Latest News

بی جے پی انتخابات کیلئے تیّار، اپوزیشن میں انتشار۔

ڈاکٹر: شاہد زبیری۔
شمال مشرقی ریاستوں میں سے ایک تریپورہ کے اسمبلی انتخابات کاقومی الیکشن کمیشن نے آج نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے ۔2023میں شمال مشرق کی تین ریاستوں سمیت 9ریاستوں میں انتخابات ہو نے ہیں ان انتخابا ت کو 2024کے پارلیمانی انتخابات کا سیمی فائنل مانا جارہا ہے جس کیلئے بی جے پی پوری طرح تیار دکھائی دیتی ہے جب کہ اپوزیشن جماعتیں حسبِ عادت انتشار کا شکار ہیں اور کسی بھی اپوزیشن جماعت میں انتخابات کو لیکر کوئی ہل چل نظر نہیں آرہی ہے سوائے راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے اور آئندہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو نام سے اگلی یاترا کے اعلان کے ۔بی جے پی کے بارے میں عام تصوّر یہ بن چکا ہے کہ بی جے پی ہر وقت انتخابی موڈ میں رہتی ہے اس کے لیڈر اور اس کے کارکن متحرک رہتے ہیںاور ایک انتخاب ختم نہیں ہوتا دوسرے کی تیّاری میں وہ جی جان سے جُٹ جا تے ہیں۔
اس تناظر میں دہلی میں دوروزہ بی جے پی کے ایگزیکیٹوکمیٹی کے دو روزہ اجلاس میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا یہ بیان بڑی اہمیت رکھتا ہے جس میں انہوں نے پارٹی لیڈران اور کارکنان کو نصیحت کی کہ پارٹی کے پاس 2024کے پارلیمانی انتخابات کیلئے صرف 400دن بچے ہیں وزیرِ اعظم نے یہاں ماہ و سال کا نہیں دنوں کا حساب بتا کر جو پیغام دیا ہے اس سے بی جے پی کیلئے اور خود وزیرِ اعظم نریندر مودی کیلئے 2024کا پارلیمانی انتخاب کتنی اہمیت رکھتا ہے اس کا اندا زہ ہوتا ہے ۔اسی کے ساتھ پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈّا کی مدّتِ کار میں دو سال کی توسیع بھی کر دی ہے ۔اس سے ظاہر ہیکہ بی جے پی ریاستوں کے ساتھ مرکز کے انتخابات کیلئے کوئی کور کسر چھوڑنا نہیں چاہتی۔
 پارٹی ایگزیکیٹو کے دو روزہ اجلاس میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے جہاں ویمینس امپارومینٹ ،بیٹی بچاﺅ بیٹی پڑھاﺅ اور دھرتی بچاﺅ جیسے پروگراموں پر زور دیا انہوں لیڈروں اور کارکنوں کو یہ بھی ہدا یت کی کہ وہ سماج کے تمام مذہبی طبقات اور ذات برادری کے لوگوں سے سیدھا تعلق قائم کریں خاص بات یہ بھی ہیکہ وزیرِ اعظم نے اسی کے تحت بوہرہ مسلمانوں اور پسماندہ مسلمانوں اور تعلیم یافتہ مسلمانوں سے جُڑ نے پر بھی خاص طور پر زور دیا ہے اور یہ بھی نصیحت کی کہ وہ مسلمانوں کو لیکر اور فلموں کو لیکر طعن و تشنیع سے پر ہیز کریں ۔وزیرِ اعظم کی ان باتوں کو آپ چاہیں گجرات فسادات پر بننے والی بی بی سی کی ڈاکیومینٹری فلم کے تناظر میں عالمی دباﺅ کا نتیجہ مانیں یا مسلمانوں کی ووٹ کی سیاسی قوت کو پارہ پارہ کئے جا نے کی کوششوں کا حصّہ سمجھیں یا وزیرِ اعظم کی انتخابی حکمتِ عملی کا حصّہ ،کیا ہی اچھا ہوتا اگر وزیراعظم اپنی سرکاری مشینری کو بھی ہدایت کرتے کہ وہ ان عناصر کیخلاف بھی قانو نی شکنجہ کسیں جو ملک کی ایک بڑی اقلیت یا دوسری اکثریت کیخلاف اشتعال انگیزی کرتے ہیں لیکن وزیرِ اعظم نے ایسا کوئی ادنیٰ سا اشارہ بھی نہیں دیا ۔وزیرِ اعظم کی بھی سیاسی مجبو ریا ں ہیں اورہماری بھی ناسمجھی ہے کہ ہم وزیرِ اعظم سے ایسی توقعات رکھتے ہیں ،ہر چند کہ پہلے وزیرِ اعظم جواہر لال نہرو کے بعد آج کے ہمارے وزیرِ اعظم ہر لحاظ سے جتنے طاقت ور ہیں اوراکثریتی طبقہ میں مقبول ہیں یہ حیثیت کسی اور وزیرِ اعظم کو حاصل نہیںر ہی ۔اتنا ہی نہیں وزیرِ اعظم نریندر مودی آج جس مقام پر ہیں اس کے آگے بی جے پی بونی نظر آنے لگی ہے اس کا احساس بی جے پی کے ہرچھوٹے بڑے لیڈر اور ہر کارکن کو او پر سے نیچے تک ہے سنگھ پریوار بھی اس حقیقت سے آنکھیں نہیں چرا سکتا ۔اس لحاظ سے دیکھا جا ئے تو ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات ہوں یا پارلیمانی انتخابات بی جے پی اور سنگھ کی مجبوری ہے کہ وہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کے چہرہ کو سامنے رکھے بغیر ان انتخابات میں کامیاب نہیں ہو سکتی ۔اپوزیشن کی کسی بھی جماعت کے پاس آج ایسا کوئی چہرہ نہیں جس کو سامنے رکھ کر وہ انتخابات کے اکھاڑے میں اتر سکے ۔ کسی شخصیت کو تو چھوڑئے اپوزیشن جماعتیں او بی سی ،ایس سی /ایس ٹی اور دگر چھوٹے چھوٹے طبقاتی گروہوں کو بھی اپنے پالے میں نہیں رکھ پائیں جو بی جے پی چھتر چھایا میں چلے گئے ہیں۔ دور کیوں جائیں کیجریوال کے گڑھ دہلی میں ایگزیکیٹو کمیٹی کے اجلاس کے موقعہ پر وزیرِ اعظم نریندر مودی کے روڈ شو میں جو بھیڑ امڈی اس سے آنکھیں نہیں چرائی جا کتی ہیں آپ کہ سکتے ہیں کہ وزیرِ اعظم کا یہ روڈ شو راہل کی بھارت جوڑو یاترا کا جواب دینے کی کوشش تھی ۔
حقیقت یہ ہیکہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی نظر انتخابات کے وقت چھو ٹی سے چھوٹی بات پر رہتی ہے وہ اس موقعہ پر بھی پارٹی لیڈروں اور کارکنوں کو یہ بتانا نہیں بھولے کہ گذشتہ انتخابات میں جن بوتھوں پر پارٹی کمزور ثابت ہوئی ہے ان کو مضبوط کیا جا ئے ایسے 72,000بوتھوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے یہ اس لئے بھی ضروری تھا کہ ہماچل پردیش کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو شکست سے دو چار ہو نا پڑا ہے جسکا زخم تازہ ہے ،مدھیہ پردیش میں بھی شیو راج چوہان کی سرکار جوڑ توڑ سے بنی تھی جہاں اب انتخابات ہو نے والے ہیں ،گووا میں بھی ایسا ہی کچھ ہوا تھا ۔ یقیناًً ایسی ریاستوں میں بی جے پی کی راہ آسان نہیں ہے ،کرناٹک اور کیرل کے علاوہ چتھیس گڑھ اور راجھستان میں بھی اس کو پاپڑ بیلنے پڑسکتے ہیں لیکن اس کیلئے خوش کن بات یہ ہیکہ اپوزیشن جماعتیں انتشار کا شکار ہیں جن کے اتحاد کے امکانات دور دور تک دکھائی نہیں دے رہے ہیں گو کہ تلنگانہ کے وزیرِ اعلیٰ اور حکمراں جماعت بھارت راشتڑ سمیتی (بی آر ایس ) کے قائد چندر شیکھر راﺅ نے اپوزیشن کو یکجا کرنے کیلئے پہل کی ہے لیکن اس میں ان کو کوئی خاص کامیابی نہیں ملی ان کی دعوت پر دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اور آپ پارٹی کے چیف اروند کیجریوال ،پنجاب آپ پارٹی کی سرکار کے وزیرِ اعلیٰ بھگونت مان اور کیرل کے وزیرِ اعلیٰ پنر ای ور جین کے علاوہ یو پی کے سابق وزیرِ اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے قائد اکھلیش سنگھ یادو کے علاوہ کوئی اور بڑا نام ایسا نہیں ہے جو اس میں شامل رہا ہو حتیٰ کہ بنگال کی وزیرِ اعلیٰ ممتا بنری جی نے بھی شرکت کی نہیں حالا ں کہ ممتا بنر جی نے ہی گزشتہ سال اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کا پہلا ڈول ڈال تھا اور کانگریس کو چھوڑ کر انہوں نے اپوزیشن کی سب جماعتوں کے قائدین کے دروازہ پر دستک دی تھی لیکن اپوزیشن اتحاد کی یہ بیل منڈھے نہیں چڑھی تھی اب بھی ایسا ہی کچھ نظارہ ہے اور اپوزیشن اتحاد کا کوئی امکان دور دور تک نظر نہیں آتا ۔یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہیکہ اپوزیشن جماعتوں میں کانگریس کو چھوڑ کر کسی پارٹی کا نہ تو ملک بھر میں کوئی تنظیمی ڈھانچہ ہے اور نہ ہی ایک سے زاید صوبوں میںکسی کی سرکار ہے گئی گذری حالت میں بھی کانگریس آج بھی تین ریاستوں راجھستان ،چھتیس گڑھ اور ہماچل پر دیش میں کانگریس بر سرِ اقتدار ہے اور اس وقت ملک کا جو منظر نامہ سامنے ہے اس سے سے یہی لگتا ہے کہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کا اگر کسی اپو زیشن جماعت سے مقابلہ راست طور پر ہو گا تو وہ کانگریس ہی ہے لیکن نہ جا نے اپوزیشن اتحاد کی بات کر نے والی جماعتوں اور ان کے لیڈروں کو یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ کانگریس کے بغیر اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کار گر نہیں ہو سکتا ۔ کانگریس اپوزیشن جماعتوں میں تنہا ایسی جماعت ہے جو اس وقت سڑکوں پر ہے اور بھارت جوڑو یاترا کے بعد اس نے ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کا بھی اعلان کیا ہے عوام میں بھارت جوڑو یاترا کو خلاف توقع جو کامیابی ملی ہے اس سے امید کی کرن پھوٹی ہے ۔اگر کانگریس اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کی پہل کرے اور اپوزیشن جماعتیں اپنے محدود مفادات کی بجا ئے ملک کے وسیع تر مفادات میں انتخابی اتحاد نہ سہی انتخابی تال میل ہی کر لیں تو اچھے نتائج کی توقع کیجا سکتی ہے ورنہ دگر صورتوں میں 2024کے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل نہیں کیا جا سکتا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر