Latest News

بھارت جوڑو یاترا کے بعد بھی کانگریس کیلئے دلّی دور۔

ڈاکٹر شاہد زبیری۔
راہل گاندھی کی کنیا کماری سے کشمیر تک بھارت جوڑو یاترا کوتو 30جنوری کو اپنی طے شدہ منزل مل گئی لیکن کانگریس کی یاترا کی ابھی منزل نہیں آئی اس کیلئے ہنوز دلّی دور است نظرآرہی ہے جس سے انکار ممکن نہیں ۔بھارت جوڑو یاترا کے بعد کانگریس کو ہاتھ سے ہا تھ جوڑو ا کی پنی سیاسی یاترا کے سہارے اقتدار تک پہنچنا ابھی آسان نہیں ہوگا۔بیرونی سطح پر بھی اور داخلی سطح پر بھی اس کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے۔ بھارت جوڑو یاترا نے ملک کے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے تانے بانے کو مضبوط کرنیکی جو کوشش کی ہے اس کوشش کو جاری رکھنا بھی کانگریس کی ذمّہ داری ہے اس لئے کہ ملک میںسیاسی مقاصد کے حصول کیلئے سنگھ اور بی جے پی اور ان کے گماشتوں نے نفرت کی جو کاشت کی ہے اسپر محبت کے پھول اتنی جلدی کھلنے والے نہیں اس کیلئے ایک بھارت جوڑو یاترا کافی نہیں ہوسکتی یہ مسلسل کئے جانے والا عمل تھا جو نہ آزادی سے پہلے کیا گیا اور نہ آزادی کے بعد اور نہ اس کیلئے کانگریس سمیت سیکولرزم کا دعویٰ کرنے والی دگر جماعتیں آج کوئی سنجیدہ کوشش کرتی دکھا ئی دے رہی ہیں ۔ ملک میں نفرت کی زہریلی فضاءکا اندازہ سپریم کورٹ کی بے بسی اور لاچاری سے لگا یا جا سکتا ہے حال ہی میں سپریم کورٹ نے 2فروی کو اس بات پر افسوس جتا یا تھا کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے با وجود نفرت انگیز تقاریر کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ سکل ہندو سماج کیطرف سے 5فروری کو ممبئی میں نکالے جا نے والی ہندو جن آکروش ریلی کیخلاف عرضی کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کو کہنا پڑا اگر اس طرح کے بیانات یعنی نفرت انگیز بیانات پر روک لگانے اور ہدایات جاری کرنے کو کہا جائے تو اس کو(سپریم کورٹ کو) بار بار شرمندہ ہو نا پڑیگا ۔
 آنے والے دن کانگریس کیلئے ہی نہیںملک کیلئے بھی سخت آزمائش کے دن ہیں اڈانی کے فراڈ کی پردہ پوشی کرنے کیلئے ابھی سنگھ اور بی جے پی خود وزیرِ اعظم اور وزیرِ داخلہ سمیت حکومت نے چپّی سادھ رکھی ہے، پارلیمنیٹ میں مودی حکومت کو کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں جس طرح گھیر رہی ہیں اس پر سنگھ پریوار اور بی جے پی اور ان کے بغل بچّے خاموش بیٹھنے والے نہیں، رام کے مجسمہ کیلئے نیپال سے لایا گیا ایک دیو ہیکل پتھر کی یاترا بھی اندنوں یوپی میں نکالی جارہی ہے ا س پتھر کو ایودھیا لیجا یا جارہا ہے جن شہروں سے یہ ہوکر گذر رہا ہے اس کے درشن کرنے والوں کا ہجوم ہے سنگھ اور بی جے پی اس کے ذریعہ بھی سنگھ اور بی جے پی اپنے حق میں فضاءکو سازگار بنائے رکھنی کی کوشش کررہی ہے اور اس کوشش میں وہ کامیاب ہیں ، ممبئی میں سکل ہندو سماج کی ہندو جن آکروش ریلی یہ سب 2024کے انتخابات کا پیش خیمہ ہیں ۔اس لحاظ سے دیکھا جا ئے تو 2024 تک کے انتخابات کے آتے آتے ملک کی ہواﺅں میں فرقہ واریت کا زہر گھلنے اور فضاءمیں گھٹن بڑھنے کے آثار ہیں۔ حالات بتا رہے ہیں کہ بی جے پی آنے والے صوبائی انتخابات اور پارلیمانی انتخابات پہلے سے طے شدہ ایجنڈہ کے مطابق ہی لڑیگی اس کا صاف اشارہ وزیرِ داخلہ امت شاہ پہلے ہی دے چکے ہیں ، تریپورہ کے انتخابی جلسہ میں وزیرِ داخلہ امت شاہ نے یکم جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کے دوار کھولے جانیکا جو مژدہ سنایا ہے وہ اس بات کا مظہر ہے ۔ یہ مژدہ رام مندر ٹرسٹ کو سنانا تھا لیکن سنایا وزیرِ داخلہ نے اب ٹرسٹ نے رام مندر کے افتتاح کی تاریخ 14جنوری بتائی ہے ، رام مندر ، لو جہاد ،حجاب ،مذہب کی تبدیلی ،مسلم فرقہ کی بڑھتی آبادی کا من گھڑت پرو پیگنڈہ یہ سارے آز مودہ ہتھیار بی جے پی انتخابات میں پھر استعمال کریگی ۔ رام چرت مانس پر اعتراضات کو اسی لئے ہندو مذہب پر حملہ قرار دیا جارہا ہے ۔ہر چند کہ راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے دوران یا اس سے پہلے ان ایشوز پر براہِ راست کچھ نہیں کہا لیکن وہ سنگھ پریوار اور بی جے پی پر نام لیکر مسلسل حملہ آور ہورہے ہیں اور ان کے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کا پردہ فاش کررہے ہیں ان کے علاوہ کانگریس کے کسی دوسرے لیڈر نے ابھی تک یہ جرائت نہیں دکھائی ہے مانا یہ ہمّت کسی اور دوسری سیکولر جماعت نے بھی نہیں دکھا ئی لیکن کانگریس کادعویٰ ہیکہ وہ ہی سنگھ اور بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کر سکتی ہے تو دگر جماعتوں سے زیادہ یہ ذمّہ داری بھی کانگریس کی ہی بنتی ہیکہ وہ سنگھ اور بی جے پی کے فرقہ وارانہ ایجنڈہ کا پردہ فاش کرے جس شدّت کیساتھ سنگھ اور بی جے پی و ا ن کے گماشتے فرقہ وارانہ سیاست کا کھیل کھیل رہے ہیں کانگریس اس شدّت کیساتھ اس کا جواب نہیں دے پارہی ہے آگے بھی نہیں لگتا کہ کانگریس فرقہ وارانہ ایشوز پر کچھ کھل کرکہہ پائیگی یا مسلما نوں کے دفاع میں آگے آئیگی ایسی صورت میں مسلمان کانگریس کیطرف لوٹ پائیں گے یہ کہنا مشکل ہے ،کانگریس کانرم ہندتو کا کارڈ بھی گزشتہ انتخابات میں فیل ہو چکا ہے ۔
  کانگریس کو بیرونی سطح پر در پیش چیلنجزمیں ایک بڑا چیلنج غیر بی جے پی پارٹیوں سے بھی ہے ،دہلی میں کیجریوال کی عام آدمی پارٹی ، بنگال میں ممتا کی ٹی ایم سی ،تلنگانہ میںچندر شیکھر کی بی آر ایس ،بہار میں نتیش کمار اور تیجسوی کی جنتا دل یو نائیتیڈ اور راشٹریہ جنتا دل ،یوپی میں مایا وتی کی بی ایس پی اور اکھلیش سنگھ یادو کی سماجوادی پارٹی جیسی پارٹیا ں اور ان کے لیڈر ۔ قابلِ زکر ہیکہ بہار ،جھار کھنڈ اور یوپی جیسی تین ریاستوں میں 134پارلیمانی سیٹیں ہیں جن میں سے 2019کے پارلیمانی انتخابات میں کانگریس کو صرف 3سیٹیں ہاتھ لگی تھیں باقی سیٹوں پر این ڈی اے نے ہاتھ صاف کرلیا تھا۔
راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے جن اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈروں کو مکتوبات لکھ کر مدعو کیا تھا ان میں تمل ناڈو کے اسٹالن اور کشمیر کے فاروق عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے علاوہ کسی اپوزیشن لیڈر نے شرکت نہیں کی تھی جس سے صاف ظاہر ہیکہ ان پارٹیوں اور ان کے لیڈروں کو کانگریس کیساتھ آنے میں کچھ تحفظات ہیں ان میں ممتا بنرجی اور اروند کیجریوال اور مایا وتی جیسے تین بڑے لیڈر خود کو وزیرِ اعظم کا دعویدار سمجھتے ہیںایسے میں کانگریس کی دال کیسے گل سکتی ہے ۔
کانگریس کو داخلی طور پر بھی کچھ کم چیلینج نہیں ہیں مانا کہ کانگریس میں جی 23کا روگ ختم ہو گیا ہے لیکن ملک کی ہر ریاست میں گروپ بندی کا مرض پایا جاتا ہے حتّٰیٰ کہ ہماچل جیسی ریاست میں جہاں کانگریس کو جمعہ جمعہ آٹھ دن نہیں ہوئے اقتدار میں آئے وہاں بھی گروپ بندی صاف دکھائی پرٹی ہے ،راجھستان میں تو یہ مرض کانگریس کو روزِ اوّل سے ہے وزیرِ اعلیٰ گہلوت اور سچن پائلٹ میں تلواریں کھنچی ہوئی ہیں بھارت جوڑو یاترا کے دوران کچھ وقت کیلئے صلح ہوئی تھی لیکن جیسے ہی یاترا نے راجھستان سے کوچ کیا اختلافات سامنے آگئے ۔چھتیس گڑھ میں جہاں کانگریس کافی مضبوط بتائی جاتی ہے وہاں بھی دھڑے بندی ہے ۔مدھیہ پر دیش میں دگ وجے سنگھ اور کمل ناتھ کے اپنے اپنے خیمے ہیں ان خیموں نے دوسرے لیڈروں کو ابھر نے ہی نہیں دیا ۔ ایسے ماحول میں کانگریس کی راہ آسان نہیں ہے ،بھارت جوڑو یاترا نے اس کے راستے سے کچھ کانٹے ہٹائے تو ہیں لیکن سیاسی طور پر اس کیلئے راہ ابھی پُرخار بھی ہے اور پُر خطر بھی ۔ صرف ایک بھارت جوڑو یاترا کافی نہیں ، اڈانی فیکٹر کا بھی کوئی بڑا فائدہ کانگریس سمیت اپوزیشن جماعتوں کو ہوتا دکھائی نہیں پڑتا جب تک اپوزیشن جماعتیں اس اتحاد کا مظاہرہ نہیں کرتیں جیسا کہ ابھی اڈانی کے فراڈ پر پارلیمینٹ کے اندر دیکھنے کو ملا ہے اس کے بغیر بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کئے جا نے کے آثار ابھی معدوم ہیں،اس لئے کہا جاسکتا ہیکہ کانگریس کیلئے ابھی دلّی دور ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر