بخاری شریف کے اندر اسلامی زندگی کا پورا نظام العمل موجود ہے، دارالعلوم وقف دیوبند میں شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے دیا بخاری شریف کا آخری درس۔
اسلامی طرز عمل پر اسلام کی دعوت امت کے ہر طبقہ تک پہنچائیں: مولانا محمد سفیان قاسمی۔
دیوبند: سمیر چودھری۔
عظیم علمی دانش گاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں ختم بخاری شریف و درس مسلسلا ت کے موقع پر ایک دعائیہ جلسہ کاانعقاد کیاگیا۔ اس دوران ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے اپنے خصوصی خطاب کے دوران طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ اپنے علم کو عمل کے سانچے میں ڈھال کر اخلاص و تقویٰ کے ساتھ حفاظت دین اور خدمت اسلام کے فرائض انجام دیں، اسلام کے پیغام کو اقصائے عالم میں عام کرنے کے لئے موجودہ وقت کے تقاضوں کو ملحوظ رکھتے ہوئے حفاظت دین اور خدمت اسلام کے لئے جدید وسائل کو استعمال میں لاکر امت کی رہنمائی کا فریضہ انجام دیںاور اسلامی طرز عمل پر اسلام کی دعوت کو امت کے ہر طبقہ تک پہنچائیں۔ مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہا کہ آپ کو دین اسلام کی خدمت کے لئے منجانب اللہ منتخب کیا گیا ہے، آپ کی ذمہ داری ہیکہ جہود وکاوش کو سامنے رکھتے ہوئے میدان عمل میں اپنا ایک امتیاز قائم کریں ۔آپ دنیا کے موجودہ احوال پر نظر ڈالیں اور اس تناظر میں مستقبل کے لئے لائحہ ¿ عمل تیار کریں،جس علم کو آپ نے یہاں سے حاصل کیا ہے اپنے تمام معاملات کو اسی علم کے سانچے میں ڈھالیں، اب آپ کے تجربات کا دور شروع ہورہا ہے اس لئے اپنا موقف اور نصب العین طے کریں ۔ اس موقع پر انہوں نے حدیث تسلسل بالماءوالتمر کے فضائل و خصائص پر تفصیل سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ اسلام میں نسبتوں کے تحفظ کا عظیم پیمانے پر اہتمام کیا گیا ہے، انہوںنے طلبہ حدیث کواپنی تمام اسناد سے روایت حدیث کی اجازت سے بھی نوازا۔دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے بخاری شریف کاآخری درس دیتے ہوئے کہا کہ امام بخاری کا اخلاص، تقویٰ اور للہیت ہی ہے کہ آج زمانہ اور عرصہ گذرجانے کے باوجود بخاری شریف کے مقام و مرتبہ میں کوئی کمی نہیں آئی۔ انہوں نے آخری حدیث سیر حاصل گفتگو کی اور کہا کہ امام بخاری کی ذہانت ان کے بے مثال تراجم سے عیاں ہےں، انھوں نے کہا کہ امام بخاری کے تراجم ابواب کا ایک بڑا وصف احقاق حق و ابطال باطل ہے، امام بخاری نے اپنے مخصوص پیرایہ میں تمام باطل نظریات اور غلط و فاسد دعاوی کا مسکت و مدلل جواب دیا ہے،علاوہ ازیں بخاری شریف میں ان کا مقصد صرف جمع احادیث ہی نہیں بلکہ مکمل اسلامی زندگی پیش کرنا بھی ہے اس میں ایک اسلامی زندگی کا پورا نظام العمل موجود ہے،انہوں نے طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ روایتی طالب علم کے دور سے نکل رہے ہےں اور باضابطہ عالم کی حیثیت سے متعارف ہوں گے اس لئے آپ کے لئے لازمی ہے کہ جو کچھ آپ نے یہاں اپنے اساتذہ سے حاصل کیا ہے انہیں عملی زندگی میں لائیں، نیز قرآن و سنت اور حیات اکابر سے اپنا رشتہ مضبوطی کے ساتھ قائم کریں۔ انہوں نے طلبہ کو اس بات کی تلقین کی کہ اپنے اندر فکرنانوتویؒ پیداکریں اور علمائے دیوبند کے وصف خاص یعنی وصف اعتدال کو اپنی زندگی کے ہر زاویے میں اختیار کریں ، نیز اپنے اندر خشیت الٰہی، تقویٰ اور خلوص و للہیت پیدا کریں اور ہمیشہ اس بات کو ملحوظ رکھیں کہ آپ ایک عظیم نسبت کے حامل ہےں لہٰذا اس نسبت کا لحاظ رکھتے ہوئے ادارہ کی نیک نامی کا ذریعہ بن کر امت کی خدمت کا فریضہ انجام دیں۔ قبل ازاں اجلاس کا آغاز قاری محمد واصف کی تلاوت سے ہوا، نظامت کے فرائض مفتی محمد احسان قاسمی نے انجام دیئے۔ مولانا سید احمد خضرشاہ مسعودی کی رقت آمیز پر دعاءپر اجلاس کا اختتام ہوا، اس موقع پر جملہ اساتذہ دارالعلوم وقف دیوبند کے علاوہ کثیر تعداد میں علاقہ کے لوگوں کے ساتھ ملک کے مختلف حصوں سے تشریف لائے اہم مہمانان کرام بھی شریک رہے۔
0 Comments