Latest News

رمضان المبارک خصوصی ریاضت وعبادت کا مہینہ ہے، ماہ صیا م میں مستحقین کو صدقہ وخیرات پہنچانے کا خاص اہتمام کریں : مولانا سید احمد خضر شاہ۔

 دیوبند: سمیر چودھری۔ 
ایک دن کے بعد انشاء اللہ اس ماہ مبارک کا آغاز ہونے والا ہے جس کا انتظار 11مہینوں تک پوری دنیا کے مسلمان کرتے ہیں۔ یہ مہینہ خصوصی ریاضت وعبادت کا مہینہ ہے ، جس کو ہم ماہ صیام یا رمضان المبارک کہتے ہیں۔ مسلمان اس ماہ مبارک میں روزہ رکھتے ہیں اور پورے خشوع وخضوع کے ساتھ عبادات میں مشغول رہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دارالعلوم وقف دیوبند کے شیخ الحدیث اور جامعہ امام محمد انور شاہ (معہد انور) کے مہتمم مولانا سید احمد خضر شاہ مسعودی نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ریاضت وعبادات اور خالصتاً اللہ کا مہینہ ہے ۔ خود حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان سے تین ماہ قبل اس ماہ مبارک کی آمد کے استقبال کی تیاری کرتے تھے ، بلکہ صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین بھی رمضان سے قبل تمام تیاریاں مکمل کرلیتے تھے۔ مولانا سید احمد خضر شاہ نے بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے میری امت کو پانچ ایسی چیزیں عطا فرمائیں جو سابقہ امتوں کے حصہ میں نہیں آئی ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ رمضان المبارک کی پہلی ہی رات سے خداوند قدوس اپنے بندوں پر نظر رحمت ڈالتے ہیں، اللہ تعالیٰ کی اس نظر عنایت سے بندگان خدا متعدد فیض حاصل کرتے ہیں۔ چاند رات سے ہی شیاطین کو قید کردیا جاتا ہے، دوزخ کے تمام دروازے بند کردیئے جاتے ہیں اور جنت کے تمام دروازے کھول دیئے جاتے ہیں۔ ایک فرشتہ آوازیں لگاتا ہے کہ خیر کے چاہنے والو خیر کی طرف آگے بڑھو ۔ مولانا موصوف نے بتایا کہ رسول پرنور صلی اللہ علیہ وسلم نے شعبان کے آخری ایام میں یہ نصیحت فرمائی کہ اے مومنو تمہارے اوپر ایک عظیم الشان مہینہ سایہ فگن ہونے والا ہے جو بے انتہا برکتوں والا ہے، اس میں ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس ماہ میں دن میں روزہ کو فرض اور رات میں تراویح کو سنت قرار دیا ہے۔ آخر میں مولانا موصوف نے کہا کہ اس ماہ میں مساکین وغرباء کا خاص خیال رکھیں اور صدقہ وخیرات اپنے قریبی رشتہ داروں اور مستحقین تک پہنچانے کا اہتمام کریں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر