Latest News

سماج کی تشکیل میں خواتین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل، کانپور میں اجلاس معراج النبیؐ کے آخری دن خواتین کے اجتماع سے مولانا محمد کوثر ندوی کا خطاب۔

کانپور:  جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام چل رہے سہ روزہ اجلاس معراج النبیؐ کے تیسرے روز خواتین کا خصوصی اجتماع منعقد ہوا جس میں لکھنؤ سے تشریف لائے مولانا محمد کوثر ندوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مذہب اسلام نے عورت کو جو مقام دیا وہ کسی اور مذہب نے نہیں دیا ہے، یہ مقام یونہی نہیں دیا گیا بلکہ اس سے انسانی سماج کا سب سے مشکل اور بڑا کام لیا گیا، وہ کام ہے نسلوں کی تربیت۔ دنیا کے کسی مذہب میں باپ کی وراثت میں بیٹی کو کوئی حصہ نہیں دیا گیا ہے، لیکن اسلام میں حصہ تودیا گیا ہے بلکہ اس کو فرض بھی کیا ہے۔مولانا ندوی نے کہا کہ عورت کی طاقت یہ ہے کہ معاشرہ کی اصلاح اسی سے ہی وابستہ ہے لیکن ہمارے یہاں اصلاح معاشرہ کی ہزاروں کوششیں کامیاب نہیں ہو پا رہی ہیں۔ ہمیں اگر اصلاح معاشرہ کو کامیاب کرنا ہے تو اصلاح خواتین کی کوششوں کو بڑھانا ہوگا۔ سماج کی تشکیل میں عورتوں کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔دار ارقم اسلامی اکیڈمی گجرات کے مہتمم مولانا محمد اسماعیل قاسمی نے کہا کہ وہ علم جو انسان کو زندگی جینے طریقہ سکھائے اس کو سیکھنا ضروری ہے۔ اس طرح کے پروگرام ہمارے اندر آخرت کا خوف اور اللہ کی محبت پیداکرکے بہتر انسان بنانے کیلئے ہوتے ہیں۔اس سے قبل اجلاس معراج النبیؐ کے دوسرے اجلاس سے خطاب فرماتے ہوئے جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے کہا کہ اللہ کا نظامت اور قدرت یہ ہے کہ وہ جسے چاہتے اور پسند کرتے ہیں اسے دنیا کی آزمائشوں میں ڈالتے ہیں تاکہ وہ ان آزمائشوں پر صبر کرے اور اللہ اس کے درجات بلند کریں، نیکیوں میں اضافہ فرمائیں۔ جتنے بھی نبی دنیا میں آئے اللہ نے سب کو پریشانی میں ڈال کر آزمایا ہے۔ اللہ کے آخری پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ تمام انبیائے کرام کو آزمایا گیا اور سب سے زیادہ مجھے آزمایا گیا۔ اللہ کے نبیؐ پر بہت ساری تکلیفیں آئیں، آپ کے چچا اور محبوب زوجہ کا انتقال ہو گیا۔ آپؐ طائف گئے تو وہاں بھی آپؐ کے ساتھ بدتمیزی کی گئی۔ تمام آزمائشوں پر آپؐ نے صبر کیااور اپنے مشن پر ڈٹے رہے تو اللہ نے آپؐ کو معراج عطا فرمائی، امام الانبیاء جیسا مقام عطا فرمایا۔ دنیا میں جو بھی مسلمان ہیں وہ اگر آزمائشوں پر صبر کریں گے تو اللہ انہیں بھی خوب انعام و اکرام سے نوازیں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر