Latest News

حضرت علامہ قمر الدین گورکھپوری نے کرایا مسلسلات کا ختم، حاضرین طلبہ کو نہایت قیمتی نصیحتوں کے ساتھ اجازت حدیث سے نوازا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند میں سال کے اختتام کے ساتھ کتابوں کے ختم ہونے کا سلسلہ شروع ہوگیا اور طلبہ عنقریب شروع ہونے والے سالانہ امتحانات کی تیاریوں میں مصروف ہوگئے ہیں۔ اسی کے تحت آج شیخ ثانی حضرت مولانا علامہ قمر الدین گورکھپوری نے مسلسلات کا ختم کرایا اور طلبہ کو اجازت حدیث سے نوازا، اس دوران انہوں نے جملہ طلبہ کو نہایت کار آمد اورناصحانہ مشوروں سے نوازتے ہوئے انہیں اپنی پوری زندگی علم حدیث کی خدمات کرنے کی تلقین کی۔ 

دارالعلوم دیوبند کی دارالحدیث میں دارالعلوم دیوبند سمیت متعدد دینی اداروں کے طلبہ نے بھی شرکت کی اور حضرت شیخ ثانی علامہ قمر الدین گورکھپوری کے ناصحانہ کلام سے استفادہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مسلسلات کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور آقائے مدنی حضرت محمد مصطفیﷺ سے شروع ہوئے اس سلسلہ سے حاضرین طلبہ کو روشناس کرایا اور اس کی اہمیت و فضیلت کو بیان کیا۔ علامہ قمر الدین نے طلبہ کو اجازت حدیث سے بھی نوازا اور فرمایا کہ فضلاءاپنی آنے والی زندگی قرآن و حدیث کی روشنی میں گزاریں اور پوری دنیا میں علم دین کی روشنی پھیلائیں، انہوں نے کہاکہ دارالعلوم دیوبند ایک ایسا عظیم الشان ادارہ ہے جس کے علم کی روشنی پوری دنیا میں پھیل رہی۔انہوں نے کہا کہ اکابرین کی خدمات اور ان کی روایات کا تسلسل بدستور جاری ہے، جو نسل در نسل منتقل ہوکر آپ تک پہنچ رہی ہے، جس دیانت و امانت کے ساتھ اکابرین نے ان روایات کا تحفظ کیا آپ کو بھی اسی دیانت و صداقت اور امانت کے ساتھ اس روایت کو آگے پہنچانا ہے، جس انداز میں اکابرین نے دین کی خدمت انجام دی آپ کو بھی اس انداز پر اس دین کی خدمت انجام دینی ہے اور امت کی ہر محاذ پر اور ہر میدان میں درست اور صحیح رہنمائی کا فریضہ انجام دینا ہے۔اس دوران علامہ قمر الدین گورکھپوری نے نہایت رقت آمیز دعاءکرائی۔ اس دوران طلبہ دارالعلوم دیوبند کے ساتھ ساتھ دیگر مدارس سے بھی رواں سال سندفراغت حاصل کرنے والے طلبہ شریک رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر