Latest News

حکیم اجمل خاں نہ صرف ایک طبیب بلکہ ماہر تعلیم اور مجاہد آزادی تھے، جامعہ طبیہ دیوبند میں منعقد یونانی ڈے کے موقع پر ڈاکٹر اختر سعید کا خطاب۔

 دیوبند: سمیر چودھری۔
مسیح الملک حکیم اجمل خان کی یوم پیدائش کے موقع پر جامعہ طبیہ میڈیکل کالج دیوبند اور دیوبند یونانی میڈیکل کالج میں یونانی ڈے کے طور پر منایا گیا، جس میں کالج کے اساتذہ اور طلبہ وطالبات نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر جامعہ طبیہ دیوبند میں منعقد پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے سکریٹری ڈاکٹر اختر سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مسیح الملک حکیم اجمل خاں ؒ کی قربانیوں کو دیکھتے ہوئے نیشنل یونانی ڈے کے دن کا اعلان کیا جو پورے ملک میں یہ روز یونانی ڈے کے طور پر منایا جارہا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ آج انڈین سسٹم آف میڈیسن انفرادی طور پر یونانی اور آیورویدک سسٹم اپنے عروج پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے بھی یونانی سسٹم کی افادیت کو محسوس کیا اور اسی وجہ سے یونانی سسٹم کو زیادہ نمایاں اور پبلسٹی کی غرض سے حکومت ہند نے سال میں ایک دن نیشنل یونانی ڈے کے نام سے منسوب کردیا ہے۔ ڈاکٹر اختر سعید نے مسیح الملک حکیم اجمل خاں کی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اجمل خاں حکیم ہونے کے ساتھ ساتھ ماہر تعلیم اور مجاہد آزادی تھے ۔ انہوںنے طب یونانی کو فروغ دینے کے لئے دہلی کے قرول باغ میں طبیہ کالج کا قیام کیا جس میں طب یونانی کی تعلیم کے ساتھ ساتھ طب یونانی پر ریسرچ کا کام بھی ہوتا تھا ۔انہوںنے طب یونانی سے علاج کو فوقیت اور اہمیت بخشی اور اسے پورے عالم میں شہرت دلوائی ۔طب یونانی سے متعلق افراد کو ان کے اس اثاثہ کی حفاظت کرنی ہے بلکہ ا سکے فروغ کے لئے حکیم اجمل کے بنائے ہوئے راستوں پر چلتے ہوئے طب یونانی سے علاج کو کامیابی کی بلندی پر بھی پہنچانا چاہئے۔ڈاکٹر اختر سعیدنے وہاں پر موجود طلبہ کو یونانی طریقۂ علاج کے نکات بتائے اور قوت مدافعت میں اضافہ کے لئے طب یونانی میں استعمال ہونے والی مفردات کے خواص بتائے ۔انہوںنے یونانی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو یونانی پیتھی کو اختیار کرنے کی صلاح دی ،کورونا کے دور میں بھی لوگوں کو سب سے فائدہ یونانی ادویات سے ہی ہواہے اور اس بات کو حکومت نے بھی تسلیم کیا ہے۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل ناصر علی خان، ڈاکٹر محمد فصیح، ڈاکٹر فخر الاسلام، ڈاکٹر رشدہ سعیدی، ڈاکٹر محمد اعظم عثمانی، ڈاکٹر مزمل، ڈاکٹر جویریہ ہاشمی وغیرہ نے بھی مسیح الملک حکیم اجمل خاں کی زندگی پر روشنی ڈالی ۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی نے کی، اس دوران جمشید انور، عامر سعیدی، صہیب علی، ڈاکٹر شبلی اقبال، جاوید، بلال، عظیم وغیرہ موجود رہے۔ دوسری جانب دیوبند یونانی میڈیکل کالج میں بھی حکیم اجمل خاں کی یوم پیدائش پر پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر ادارہ کے پروفیسر ڈاکٹر افضال احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکیم اجمل خاں نہ صرف ایک طبیب تھے بلکہ اس وقت میں ہندو مسلم یک جہتی کے بڑے علمبردار تھے ۔ انہوں نے آزادی کی تحریک میں ہندو مسلم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا ۔علاوہ ازیں کالج کے پرنسپل پروفیسر محمد اسلم ،ڈاکٹر نور عالم ، ڈاکٹر وسیم، ڈاکٹر امتیاز، ڈاکٹر عبدالمعید نے بھی حکیم اجمل خاں کی سوانح حیات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کی خدمات سے آگاہ کیا اور ان کو بطور طبیب استعمال کرنے کی نصیحت کی۔
پروگرام کی نظامت ڈاکٹر ارشاد نے کی ، پروگرام کا آغاز حکیم شفیع الرحمن کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، اس موقع پر ڈاکٹر طاہر حسن، ڈاکٹر عرفان، ڈاکٹر خالد، ڈاکٹر سیفل، ڈاکٹر فیصل، محمد یاسر، ڈاکٹر ہلال، محمد فرقان اور اسٹاف موجود رہا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر