Latest News

جمعیۃ کے اجلاس ملک و ملت کی رہنمائی کی ذمہ داری ادا کرتے ہیں، دیوبند میں منعقد چونتیسویں اجلاس کی مشاورتی میٹنگ میں مولانا حکیم الدین قاسمی کا خطاب، یوتھ کلب کے گولڈ میڈل یافتگان کو اعزاز سے نوازا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
آئندہ 12 فروری کو دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ہونے والے جمعیۃ علماءہند کے اجلاس عام کے سلسلہ میں جمعیۃ علماءکی تحصیل دیوبند اکائی کی ایک مشاورتی نشست کااہتمام آج یہاں شیخ الہند ہال میں کیاگیا، جس میں جمعیۃ علماءہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے شرکت کی اور اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس دوران نیشنل جمبوری میں میڈل یافتہ اسکاوٹ گائیڈ کے بچوں کو اعزاز دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ 

نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماءہند کے ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی نے جمعیۃ علماءہند کے چونتیسویں اجلاس کے اغراض ومقاصدپر تفصیلی روشنی ڈالتے کہا کہ ملک وملت کے سامنے ہمیشہ ایسے مسائل رہے ہیں جن پر اجتماعی غور و فکر کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ ایک مستحکم او رپائیدار لائحہ عمل طے کر کے آگے بڑھا جائے۔ موجودہ وقت میں ملت کے سامنے بہت سارے چیلنجز ہیں، جن کا ہوش مندی سے حل نکالنا ضروری ہے، لیکن مایوس اور بہت زیادہ فکر مندہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جمعیۃ علماءہند اپنی تاریخ اور روایات کے مطابق ۱۰، ۱۱، ۱۲، فروری کو رام لیلا میدان نئی دہلی میں اجلاس عام کررہی ہے۔ آئینی کمیٹیوں کے اجلاس کے بعد اجلاس عام 12 فروری بروز اتوار صبح نو بجے رام لیلا میدان میں شروع ہوگا۔ انھوں نے نیشنل جمبوری میں جمعیة یوتھ کلب کی کامیابیوں کا خاص طور سے تذکرہ کیا۔ اس موقع پر مولانا نے عوام کو اجلاس کی اہمیت سے روشناس کرانے کے لئے عوامی رابطہ سازی کی ضرورت پر زورد یا۔ 
مہمان خصوصی مولانا احمد عبداللہ قاسمی نے کہاکہ جمعیۃ کے اجلاس ملک و ملت کی رہ نمائی کی ذمہ داری ادا کرنے کے لیے منعقد کیے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی اس کے ذریعہ ملک کے باشعور اور ذمہ دار حضرات کو اپنی فکر و منہج کے اجتماعی اظہار اور مستقبل کے لائحہ عمل کی تیاری کا موقع ملتا ہے۔ 
جمعیۃ علماءہند کے ضلع جنرل سکریٹری سید ذہین احمد نے اجلاس کی اہمیت وا فادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ذمہ داران کے سامنے دیوبند تحصیل کی تیاریوں کا خاکہ پیش کیا اور بتایاکہ انشاءاللہ دیوبند تحصیل سے اجلاس میں پچاس بسوں کے ذریعہ شہر اور دیہات سے لوگ شرکت کرینگے۔ آخر میں صدارت کررہے ضلع صدر مولانا ظہور احمد قاسمی نے جمعیۃ علماءہند کی زریں خدمات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ جمعیۃ علماءہند نے ہمیشہ حق و انصاف کی آواز بلند کی، جب جب بھی ملک و ملت کو ضرورت ہوئی جمعیۃ علماءہند اپنا فرض نبھانے کے لئے آگے آئی، آج ملک میں جس طرح سے نفرت کا ماحول بنایا جارہاہے اس کے مدنظر اس اجلاس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے اسلئے ہمیں بڑھ چڑھ اجلاس کی کامیابی کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔

اس دوران مولانا حکیم الدین قاسمی، مولانا ظہور احمد قاسمی اور سید ذہین احمد نے راجستھا میں حال میں منعقدہوئے اسکاوٹ اینڈ گائیڈ کے نیشنل سطح کے اجتماعی میں گولڈ میڈل جیتنے والے جمعیۃ یوتھ کلب ضلع سہارنپور کے پانچوں بچوں کو اعزاز دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ صدارت مولانا ظہور احمد قاسمی اور نظامت کے فرائض ضلع سکریٹری مولانا ابراہیم قاسمی نے انجام دیئے۔ اس دوران پردھان عبدالمنان، چودھری صادق، راو جاوید احمد، قاری نوشاد، مولانا قاسم، مولانا عبدالمنان، قاری ایوب اور عبدالحسیب پپو سمیت تحصیل کے دیگر کارکنان و عہدیدان موجودرہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر