Latest News

اپنے بچوں کو مدارس و مکاتب میں داخل کرائیں، دارالعلوم رشیدیہ دیوبند میں منعقد سالانہ جلسہ دستار بندی میں مولانا عاقل قاسمی اور مولانا سلمان بجنوری کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
شہر کی محلہ کوہلہ بستی میں واقع میں دینی ادارہ دارالعلوم رشیدیہ دیوبند میں سالانہ جلسہ دستار بندی کاانعقاد کیاگیا، جس میں نامور علماءکرام کے ہاتھوں کے ادارہ میں تکمیل حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے دس حفاظ کو دستار فضیلت سے نوازاگیا۔ اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے رکن شوریٰ اور جامعہ بدرالعلوم گڑھی دولت کے مہتمم مولانا محمد عاقل قاسمی نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہاکہ اپنے بچوں کو مدارس و مکاتب میں داخل کرائیں اور انہیں دینی ماحول فراہم کرائیں جب ہمارے بچوں کا بنیادی عقیدہ درست ہوگا پھر وہ کسی بھی میدان میں کمزور نہیں پڑینگے۔ مولانا قرآن کریم کی عظمت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے بچوں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ قرآن کریم دنیا و آخرت میں کامیابی کا ضامن ہے ،اسلئے ہمیں اس کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اس کے احکامات پر عمل کرنا چاہئے۔ 

دارالعلوم دیوبند کے سینئر استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری نے سماجی برائیوی اور خرابیوں پر روشنی ڈالی اور حاضرین جلسہ کی اصلاح معاشرہ کی جانب توجہ مبذول کرائی اور کہاکہ سماج میں آج نت نئے فتنے پیدا ہورہے ہیں ،جس کی زد میں ہماری نوجوان نسل آرہی ہے، اسلئے ہمیں سماجی خرابیوں کے خاتمہ پر خصوصی توجہ دینی چاہئے اور اپنے بچوں کی دینی تعلیم کے تئیں رغبت دلانی چاہئے تاکہ وہ اپنی اور سماج کی اصلاح کا ذریعہ بن سکیں۔ انہوں نے کہاکہ مستحق مبارکباد ہیں وہ والدین جن کے بچے قرآن کریم جیسی عظیم الشان دولت کو حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے مدرسہ کے ذمہ داران کی خدمات کی بھی ستائش کی اور انہیں طلبہ کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت سازی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔

علاوہ ازیں مولانا عابد بلندشہری، مولانا راشد ناظم تنظیم و ترقی دارالعلوم دیوبند اور جامعہ رحمت گھگرولی کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران مدرسہ کے مہتمم مولانا مسرور قاسمی نے مدرسہ کی سالانہ رپورٹ پیش کی گئی، جس میں آمدو صرف کے ساتھ ادارہ کے مستقبل کے عزائم اور مقاصد بیان کئے اور تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ صدارت مولانا محمد عاقل قاسمی اور نظامت مولانا مسرور قاسمی نے کی۔ اس دوران مولانا توقیر قاسمی، مولانا سمیع الدین قاسمی، مولانا منور دہلی، مولانا فاروق قاسمی دہلی، مولانا عبدالجبار، مولانا نفیس موانہ، مولانا اشرف ہاپوڑ، قاری اسجد، قاری فوزان، قاری منور اقبال، مفتی خادم الاسلام، قاری فاروق، حاجی محبوب، حاجی ایوب، چودھری شمیم ٹھیکیدار، چودھری غیور، چودھری عمران، چودھری فرقان، قاری اکرام، قاری نوشاد اورحافظ شاداب وغیرہ سمیت کثیر تعداد بستی اور اطراف کے لوگوں نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر