Latest News

روزمائن ٹرسٹ اور منت فاونڈیشن نے سوپول کے ایک ہزاربچوں کو گود لیکر اعلی تعلیم دلانے کا عہد لیا، سوپول کے گاندھی میدان میں عظیم الشان تعلیمی کانفرنس منعقد، ہزاروں طلباء کے ساتھ معزز ین کی شرکت۔

سوپول: روزمائن ایجوکیشنل اینڈ چیریٹیبل ٹرسٹ اور منت فاونڈیشن کے مشترکہ تعاون سے ضلع سوپول کے گاندھی میدان میں گزشتہ روزایک عظیم الشان تعلیمی کانفرنس کا اہتمام گیا جس میں ہزاروں کی تعدا د میں طلباء و طالبات اور تعلیمی میدان سے وابستہ اساتذہ، گارجین اور مختلف اسکولوں کے ذمہ داران سمیت کئی مشہور سیاسی و سماجی شخصیات اور ملک کے مختلف یونیورسیٹوں کے ڈائریکٹر و چیرمین صاحبان موجود رہے۔
اس موقع پر اپنے صدارتی خطاب میں منت فاونڈیشن کے سرپرست حاجی محمد احسان الحق نے کہاکہ روزمائن ٹرسٹ کے تعاون سے ہم نے ضلع سوپول کے ایک ہزار ایسے بچے جو اعلی تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں لیکن تعلیمی فیس دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں انہیں گود لیکر پڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ تاریخی پروگرام ضلع سوپول کے بچوں کی تصویر اور تقدیربدلنے کیلئے معاون اور مددگار ثابت ہوگا، انہیں نے کہاکہ سوپول جیسے علاقے کی پہنچان سیلاب اور غربت سے ہوتی ہے لیکن ہم سب کی خواہش ہے کہ تعلیم کی بنیاد پر اس علاقے کی پوری دنیا میں نئی شناخت قائم ہواور تعلیم یافتہ علاقہ ہونے کی حیثیت سے ہمارا یہ ضلع جانا اور پہچانا جائے۔روزمائن ٹرسٹ کے چیرمین جناب اویس عنبر نے کہاکہ ہمارا بنیادی مقصد ملک کی تعلیمی بدحالی کاخاتمہ کرکے نوجوانوں کو اعلی تعلیم سے آراستہ کرتے ہوئے انہیں روزگار سے جوڑنا ہے، ہم نے یہ منصوبہ سابق صدرجمہوریہ ہند ڈاکٹر اے پی جے ابوالکلام صاحب سے جب ذکر کیاتو انہوں نے نہ صرف مجھے ایوارڈ سے نوازا بلکہ ہمارے مشن کو ایک نئی جہت دی اور آج گزشتہ چودہ سالوں میں ہم نے جو بچوں کو پڑھانے کا کام کیا ہے وہ میرے مشن اور مقصد بیان کرنے کیلئے کافی ہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے جب تک ہم اعلی تعلیم حاصل نہیں کریں گے تب تک نہ ہم ترقی کرسکتے اور نہ ہی ہمارا دیش ترقی کی راہ پر آسکتا ہے۔راشٹریہ جنتادل کے سرگرم لیڈر اور رکن قانون ساز کونسل قاری صہیب صاحب نے کہاکہ آج اس تعلیمی پروگرام میں شریک ہوکر بیحد خوشی محسوس ہورہی ہے جب ہمارے ملک میں تعلیم کو دن بدن مہنگا کیا جارہا ہے روزمائن اور منت فاونڈیشن مل کر ایک ہزار بچوں کو گود لیکر پڑھانے کا جو عہد لیا ہے وہ یقینا ایک عظیم کارنامہ ہے جس کی جتنی ستائش کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اگر خوشحالی چاہتے ہیں تو ہر حال میں اعلی تعلیم حاصل کرنا ہوگا اور تعلیم کے ساتھ تربیت کا بھی خیال رکھنا ہوگا انہوں نے کئی احادیث کا ذکر کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت اور افادیت پرزور دیا۔کوسی کمشنری کے ایم ایل سی ڈاکٹر اجے کمار سنگھ نے بہت خوبصورت انداز میں تعلیمی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ تمام کامیابی کی کنجی تعلیم ہے جب تک ہم تعلیم یافتہ نہیں ہوں گے مہذب سماج اور خوشحال معاشرہ کا تصور ممکن نہیں ہے۔سمری بختیار پور کے رکن اسمبلی یوسف صلاح الدین نے کہاکہ سوپول سے قبل ہم نے سمری بختیارپور میں روزمائن کا پروگرام کرایا تھا، دوہزار سے زائد بچے اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں، ہر انسا ن کو زندگی میں کم از کم ایک مرتبہ آگے بڑھنے کا موقع ضرور ملتا ہے اس لئے سوپول کے تمام ایسے بچے جو اس مشن سے جڑ نا چاہتے ہیں وہ زیادہ سے فارم بھریں اور اپنے مستقبل کو روشن اور تابناک بنائیں۔
تعلیمی کانفرنس کی صدارت حاجی احسان الحق اور نظامت وژن انٹرنیشنل اسکول سہرسہ کے ڈائریکٹر شاہنواز بدر قاسمی نے کی، اس موقع پر منت فاونڈیشن کے چیرمین محمد جمال الدین، راجد سے کئی مربتہ ایم ایل اے رہے سینئر لیڈر یدوبنش یادو اور مختلف یونیورسیٹوں سے تشریف لائے مہمانوں نے اظہار خیال کیا۔اس موقع پر مہمانوں کو میڈل، شال اور سرٹیفیکٹ سے نوازا گیا۔پروگرام میں سوپول ضلع کے گاؤں گاؤں سے بڑی تعداد میں بلاتفریق لوگوں نے شرکت کی، اپنی نوعیت کے اس منفرد اور مثالی تعلیمی اجلاس کے انعقاد پر حاضرین نے منت فاونڈیشن اور روزمائن ٹرسٹ کا شکریہ ادا کیااور وعدہ لیا کہ ہم اس تعلیمی پیغام اور مشن کو ضلع کے ہر گھر گھر تک پہچانے کا کام کریں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر