Latest News

تیسرے دن بھی بی ایس پی ایم پی حاجی فضل الرحمن کے گھر انکم ٹیکس کا چھاپہ جاری۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
سہارنپور سے بی ایس پی کے رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن کے یہاں محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری جاری ہے،آج تیسرے دن بھی ان کی رہائش گاہوں،دفاتر اور فیکٹریوں پر چھاپہ ماری کی جارہی ہے،حالانکہ انکم ٹیکس محکمہ یا حاجی فضل الرحمن کی جانب سے ابھی تک میڈیا کو باضابطہ طور پر اس سلسلہ میں کوئی معلومات نہیں دی گئی ہے۔
تین دن سے دہلی اور دہرادون سے آئی محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیموں نے حاجی فضل الرحمن کی تین رہائش گاہوں، دفتر اور فیکٹری میں ڈیرے ڈال رکھاہے۔ اس دوران رکن پارلیمنٹ سمیت خاندان کے تمام افراد اور ملازمین کو گھروں، دفاتر اور فیکٹریوں سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ واضح رہے حاجی فضل الرحمن گوشت اور ریت بجری کی تجارت سے وابستہ ہیں اور منگل کے روز سے ان کے یہاں انکم ٹیکس کی ٹیمیں چھاپے ماررہی ہیں، ان کے تین گھروں، ہروڑہ میں واقع دفتر اور گوشت کی فیکٹری و اسٹون کریشر پر چھاپے مارے۔ آئی ٹی بی پی کے جوانوں نے لنک روڈ پر واقع بی ایس پی ایم پی کے دونوں مکانات، دفتر اور ڈھولی کھال میں پرانی رہائش گاہ کو گھیرے میں لے رکھا۔ انکم ٹیکس افسران گھروں کے اندر مسلسل جانچ میں مصروف ہیں۔ خاندان کے کسی بھی فرد کو باہر نکلنے کی اجازت نہیںدی جارہی ہے۔ ٹیم کی تمام گاڑیاں ایم پی کے گھر کے سامنے دفتر میں کھڑی ہیں۔
دوسری جانب ہروڑہ میں واقع اے ایل ایم میٹ فیکٹری میں بھی تحقیقات جاری ہیں۔ فیکٹری میں کام کرنے والے مزدوروں کو منگل کی دیر رات فیکٹری سے باہر جانے کی اجازت دی گئی۔ دیر رات تک جاری رہنے والی جانچ کے بعد ٹیم صبح دوبارہ تحقیقات میں مصروف ہوگئی۔ اس دوران کسی کو بھی فیکٹری کے اندر یا باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر