Latest News

ترکیہ اور شام کا زلزلہ انسانیت کے لئے تکلیف دہ، مہتمم دارالعلوم دیوبند کی متاثرین سے اظہار ہمدردی اور حکومتِ ہند سے امداد کی اپیل۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالم اسلام کی عظیم دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند نے شام اور ترکیہ میں آئے شدید زلزلہ میں ہوئے جانی و مالی اتلاف پر گہرے رنج و الم کااظہار کیا،مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے متاثرین سے اظہارہمدردی کرتے ہوئے حکومت ہند اور عوام الناس سے ہر ممکن امداد کی اپیل کی۔ 
جاری بیان میں مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ ترکی اور شام میں بھیا نک زلزلہ کے سبب جان و مال کے بے پناہ اتلاف اور تباہی نے عالم انسانیت کولرزہ براندام کر دیا ہے، ہر ذی حس انسان اس قدرتی اور سماوی آفت اور جانکاہ حادثہ کے باعث رنجیدہ وافسردہ ہے۔ دار العلوم دیو بند بھی اس ہولناک تباہی و بربادی سے شدید متاثر اور ملول ہے، دار العلوم دیو بند تباہ حال ممالک کے سربراہان ، متاثرہ عوام اور مہلوکین و مرحومین کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ رب العزت جملہ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے نیز متاثرہ افراد کو ہر قسم کے نقصان کا نعم البدل نصیب فرمائے۔ ہم خواص و عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ ترکی وشام کے متاثرین کے لیے مدارس و مکاتب اور مساجد میں خاص دعاؤں کا اہتمام کریں، ہم یہ اپیل کرنا بھی اپنا اخلاقی فریضہ سمجھتے ہیں کہ ہر انسان کو اپنی حیثیت واستطاعت کے مطابق متاثرین کے لیے ممکنہ امداد ( ریلیف) بھیجنے کی سعی کرنی چاہیے، اس کے لیے اپنے وطن عزیز میں کام کرنے والی معتبر فلاحی تنظیموں کو ذریعہ بنایا جاسکتا ہے۔ ہماری حکومت کو بھی چاہیے کہ اور زیادہ وسیع القلبی کے ساتھ مزید ریلیف کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر