Latest News

طلبہ قرآنی تعلیمات پر عمل کرکے اخلاق حسنہ کا مثالی کردار پیش کریں، ’انجمن تزئین القرآن‘ دارالعلوم دیوبند کے سالانہ اجلاس میں مفتی خورشید انور گیاوی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
ام المدارس دارالعلوم دیوبند کے طلبہ کی انجمن ’تزئین القرآن‘ کا سالانہ اختتامی اجلاس گزشتہ شب شعبہ تجویدوقرآت کی درسگاہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا مفتی محمدخورشید انورگیاوی استاذ دارالعلوم دیوبند نے کی۔ پروگرام کا آغاز طالب علم قاری محمدجنید دہلوی کی تلاوت اور محمد شاہ زیب گنگوہی کی نعت پاک سے ہوا۔ اس کے بعد طلبہ نے قرآن کریم کی تلاوت اور نعت شریف کے نذرانے پیش کئے۔ 
اس موقع پر مولانامفتی محمدخورشید انور گیاوی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کے لئے خوش نصیبی کی بات ہے کہ اللہ پاک نے آپ کو قرآن کریم کی دولت سے نوازا ہے ،اس کے بعد اللہ کے اس مقدس کلام کو درست اور خوبصورت لہجوں میں تجوید کی رعایت کرتے ہوئے پڑھنے کا اعزاز بخشا ہے، مزید یہ کہ دارالعلوم دیوبند جیسے عالمی ادارہ میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع عنایت فرمایا ہے، جو یقینا آپ سب کے لئے فخر کی بات ہے، اس لئے آپ کو چاہئے کہ اس کی قدر کریں اور اپنے اساتذہ کا ادب و احترام کریں۔ انہوں نے دارالعلوم دیوبند کے شعبہ تجویدوقرآت کے استاذ مولانا قاری محمد جمشید کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ یہ استاذالاساتذہ ہیں، کیونکہ آج دارالعلوم کے بہت سے اساتذہ ان کے شاگرد ہیں، اس لئے آپ سب ان سے جس قدر ہوسکے استفادہ کریں۔ انہوں نے طلبہ کو وقت کی قدر کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس وقت کی قدر کرنی چاہئے اور لایعنی مشاغل سے کلی اجتناب کرکے اپنا مکمل وقت تعلیم پر صرف کرناچاہئے، انہوں نے کہاکہ موجودہ پر فتن دور میں اسلامی تعلیمات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ انسانیت کا جو درس مذہب اسلام نے پیش کیا ہے، دنیا کے کسی مذہب میں اسکی نظیر نہیں ملتی ہے،اسلئے طلبہ قرآن تعلیمات پر عمل کریں اور اس کے مطابق زندگی گزار کر اخلاق حسنہ کا مثالی کردار پیش کریں۔
پروگرم کی نظامت کے فرائض قاری محمد ابوبکر نے بحسن و خوبی انجام دئیے ہیں۔ اس دوران خصوصی طورپر مولانا قاری محمد جمشید، قاری محمدیوسف، مولانا محمد جرار کے علاوہ دیگر مہمانان کرام اور کثیر تعداد میں طلبہ دارالعلوم موجود رہے۔ صدرمحترم مفتی محمد خورشید گیاوی کی دعاءپر پروگرام کا اختتام ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر