Latest News

وراثت میں بیٹیوں کو ان کا حصہ دیں، جمعیۃ علماء کے تحت منعقد جلسہ اصلاح معاشرہ میں سماجی برائیوں کے خاتمہ کی اپیل۔

مظفر نگر: سمیر چودھری۔
جمعیۃ علماء کی جانب سے چلائی جارہی سماجی اصلاحی مہم کے تحت گاؤں غالب پور میں اصلاحی جلسہ کا انعقاد کرکے معاشرے میں پھیلی برائیوں کو ختم کرنے کی اپیل کی گئی۔ اس دوران مفتی مجیب ندوی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر مفتی عبدالقادر قاسمی نے بتایا کہ یہ مہم جمعیۃ کی جانب سے ملک بھر میں چلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برائیوں کا خاتمہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور اسلامی تعلیم کا بنیادی مقصد انسانی معاشرہ کی اصلاح کرنا ہے اور اس طرح اصلاح کرنا ہے کہ دنیا میں تمام انسان امن وامان کی زندگی بسر کریں اور اس طرح زندہ رہیں کہ اخلاق کا دامن کبھی ہاتھ سے نہ چھوٹے اور آخرت کی لامتناہی زندگی کے لئے پورے اخلاق وتقویٰ کے ساتھ تیاری کریں، اللہ ان سے راضی ہو ، اسلامی تعلیم کا یہ بنیادی مقصد صرف اس طرح سے حاصل ہوسکتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق ہم حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوئہ حسنہ کی پیروی کرتے ہوئے یہ معلوم کریں کہ حضورپاک صلی اللہ علیہ وسلم نے معاشرہ کی اصلاح کس طرح کی تھی ۔ مہمان خصوصی مولانا نذر محمد قاسمی نے کہا کہ دین اسلام نے جہیز کی نمائش کو حرام قرار دیا ہے لیکن ہمارے ہاں طرح طرح کے رواج اور رسومات بڑھ رہی ہیں اور سٹے بازی کی عادت عام ہو گئی ہے اور ہم لوگ جوا وغیرہ میں مصروف ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہرمسلمان کے لیے ایسی حرکتیں کرنا حرام ہے۔
جمعیۃ علماء بڈھانہ کے شہرصدر حافظ شیردین نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کی نگرانی کرنی چاہئے اور دیکھنا چاہئے کہ ہمارے بچے کس کام میں مصروف ہیں، یہ والدین کی ذمہ داری ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ اس ذمہ داری کو والدین کے ساتھ ساتھ علماء اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داران اور اساتذہ کو نبھانا چاہئے۔
مولانا سید محمد سعد نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ وراثت میں بیٹیوں کو حصہ دیں، قرآن مجید میں بڑی وضاحت کے ساتھ عورت اور مرد کے حقوق کا تعین کیا گیا ہے اور عورتوں کے حق وراثت کو بڑی تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں حدیث پاک میں بڑی تاکید آئی ہے۔ پروگرام کو کامیاب کرانے میں قاری عبدالجبار،قاری محمد جاوید، قاری ظفر وغیرہ کا اہم کردار رہا۔ اس موقع پر مولانا سرفراز، قاری محمد عمران، محمد آصف قریشی بڈھانوی، قاری محمد طاہر،عبدالناصر صدیقی، مرسلین پردھان، نعیم پردھان، ماسٹر آس محمد، حافظ عبدالغفار وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر