Latest News

نسل نو کی دینی تربیت سازی کو اپنی زندگی کا لازمی جزُبنائیں، نئی نسل کی دینی ذہن سازی کےلئے ’اسلامی نصاب‘ وقت کی اہم ترین ضرورت: ڈاکٹر سید فاروق۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ہمالیہ ڈرگ کے مینجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر سید فاروق نے فاضل دارالعلوم دیوبند مولانا سید راحت ہاشمی اور ڈاکٹر عبید اقبال عاصم کے مرتب کردہ ”اسلامی نصاب “کو وقت کی اہم ترین ضرورت اور نئی نسل کی دینی ذہن سازی کے لئے انتہائی مفید قرار دیا۔ اس مناسبت سے گزشتہ روز تسمیہ آل انڈیا ایجوکیشنل اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے مرکزی دفتر دہرہ دون میں منعقد خصوصی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر مولانا سید راحت ہاشمی شامل ہوئے۔ اس موقع پر مولانا سید راحت ہاشمی نے مرتب اسلامی نصاب کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ یہ نصاب ان ایام میں ترتیب دیا گیا تھا جب وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی میں تدریسی فرائض انجام دے رہے تھے۔ انہو ںنے کہا کہ بعد میں اس اسلامی نصاب کو احباب کے مشورہ پر عمل کرتے ہوئے اس انداز سے مرتب کیا گیا جس سے صرف عصری تعلیمی اداروں کے طلبہ ہی نہیں بلکہ دینی مدارس کے طلبہ بھی مستفید ہوسکیں ۔انہوں نے بتایا کہ سال 2005 میں اس نصاب کو فرید بک ڈپودہلی کی جانب سے نہایت اہتمام کے ساتھ شائع کیا گیا ۔مولانا راحت ہاشمی نے بتایا کہ جیسے ہی یہ نصاب عصری اور دینی تعلیمی اداروں میں پہنچا تو اللہ تعالیٰ نے اس کو مقبولیت سے نوازا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ نصاب کے متعدد ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔
الحمد للہ اس وقت یہ نصاب گجرات ،دہلی،پنجاب اور دیگر ریاستوں میں داخل نصاب کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس کے تین اجزاءایمانیات ،سیرت رسول اکرم اور خلفائے راشدین کی حیات وکارناموں پر مشتمل ہیں ۔مولانا موصوف نے کہا کہ اس نصاب کو مرتب کرنے میں ڈاکٹر عبید اقبال عاصم (اے ایم یو علیگڑھ)نے بھر پور تعاون کیا ۔مولانا سید راحت ہاشمی نے بتایا کہ اس وقت مذکورہ اسلامی نصاب کا ہندی زبان میں بھی ترجمہ شائع ہوچکا ہے جس کو عوامی حلقوں نے بہت زیاد ہ پسند کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں اس نصاب کا انگریزی ترجمہ بھی منظر عام پر آجائے گا۔
اس موقع پر تسمیہ آل انڈیا ایجوکیشن اینڈ سوشل ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر سید فاروق نے کہا کہ یہ نصاب وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔انہو ںنے کہا کہ موجودہ وقت میں نئی نسل کی دینی تربیت کو ہمیں اپنے زندگی کا لازمی جز بنا لینا چاہئے اور مذکورہ اسلامی نصاب سے اس سلسلہ میں استفادہ کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ اسلامی نصاب تمام دینی وعصری تعلیمی اداروں کے نصاب میں داخل کیا جانا چاہئے ۔ڈاکٹر سید فاروق نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مولانا راحت ہاشمی اور ان کے رفقاءنے حالات کے تقاضوں کے پیش نظر اس نصاب کا ہندی ترجمہ بھی کردیا ہے جس سے ملت کے تمام طبقات کو فائدہ پہنچے گا اور یہ مرتبین کے لئے ذخیرہ آخرت بھی ہوگا ۔اسلامی نصاب کے ہندی ایڈیشن کے ناشر فیصل مہدی،پروپرائٹر یونین پبلی کیشنز دیوبند کا بھی ڈاکٹر سید فاروق نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نصاب کے شائع کرنے کا مقصد تجارتی نہیں ہے بلکہ یہ جذبہ کار فرماں ہے کہ اس نصاب کے ذریعہ سے نونہالان قوم اپنے مذہب کی بنیادوں سے واقف ہوں۔ اس دوران ڈاکٹر فاروق نے مولانا راحت ہاشمی کو شال اوڑھاکر ان کا اعزاز کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر