Latest News

طلبہ تعلیم وکتب بینی میں ممتاز ترین مقام حاصل کریں،معروف دینی درسگاہ جامعہ امام محمد انور شاہ دیوبند میں منعقد سالانہ دستار بندی و انعامی جلسہ میں مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کا خطاب۔

دیوبند: رضوان سلمانی۔
معروف دینی ادارہ جامعہ امام محمد انور شاہ میں دستار بندی اور انعامی جلسہ کا انعقاد کیاگیا، جس میں نمایاں کامیاب حاصل کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا ۔اس دوران 35 فضلائے جامعہ اور 11 حفاظ کے سر پر اساتذہ اور مہمانانِ گرامی کے ہاتھوں دستار باندھی کی گئی۔

اس موقع پرادارہ کے مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ حصول علم کے ساتھ ساتھ دور جدید کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنے علم و مطالعہ میں وسعت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابر و اسلاف نے احوال زمانہ اور زمانے کے تقاضوں کو سمجھ کر دین اسلام کی سربلندی کے لئے بے مثال ولا زوال قربانیاں پیش کیں، موجودہ احوال کے تناظر میں زمانے کے تقاضے بدل چکے ہیں۔ اس کے پیش نظرآپ اپنے طرز حیات کو اکابر کے نقش قدم پر لائیں اور ان کے نقوش کو اپنا کر تحصیل علم میں مشغول ہوں، اپنے اندر اخلاص و تقویٰ پیدا کر کے دین کی صیانت و حفاظت کے لئے میدان عمل میں آئیں۔ مولانا مسعودی نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کے بتائے ہوئے ملحوظات کو ہمیشہ پیش نظر رکھیں ۔انہو ںنے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد طلبہ کی حوصلہ افزائی ہے۔
گجرات سے تشریف لائے معزز مہمان مولانا اسلم پٹیل نے کہا کہ جامعہ کی ترقیات اور تعلیمی و تربیتی خدمات نے مجھے بہت متاثر کیا۔ یہ بانی مرحوم فخرالمحدثین حضرت مولانا سید محمد انظر شاہ کشمیریؒ کے اخلاص، مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی کے سوزِ باطن اور اساتذہ ¿ جامعہ کی سعی پیہم کے ثمرات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ لوگ امام العصر علامہ محمد انور شاہ کشمیریؒ کے اسم گرامی سے منسوب ادارہ میں زیر تعلیم ہیں ، ان کی نسبت کا تقاضہ ہے کہ تعلیم وکتب بینی میں ممتاز ترین مقام حاصل کریں ۔ جامعہ کے صدر المدرسین مفتی وصی احمد بستوی نے علم کی اہمیت کو بیان کیا اور کہا کہ انعام چاہے مختصر اور معمولی ہو مگر اس کی اہمیت اپنی جگہ مسلم ہے ہمارے اکابر انعامات کو بڑی قدر کی نگاہوں سے دیکھتے تھے۔ 
اس موقع پر جامعہ کے استاذِ حدیث و نائب ناظمِ تعلیمات مولانا سید فضیل احمد ناصری نے جامعہ کی سہ سالہ تعلیمی رپورٹ بھی پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ کو دو لاکھ روپے کی کتابیں انعام میں دی گئیں۔ تمام درجات کے اول، دوم اور سوم پوزیشن والوں کو گراں قدر کتابوں سمیت نقد روپے بھی خصوصی انعام میں دیے گئے۔ انہوں نے اجلاس میں تعاون کرنے والوں کا خصوصی شکریہ اداکیا۔ نظامت مشترکہ طور پر مفتی محمد نوید دیوبندی اور مولانا سید فضیل احمد ناصری نے کی۔واضح ہو کہ یہ اجلاس سہ سالہ تعلیمی دورانیہ کے لیے تھا۔ کورونا وائرس جیسی عالمی وبا اور لاک ڈاون کی بنا پر پچھلے تین برسوں میں کوئی اجلاس منعقد نہیں ہو سکا تھا۔ 
اجلاس کے نگراں مولانا طلحہ اعظمی نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مولانا صغیر احمد پرتاپ گڑھی، مولانا نثار خالد، مولانا عثمان غنی، مفتی نوید، مولانا بدرالاسلام، مولانا سعید احمد پالن پوری، مولانا مفتی عبید انور شاہ، مولانا ثاقب، حافظ حمدان شاہ، مولوی محمد سلیم عثمانی، قاری بلال احمد، محمد عابد، ذکی انجم صدیقی، مفتی محمد اعجاز، مولانا فضیل احمد ناصری وغیرہ موجودرہے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر