Latest News

حکومت کی اقلیتوں کے تئیں نیت صاف نہیں ہے، اقلیتی بجٹ میں تخفیف پر کانگریس کا شدید احتجاج، صدر جمہوریہ کو بھیجا میمورنڈم۔

سہارنپور: سمیر چودھری۔
اترپردیش کانگریس اقلیتی سیل کی اپیل پر ضلع سہارنپور کے کانگریس کارکنان نے کلکٹریٹ احاطہ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے صدر جمہوریہ ہند کو مخاطب ایک میمورنڈم ضلع انتظامیہ کو سونپا۔
کانگریس کارکنان نے 2023-24 کے بجٹ میں اقلیتی امور کے فنڈ میں 38 فیصد تک کی کمی کئے جانے کے سرکار کی تجویز کی مخالفت کی۔ کانگریس کے ضلع صدر چودھری مظفر علی ،پی سی سی رکن جاوید صابری سہارنپور شہر صدر ورون شرما اور اقلیتی سیل کی ضلع صدر ڈاکٹر یاسمین راﺅ کی قیادت میں کانگریس کارکنان نے زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت ہند سے بجٹ کی اس تجویز کو فوراً واپس لئے جانے کا مطالبہ کیا۔ 
اس موقع پر پی سی سی رکن جاوید صابری نے کہا کہ حکومت نے اقلیتوں کے لئے پیری میٹرک وظیفہ اور کوشل وکاس اسکیم کے لئے دی جانے والے فنڈوں میں بھی زبردست تخفیف کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مودی حکومت نے اقلیتی اداروں میں بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کا وعدہ کیا تھا اور اس بار بجٹ میں اس کے لئے صرف 10 کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ جاوید صابری نے کہا کہ 2022-23 میں مدارس اور اقلیتوں کے لئے تعلیمی اسکیم کے لئے 60 کروڑ روپے مختص ہوئے تھے اور اس مرتبہ اس میں اضافہ کرنے کے بجائے اس میں تخفیف کرکے صرف 10کروڑ روپے کردیئے گئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی اقلیتوں کے تئیں نیت صاف نہیں ہے اور وہ ہمیشہ اقلیتوں کو دیئے جانے والے مراعات کو ختم کرتی جارہی ہے۔ جب کہ کانگریس نے ہمیشہ اقلیتی طبقے کو اوپر اٹھانے کے لئے بہت سی اسکیمیں شروع کیں اور انہیں مین اسکیم میں جوڑنے کا کام کیا ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقلیتوں کو دی جانے والی مراعات کو بحال کیا جائے۔ کانگریس کے ضلع صدر چودھری مظفر علی اور اقلیتی سیل کی ضلع صدر ڈاکٹر یاسمین راﺅ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقلیتی طبقے کے بجٹ میں 38 فیصد تک کی تخفیف مرکزی حکومت کی اقلیتی مخالف سوچ کو ظاہر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2022-23 میں اقلیتی معاملوں کی وزارت کی جانب سے بجٹ 5020.5 کروڑ روپے تھا وہیں اس مرتبہ اس میں تخفیف کرکے 3097 کروڑ روپے کردیا گیا۔ انہو ںنے اسے اقلیتی طبقے کے ساتھ سرکار کی جانب سے ناانصافی قرار دیا۔ 
مظاہرہ کرنے والوں میں ، گنیش دت شرما، نریندر شرما، دھرم پال جوشی، اسرار ملک، نصیب خان، منیش سہگل، عارش صدیقی، شاہین خان، سریندر گپتا، سوم پال کیشپ، گلشیر علوی، اکرام خان ، نواب علی، اجے تیاگی، اسعد صدیقی، یونس صدیقی، عارف منصوری، محمد کاشف، نند کشور، ارشد سونی، اجگر عالم ، محمدارشد پردھان، محمد ارشاد وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر