Latest News

سہارنپور پولیس نے حاجی اقبال کو قرار دیا مفرور، کوٹھی پر قرقی کا نوٹس چسپاں، بیٹوں کی درخواست ضمانت عدالت سے خارج۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔ 
سابق ایم ایل سی حاجی اقبال کو سہارنپور پولیس نے مفرور قرار دے دیا۔ پولیس نے گزشتہ رات تھانہ مرزا پور میں حاجی اقبال کے خلاف توہین عدالت کے دو مقدمات درج کر لیے ہیں اور ان کی مرزاپور میں واقع کوٹھی پرقرقی کا نوٹس بھی چسپاں کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی عدالت نے ان کے بیٹوں کی درخواست ضمانت بھی مسترد کر دی ہے جو جیل میں ہیں۔ دو سب انسپکٹرز نے توہین عدالت کے مقدمات درج کرائے ہیں۔
دراصل ہریانہ کے جمنا نگر کے ایک گاؤں کی ایک خاتون نے حاجی اقبال اور ان کے ساتھیوں کے خلاف گینگ ریپ کا مقدمہ درج کرایا تھا،اس معاملہ میں حاجی اقبال پیش نہیں ہوئے۔ پولیس نے 25 نومبر 2022 کو عدالت سے دفعہ 82 کے تحت نوٹس جاری کیا تھا۔ سب انسپکٹر سنیل کمار کی جانب سے توہین عدالت کا مقدمہ درج کرایاگیاہے۔دوسری جانب تھانہ مرزا پور کے علاقے کرڑی کھیڑی کے نور حسن نے حاجی اقبال سمیت دو افراد کے خلاف دفعہ 406 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کرایا تھا۔اس معاملہ میںبھی حاجی اقبال 25 نومبر 2022 کو عدالت میں پیش نہ ہونے پر دفعہ 82 کا نوٹس بھی دیا گیا۔ جس کے بعد انسپکٹر اصغر علی نے توہین عدالت کا مقدمہ درج کرادیا۔

واضح رہے کہ سہارنپور پولیس نے حاجی اقبال پر پچاس ہزار کے انعام کا اعلان کررکھاہے اور انہیں مفرور قرار دے دیاگیا۔ 
ادھر عدالت نے جیل میں بند حاجی اقبال کے چاروں بیٹوں کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔ گینگسٹر کیس میں ملزمان نے وکیل کے ذریعے ضمانت کی درخواست دی تھی۔ حاجی اقبال کے بیٹے واجد، عالیشان، افضال اور جاوید جیل میں ہیں جبکہ ان کا بھائی اور سابق ایم ایل سی محمود علی چترکوٹ جیل میں بند ہے۔
ایس ایس پی ڈاکٹر وپن تاڈا کا کہنا ہے کہ مرزا پور تھانہ میں توہین عدالت کے دو مقدمات درج کیے ہیں۔ حاجی اقبال کی تلاش جاری ہے۔ حاجی اقبال کے خلاف 50 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ مرزا پور میں واقع ان کی کوٹھی پر اٹیچمنٹ کا نوٹس چسپاں کر دیا گیا ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر