Latest News

دیوبند- سہارنپور میں سال کا پہلا دن سب سے ٹھنڈا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
شمالی ہند میں اس وقت زبردست سردی پڑرہی ہے اور سردی کی شدت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سال کے پہلے دن یعنی یکم جنوری2023؍ کادن کافی ٹھنڈا رہا اور درجہ حرارت میں کافی گراوٹ درج کی گئی ہے ،وہیں تیز سرد ہواؤں نے موسم کو پوری طرح کپکپادینے والا بنا دیا، صورتحال یہ تھی کہ لوگ دن میں بھی سردی سے نبرد آزما رہے۔ اگلے 24 ؍گھنٹوں میں صبح کے وقت گھنی دھند کے بعد دوپہر کے وقت دھوپ نکلنے کا امکان محکمہ موسمیات نے ظاہر کیا ہے۔
ہفتہ کے بعد اتوار کی صبح بھی موسم میں گھنی دھند چھائی رہی۔ دوپہر 12 بجے تک آسمان پر چھائی دھند اور سردی کی لہر کے باعث سردی کا اثر پورے دن رہا،دوپہر بعد بھی دھوپ نہیں نکلی بلکہ سرد ہواؤں نے موسم کو مزید ٹھنڈا کردیا۔ سردی سے بچنے کے لیے لوگ دن بھر گرم کپڑوں میں لپٹے نظر آئے۔ لکڑیوں کے ساتھ ساتھ بہت سے لوگ کچرا جلا کر سردی سے بچنے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ درجہ حرارت کی بات کریں تو درجہ حرارت میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی۔ کم از کم درجہ حرارت پانچ ڈگری سیلسیس درج کیاگیاجبکہ زیادہ سے زیادہ دس ڈگری تک ہی پہنچ پایا۔ 
جس کی وجہ سے لوگوں کو سردی سے راحت نہیں مل رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دودنوں تک بھی شدید سردی اور کہرا کا اثر دن بھر رہے گاحالانکہ امکان ہے کہ دوپہر کے وقت کچھ وقفہ کے لئے دھوپ نکل سکتی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر