Latest News

دیوبند علاقہ میں خواتین کا لباس پہن کر لوٹ پاٹ کرنے والے پانچ بدمعاش گرفتار۔

دیوبند: سمیرچودھری۔ 
دیوبند-سہارنپور اسٹیٹ ہائی وے پر خواتین کا لباس پہن کر لوٹ پاٹ کرنے والے پانچ بدمعاشوں کو ناگل تھانہ پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ ملزمان خواتین کے کپڑے پہن کر رات میں ہائی وے پر گاڑی رکواکر ڈرائیور وں سے لوٹ پاٹ کرتے تھے۔
پولیس لائن میں منعقدہ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس پی دیہات سورج رائے نے بتایا کہ گزشتہ رات امت ولد راجیش، ساکن گائوں بلیالی ضلع بھیوانی اور پنکج ولد سکھ بیر ساکن گائوں دھانی ضلع بھیوانی کرنال سے کینٹر لے کر دہرہ دون جارہے تھے، جب وہ ناگل تھانہ علاقہ کے اسٹیٹ ہائی وے پر پہنچے تو خواتین کے کپڑوں میں ملبوس ایک نوجوان نے ڈرائیور کو ہاتھ دیا، ڈرائیور نے پنکج کینٹر روک کر اس کی پریشانی معلوم کی۔ اسی وقت چار اور بدمعاش خواتین کے کپڑے پہنے ہوئے وہاں پر آگئے اور دونوں سے چار ہزار روپے، موبائل اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ فوراً دونوں متأثرین نے یوپی 112پر اطلاع دی، اطلاع ملتے ہی پولیس نے چاروں طرف چیکنگ مہم شروع کردی۔ پولیس نے چار گھنٹے کے اندر ہی اسٹیٹ ہائی وے پر لوٹ پاٹ کرنے والے ملزمان امت ولد جگ دیش ساکن مائی طاہر پور، تھانہ صدر بازار، اوم کار ولد راج پال ساکن پنجابی باغ تھانہ صدر بازار، ارجن ولد سریش، ساکن گائوں ہریٹی تھانہ جنک پوری، ایوب ولد محبوب ساکن سڑک دودھلی، تھانہ جنک پوری، شام لال برمن ولد مدن پال ساکن آرٹی ایس جگلی منڈی تھانہ جنک پوری کو گرفتار کیا ہے۔ 

ملزمان نے بتایا کہ ہائی وے پر زیادہ تر گاڑیاں رکتی نہیں ہیں، اس لئے وہ خواتین کے کپڑے پہن کر لوٹ پاٹ کرتے تھے۔ ایس پی دیہات سورج رائے نے بتایا کہ ملزمان کے پاس سے ایک بلٹ، ایک اسکوٹی ملی ہے اور یہ اپنی گاڑیوں کو ہائی وے کے کنارے پر کھڑا کردیتے تھے جس کے بعد وہ لوٹ پاٹ کرتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی گاڑیوں کو سیز کردیا گیا ہے اور ملزمان کے پاس سے میک اپ کا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ پانچوں ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر