Latest News

جنید و ناصر کے بچوں کی مکمل تعلیمی کفالت کی ذمّہ داری اٹھائےگی آل انڈیا ملی کونسل، مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی کی قیادت میں کونسل کے وفد کا بھرت پور کا دورہ، جنید اور ناصر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری اور عدالتی جانچ کامطالبہ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
آل انڈیا ملی کونسل کے مرکزی وفد نے ہریانہ میں بے قصور مسلم نوجوانوں کی بجرنگ دل کارکنان کے ہاتھوں وحشیانہ ہلاکت کے بعد راجستھان کے سرحدی گاوں گھاٹ مییکا ضلع بھرت پور میں مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی سکریٹری شعبہ دینی تعلیم کی قیادت میں دورہ کر مقتول نوجوانوں کے وارثین و اہل خانہ سے اظہار تعزیت و اظہار ہمدردی کی اور جنید اور ناصر کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کے ساتھ ہی معاملے کی عدالتی جانچ کا مطالبہ کیا، اسی کے ساتھ ملی کونسل کے وفد نے مجرموں کی فوری گرفتاری اور انہیں کڑی سزا دینے کے اپنے مطالبے پر زور یا ۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے کہا کہ ہریانہ میں دو بے قصور مسلم نوجوانوں کی بجرنگ دل کارکنوں کے ہاتھوں وحشیانہ ہلاکت پر تمام لوگ دم بخود بھی ہیں اور انگشت بدنداں بھی،جس انداز میں جنید اور ناصر کو ان ہی کی کار میں زندہ جلایا گیا ہے، اس سے بخوبی اندازہ ہوتا ہے کہ وحشی درندوں کو قانون کا کوئی خوف نہیں ہے۔ مولانا ڈاکٹرعبدالمالک مغیثی نے اس واقعہ کو انسانیت کے لئے شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ملک کے مختلف علاقوں میں ایک گروہ نکل پڑا ہے جسے نہ قانون کا خوف ہے، نہ انسانیت کا بھرم، نہ اسے ملک کی رسوائی کی فکر ہے اور نہ ہی مظلومین کی آہ کا احساس،ان شرپسندوں کی جانب سے ایسے ایسے واقعات کا ظہور ہورہا ہے کہ جن پر تمام انسانیت کو شرم آجائے۔آل انڈیا ملی کونسل اس واقعہ کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور تمام لوگوں سے اپیل کرتی ہے کہ اسے ہندو مسلم کے چشمہ سے نہ دیکھا جائے،کیونکہ یہ انسانیت اور اخلاقیات کا سوال ہے،یہ ملک کو نفرت اور تشدد سے بچانے کا سوال ہے اور سب سے بڑھ کر ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی بقا اور وطن عزیز کی سالمیت کا سوال ہے۔حاجی معظم علی لڈو سکریٹری ملی کونسل دلی نے کہا کہ یہ قتل اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ مذہبی منافرت کا وہ زہر جو ایک عرصے سے رفتہ رفتہ اکثریتی فرقہ کے ایک طبقے کے ذہن میں انڈیلا جا رہا تھا، چاروں طرف پھیل گیا ہے اور اس کی گرفت سے ملک کا کوئی بھی گوشہ محفوظ نہیں ہے۔ یہ واقعہ اس بات کی نشان دہی بھی کرتا ہے کہ مسلم مخالف قوتیں مسلمانوں کے خلاف ایک خطرناک ماحول سازگار کرنے میں کامیاب ہو گئی ہیں۔قاری عبدالستار نائب صدر ملی کونسل ہریانہ نے اس واقعہ کو انسانیت کے لئے شرمسار قرا دیا اور مقدمہ تیز رفتار عدالت میں چلا کر خاطیوں کو جلد اس جلد کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔ملی کونسل کے وفد نے دونوں مظلوم مومن بھائیوں کے لواحقین خصوصا وارثین میں دونوں کے بچوں کے سروں پر دست شفقت رکھا جو یتیم و بے سہارا ہو گئے اور یہ طے کیا کہ جنید و ناصر کے بچوں کی مکمل تربیتی، تعلیمی کفالت اور انتظام ملی کونسل کریگی۔ مذکورہ وفد میں وسیم احمد پی آر او مرکزی آفس پی آر او، ڈاکٹر پرویز میاں، صدر ملی کونسل دہلی، امتیاز احمد صاحب،قاری ابراھیم رحمتی، قاری مصروف رحمتی، حافظ حکیم الدین،محمد اکرم، مولانا محمد اویس، قاری محمد انس اور مولانا محمد توفیق وغیرہ شامل رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر