Latest News

دیوبند میں نہایت جوش و خروش سے منایا گیا یوم جمہوریہ، دارالعلوم سمیت تعلیمی اداروں میں کی گئی پرچم کشائی، آئین اس ملک کی جمہوریت کی روح ہے۔

دیوبند: دیوبند میں 74واں یوم جمہوریہ نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا، یہاں کے دینی و عصری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ سماجی و سیاسی اور سرکاری دفاتر میں پرچم کشائی کرکے جشن جمہوریہ منایا گیا۔
جمعرات کے روز ملک بھر میں 74واں یوم جمہوریہ منایا گیا، اسی مناسبت سے عالمی اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند میں مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اعظمی منزل کے احاطے میں پرچم کشائی کی، اس کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کے صدر گیٹ پر بھی ترنگا لہرایا گیا، اس دوران طلباء کو یوم جمہوریہ کی اہمیت و افادیت سے روشناس کرایا گیا، اس کے علاوہ دارالعلوم وقف دیوبند میں ادارے کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی، اسٹیٹ ہائی وے پر واقع دارالعلوم زکریا دیوبند میں رئیس الجامعہ مولانا مفتی شریف خان قاسمی، جامعۃ الشیخ میں ادارے کے سربراہ مولانا مزمل علی قاسمی، جامعہ قاسمیہ دارالتعلیم الصنعہ میں مہتمم مولانا محمد ابراہیم قاسم نے پرچم کشائی کی اور ملک کی آزادی میں علمائے دیوبند کے کردار کو بیان کیا اور کہا کہ آئین اس ملک کی جمہوریت کی روح ہے اور آئین سازی میں بھی علماءکرام کا زریں تعاون شامل ہے۔
اس کے علاوہ جامعہ امام محمد انور شاہ، مدرسہ اصغریہ، جامعۃ القدسیات، جامعہ طبیہ دیوبند میں بھی پرچم کشائی کی گئی، وہیں مسلم فنڈ دیوبند کے ذیلی ادارے مدنی ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ اور پبلک گرلز انٹر کالج میں ادارے کے مینیجر سہیل صدیقی نے پرچم کشائی کی۔ نواز گرلز پبلک اسکول میں ادارے کے بانی و سرپرست اور عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے پرچم کشائی کی۔ اس دوران سبھی مقررین نے طلباء و طالبات کو یوم جمہوریہ کی اہمیت بتائی۔ اس کے علاوہ اسپرنگ ڈیل پبلک اسکول، اسلامیہ ڈگری کالج، اسلامیہ انٹرکالج کے علاوہ نگر پالیکا، تحصیل، بلاک اور ایس ڈی ایم کے دفاتر میں افسروں نے پرچم کشائی کی۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر