Latest News

خواجہ اجمیری رحمۃ اللہ کے ۸۱۱ویں عرس کے موقع پر اجمیر شریف میں جمعیۃ علماء ہند کے زیر اہتمام سات روزہ میڈیکل کیمپ کا افتتاح۔

نئی دہلی/اجمیر :  خواجہ خواجگان حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کے سلسلے سے نسبت رکھنے والی ملک گیر جماعت, جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے کائیڈ وشرام استھلی اجمیر شریف میں811 ویں عرس کے موقع پر گذشتہ سالوں کی طرح ایک بار پھر زائرین کے لئے میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں درگاہ آنے والے زائرین کے لئے ماہر اطباء اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں مفت طبی سہولیات کے ساتھ ایمبولینس سروس بھی فراہم کی جائے گی۔
میڈیکل کیمپ کے ذریعے خواجہ حضرت معین الدین چشتی اجمیری رحمۃ اللہ علیہ کے آستانہ پر آنے والے زائرین کو 30 جنوری تک طبی خدمات فراہم کی جائیں گی,اس کے لئے جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے متعدد ڈاکٹرس و رضاکار ادویات اور دو ایمبولینس کے ساتھ شب و روز زائرین کی خدمت کے لئے موجود رہیں گے۔
یہ کیمپ اجمیر شریف میں جمعیۃ علماء ہند کے 33 ویں اجلاس عام منعقدہ 13 نومبر 2016 کے بعد قائد ملت اور جمعیۃ علماء ہند کے موجودہ صدر مولانا سید محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر شروع کیا گیا تھا تاکہ ملت اسلامیہ ہند کے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کی جا سکے۔ 
اس سلسلے میں منگل کے روز کائیڈ وشرام استھلی اجمیر شریف میں ایک افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزر حضرت مولانا ابوالحسن صاحب پالن پوری بطور مہمان خصوصی اور درگاہ اجمیر شریف سے وابستہ ذمہ داران شریک ہوئے۔
تقریب کا آغاز حافظ محمد سفیان متعلم مدرسہ ترتیل القرآن کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا, محمد حسن متعلم مدرسہ معین الاسلام بکرا منڈی اجمیر نے نعتیہ کلام پیش کیا۔
کیمپ کا افتتاح عادل زید نائب ناظم درگاہ شریف نے کیا جبکہ مشببر حسین سابق جوائنٹ سیکریٹری انجمن خدام سید زادگان درگاہ شریف اجمیر اور گورو بھائی نے کیمپ کا معائنہ کیا۔
 کیمپ کی نگرانی مفتی سلیم احمد قاسمی ساکرس ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء میوات اور مولانا دلشاد قاسمی ہینگن پور جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء حلقہ سوہنا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر درگاہ کے ذمے داروں نے جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود مدنی کی کوششوں کو سراہا جو مختلف محاذوں پر قوم و ملت اور ملک کی خدمت انجام دے رہے ہیں,افتتاحی تقریب کی صدارت فرما رہے اور انجمن خدام سید زادگان درگاہ اجمیر شریف کے سابق سیکریٹری حاجی سید عبد الواحد چشتی انگارہ نے میڈیکل کیمپ کی پوری ٹیم اور جمعیۃ علماء کے صدر مولانا محمود مدنی کو مبارکباد پیش کی, انھوں نے جمعیۃ علماء ہند کی ہمہ گیر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند بلا تفریق مذہب و مسلک ملک و ملت کی خدمت کرتی ہے اور مولانا محمود مدنی ہمیشہ اتحاد ملت کے لئے کوشاں رہتے ہیں,جمعیۃ علماء ہند کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا,ہم مولانا مدنی کے شکر گذار ہیں۔
اس کے علاوہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے تشریف لائے مولانا ابو الحسن پالن پوری آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
نظامت کے فرائض جمعیۃ علماء میوات کے جنرل سکریٹری اور کیمپ کے نگراں مفتی سلیم احمد قاسمی ساکرس نے انجام دیئے اور تقریب کا اختتام حاجی سید عبد الواحد چشتی انگارہ صاحب کی دعا پر ہوا۔

اس موقع پر مولانا علیم الدین اجمیر آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند, حافظ عبد الوحید اجمیر, مولانا زبیر مہتمم مدرسہ معین الاسلام بکرا منڈی اجمیر, مولانا قمر الدین صدر جمعیۃ علماء ضلع اجمیر, حافظ نعمان راتی ڈانگ اجمیر، مفتی سراج الدین  مہتمم جامعہ عبداللہ ابن عباس اونٹڑا، حافظ غیاث الدین نائب مہتمم مدرسہ فاطمہ للبنات کشن گڑھ اجمیر, حافظ رضوان, عبد الرشید پالن پور مولانا حسین احمد پالن پور, ڈاکٹر اسرار احمد جےپور, ڈاکٹر اقبال میوات, حامد ڈرائیور کھیڑی میوات, صدام ڈرائیور کھیڑی میوات اور درگاہ پر آنے والے زائرین موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر