور دو روز میں اعتراضات حل کے بعد 14؍دسمبر کو آخری نوٹیفیکشن جاری ہونے کی امید ہے۔ 

اس مرتبہ سہارنپور نگرنگم میئر سیٹ خاتون کے لئے ریزرو کی گئی ہے، جب کہ دیوبند نگر پالیکا چیئرمین عہدے کے لئے یہ سیٹ جنرل کوٹے میں چلی گئی ہے، اس سے پہلے یہ سیٹ بیک ورڈ کوٹے میں تھی۔ ریزرویشن فہرست آتے ہی امیدواروں میں گزشتہ شام خوشی کا ماحول پیدا ہوگیا، یہ سیٹ جنرل ہونے سے نگرپالیکا چیئرمین عہدے کے امیدوار خوش ہوگئے، نگرپالیکا انتخاب کی ریزرویشن فہرست کا انتظار کررہے لوگ گزشتہ دیر شام لکھنؤ سے فہرست جاری ہونے کے بعد اپنے امیدوار کی ہار اور جیت کے اعدادو شمار فٹ کرنے میں لگ گئے ہیں، وہیں امیدواروں نے بھی دیوبند نگرپالیکا چیئرمین عہدہ جنرل ہونے سے خوشی کا اظہار کیا ہے؛ کیوں کہ اب سبھی امیدوار اس انتخاب میں اپنی قسمت آزما سکتے ہیں؛ اس لئے اب سبھی کو الیکشن کے نوٹیفیکشن جاری ہونے کا انتظار ہے۔
دیوبند چیئرمین سیٹ جنرل ہونے کے بعد یہاں امیدوار خوش نظر آرہے ہیں؛ کیوں کہ پچھلی مرتبہ یہ سیٹ بیک ورڈ کے لئے مخصوص تھی جس کی وجہ سے بہت سے امیدواروں کو الیکشن لڑنے کا موقع نہیں ملا تھا؛ لیکن اس مرتبہ نگر پالیکا چیئرمین عہدے کے دعوے داروں کی فہرست کافی لمبی ہے جو جنرل سیٹ ہونے کی وجہ سے اور بڑی ہوگئی ہے۔ گزشتہ دیر شام جیسے ہی لکھنؤ سے فہرست جاری ہوئی یہاں امیدواروں کے دفاتر پرخوشی کا ماحول دیکھنے کو ملا، دیوبند میں سابق اسمبلی رکن معاویہ علی اور موجودہ چیئرمین ضیاءالدین انصاری کا خیمہ مضبوط سمجھاجاتا ہے وہیں بی جے پی بھی اس مرتبہ پوری طاقت کے ساتھ دیوبند نگر پالیکا کے چیئرمین کے انتخاب میں حصہ لے گی، حالاں کہ فی الحال دعوے داروں کی فہرست کافی لمبی ہے اور وقت سے پہلے کچھ نہیں کہا جاسکتاہے؛ کیوں کہ اس مرتبہ جہاں چیئرمین ضیاءالدین انصاری خود انتخاب نہ لڑکر اپنے بیٹے جمال الدین انصاری کو میدان میں اتار رہے ہیں۔ اُدھر سابق اسمبلی رکن معاویہ علی بھی پورے زور وشور سے تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس کے علاوہ بی جے پی کی جانب سے تاجر لیڈر منوج سنگھل، ڈاکٹر قمرالزماں قریشی، ونے کمار کاکا، راج کشور گپتا سمیت آدھا درجن اہم امیدوار ہیں، وہیں کانگریس بھی اپنا داﺅں چل رہی ہے اور وہ بھی یہاں پر اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی۔ اسی کے ساتھ ساتھ آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین سے بھی کئی دعوے دار سامنے آرہے ہیں، ان کے علاوہ کئی خواتین اور سماجی کارکن اس مرتبہ انتخابی میدان میں آنے کی تیاریوں میں ہے۔ 
واضح ہو کہ سہارنپور ضلع میں نگرنگم سمیت 12؍نگر پالیکاﺅں کے چیئرمین عہدے کی ریزرویشن فہرست کل دیر شام جاری ہوئی، نگرنگم سہارنپور میں میئر کا عہدہ خاتون کے لئے مخصوص کیاگیا ہے، گزشتہ انتخاب میں یہ سیٹ پسماندہ طبقے کے لئے ریزرو کی گئی تھی۔ ضلع سہارنپور کی 4؍نگرپالیکاﺅں میں سے نکوڑ اور سرساوہ نگرپالیکا چیئرمین عہدہ پسماندہ طبقے کے لئے ریزرو ہوا ہے۔ گنگوہ اور دیوبند نگرپالیکا چیئرمین کا عہدہ جنرل کوٹے میں آیا ہے،7؍نگرپنچایتوں میں سے چُھٹمل پور، نانوتہ، انبہٹہ، بہٹ، رام پور منہیاران میں چیئرمین عہدہ جنرل کوٹے میں رکھا گیا ہے۔ تیترو نگر پنچایت چیئرمین عہدہ پسماندہ خاتون اور چلکانہ نگر پنچایت چیئرمین کا عہدہ خاتون کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ فہرست آتے ہی چاروں طرف انتخاب کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ ریاستی سرکار نگرپالیکاﺅں کے وارڈوں کی آخری ریزرویشن کا نوٹیفیکشن 9؍یا 10؍دسمبر تک جاری کرکے الیکشن کمیشن کو سونپ دے گی۔ میئر اور چیئرمین عہدے کے ریزرویشن کی آخری فہرست 14؍دسمبر تک جاری ہوجائے گی، ایسے میں ریاستی الیکشن کمیشن دسمبر کے دوسرے ہفتہ میں انتخابات کی نوٹیفیکشن جاری کرسکتا ہے۔ 15جنوری تک نتائج کا اعلان ہوسکتا ہے، کچھ نگر پالیکاﺅں کی مدت جنوری کے پہلے ہفتہ میں ختم ہورہی ہے، ایسی صورت حال میں ان کے یہاں وقت پر انتخاب نہیں ہوپائیں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر