Latest News

اسلامی اصولوں کے مطابق کی جانے والی تجارت دونوں جہاں میں نفع بخش، ہاشمی ملٹی اسٹور دیوبند کے افتتاح کے موقع پر مولانا قاری واصف عثمانی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
محلہ ابوالمعالی میں واقع ہاشمی ملٹی اسٹور کا افتتاح علماء کے ہاتھوں عمل میں آیا، اس دوران علماءکرام نے قرآن و حدیث کی روشنی میں تجارت اور معاملات کی پاکیزگی پر روشنی ڈالی۔
دارالعلوم وقف کے استاذ مولاناقاری واصف عثمانی نے کہا کہ تجارت کسب معاش کا بہترین طریقہ ہے، اگر جائز اور شرعی اصول کے مطابق کام کیا جائے تو دنیوی اعتبارسے یہ نفع بخش اور اخروی اعتبار سے اجروثواب کا موجب ہے، تجارت اگرچہ دنیاکے حصول اور مالی منفعت کے لیے کی جاتی ہے، تاہم اگر اسے اسلامی اصول کی روشنی میں کیاجائے تو ایسی تجارت کی بڑی فضیلت آئی ہے اور ایسے افراد کو انبیاءوصلحاءکی معیت کی خو شخبری دی گئی ہے۔ قاری واصف نے کہا کہ کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ سچائی اختیار کیجیے،جھوٹ بولنے اورجھوٹی قسمیں کھاکر جو لوگ اپنی تجارت کو فروغ دیتے ہیں، وقتی طور پرا گرچہ نفع معلوم ہوتا ہے، مگر درحقیقت ایسی کمائی اور ایسی تجارت سے برکت اٹھالی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مال کا عیب چھپانے اور خریدار کو فریب دینے سے پر ہیز کیجیے، کاروبارمیں ہمیشہ دیانت وامانت اختیار کیجیے، مال اچھا ہے تواچھا بتائے اورخراب ہے تو اس کی بھی وضاحت کر دیجیے، کبھی کسی کو خراب مال دے کریا مجبوری کے وقت عرف وعادت سے زیادہ نفع لے کر اپنی حلال کمائی کو حرام نہ بنائے۔ خریداروں کے ساتھ ہمیشہ نرمی کا معاملہ کیجیے، اچھے اخلاق، اچھی زبان اورمیٹھے الفاظ کے ذریعہ خریداروں کو اعتماد میں لیا جاسکتا ہے، کاروبار کرنے والے پر لازم ہے کہ وہ ان کے ساتھ خیر خواہی کریں، کم سے کم نفع پر مال دے کر اچھے اخلاق کا ثبوت دیں، ان کو کبھی دھوکہ نہ دیں، اگر کبھی وہ آپ سے ادھار مانگیں تو اپنی گنجائش کے مطابق انھیں مایوس نہ کیجیے اور ادھار دینے کے بعد مطالبہ کے وقت سخت لب و لہجہ استعمال نہ کیجیے۔ 
اس موقع پر قاری فرید حسن، مفتی وقاص ہاشمی، ڈاکٹر عاطف ہاشمی، ماسٹر جاوید، نصر الٰہی، ذاکر، ظفر، ربیع ہاشمی، ڈاکٹر نعمان، ڈاکٹر احسان خاں، حارث عثمانی، راج بیر، عارف عثمانی، قاری راشد قیصر، رضوان سلمانی وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر