Latest News

خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کی گئی رمضان کے دوسرے جمعہ کی نماز، جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار ہے: مولانا سید ارشدمدنی، متعدد مساجد میں علماءکا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
گذشتہ رات سے ہورہی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا ئے رکھا اور اسی دوران رمضان کے دوسرے جمعہ کو سہانے موسم مےں روزہ داروں نے دیوبند کی متعدد مساجد میں پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی ۔دارالعلوم دیوبند کی مسجد چھتہ میں نماز جمعہ کے بعد جمعیة علماءہند کے قائد اور معروف عالم دین مولانا سید ارشد مدنی نے اپنے خطاب کے دوران جمعہ کے دن کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ جمعہ تمام دنوں کا سردار ہے ۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ حضرت آدم علیہ السلام کے دنیا میں آنے کا دن بھی جمعہ کا ہی ہے۔ دنیا کو آباد کرنے کے لئے اور قیامت کے لئے بھی جمعہ کا دن ہی مقرر کیا گیا ہے۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ اہل جنت کو اللہ کا دیدار ہوگا وہ بھی جمعہ کے دن کے فاصلے پر ہوگا۔ جمعہ کے دن ہر لمحہ اللہ کی رحمت ناز ل ہوتی ہے،قرآن کریم کے نازل ہونے کا دن بھی جمعہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اورجمعہ دونوں بڑے قیمتی ہیں اسلئے اس پورے ماہ میں اور خاص طور پر جمعہ کے روز زیادہ سے زیادہ عبادت میں مشغول رہنا چاہئے۔مولانا ارشد مدنی نے کثرت سے عبادت اور ذکر واذکار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانیت کے کام آنے والوں اور نیکی کے راستہ پر چلنے والوں کو ہی اللہ تعالیٰ دنیا اور آخرت میں اجر عظیم سے نوازتے ہیں ۔دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں معروف عالم دین مولانا مفتی عفان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی ،بعد ازیںاپنے بیان میں کہا کہ رمضان المبارک میں ہمیں اللہ کی بار گاہ میں سر بسجود ہوکر توبہ واستغفار کرنے کے ساتھ اپنی مغفرت کی دعائیں کرنی چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے مہینہ میں اللہ تبارک وتعالیٰ کا دربار ہر وقت کھلا ہوا ہے کسی بھی وقت اللہ تعالیٰ سے توبہ استغفار کرکے اپنے گناہوں کی معافی مانگ لینی چاہئے ۔ دارالعلوم وقف دیوبند کی اطیب المساجد میں ادارہ کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نماز جمعہ ادا کرائی۔نماز کے بعد مولانا سفیان قاسمی نے اپنے خطا ب کے دوران رمضان المبارک کی اہمیت وفضیلت سے متعلق تفصیلات بیان کیں اور امن عالم کے لئے دعاءکرائی ۔ دیوبند کی مرکزی جامع مسجد میں جامعہ زینب للبنات کے استاذ مفتی اخیار الٰہی نے نماز جمعہ ادا کرائی۔ اس کے علاوہ جامعہ مسجد پٹھانپورہ ،مسجد خانقاہ،مسجد عالی شان،مسجد کمال شاہ،قاضی مسجد اور قدیم مسجد سمیت سبھی مساجد میں نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ نماز جمعہ ادا کی گئی اور ملک کی ترقی ،خوشحالی اور امن وسلامتی کی دعائیں کی گئیں۔اس دوران کچھ مسجدوں میں نماز قبل خطیبوں نے روزہ اور نماز کی اہمیت بیان کرتے ہوئے رمضان المبارک میں کثرت سے عبادت کرنے کی نصیحت کی ۔جگہ کی کمی اور نمازیوں کی تعداد بہت زیادہ ہونے کے باعث بہت سی مساجد میں چھتوں پر نماز ادا کرنے کے انتظامات بھی کئے گئے ۔وہیں دوسری جانب دیوبند کے قرب وجوار و دیہی علاقوں کی مساجد میں بھی نماز جمعہ اداکی گئی۔نماز کے بعد روزہ داروں اور عقیدت مندوں نے دیوبند کے بازاروں میں پہنچ کر خریداری کی ۔دیوبند میونسپل بورڈ کی جانب سے مساجد کے آس پاس صفائی ستھرائی کے انتظامات اور چونا چھڑکنے کا اہتمام کیا گیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر