Latest News

ہولی کے دن جگہ جگہ فرقہ وارانہ تشدد، مختلف گروہ آپس میں بھی جھگڑپڑے، کئی ہلاکتیں، درجنوں زخمی، ہزاری باغ میں غیر اعلانیہ کرفیو۔

نئی دہلی: ہولی کے موقع پر ملک بھر میں جگہ جگہ تشدد کی وارداتیں رونما ہوئی، کہیں مختلف گروپ آپس میں لڑپڑے، کہیں شرپسندوں نے معاملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی بھی کوشش کی، اس دوران کئی لوگوں کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ جگہ جگہ شرپسندوں کے ذریعے مسجدوں کے سامنے ڈی جے بجائے جانے اور مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز نعرے لگانے کی بھی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ ادھر بیگوسرائے میں دو نابالغ بچیوں کے ساتھ جنسی درندگی کی لرزہ خیز واردات سامنے آئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بہار کے ضلع بیگوسرائے میں ہولی کے دن نشے میں دھت شخص نے دو نابالغ لڑکیوں کی عصمت دری کرنے کی کوشش کی۔ اس نے ایک لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی جبکہ دوسری لڑکی زیادتی سے بچ گئی لیکن اس شخص نے اسے بری طرح زخمی کر دیا۔ اس وقت اسپتال میں دونوں کا علاج جاری ہے۔ متاثرہ کی حالت تشویشناک ہے۔ یہ سارا واقعہ صاحب پور کمال علاقہ کے ایک گاؤں کا ہے۔ گاؤں میں کشیدگی کی صورتحال ہے۔ واقعہ کے بعد مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ دونوں لڑکیاں گاؤں کے ہی اسکول کے احاطے میں کھیل رہی تھیں۔ اس کے بعد ایک شرابی چھوٹو مہتو وہاں پہنچا اور دونوں کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے کی کوشش کی۔ اس واقعے میں ایک لڑکی جنسی زیادتی کا نشانہ بن گئی جب کہ دوسری کو دانت کاٹ کر بری طرح زخمی کردیا۔اس معاملے میں متاثرہ کے اہل خانہ نے بتایا کہ دونوں لڑکیاں اسکول کے احاطے میں جھولا لگانے گئی تھیں۔ اسی دوران نشے میں دھت چھوٹو مہتو نے دونوں لڑکیوں کو پکڑنے کی کوشش کی، جس کے بعد دونوں لڑکیاں اسکول کے بیت الخلا میں بند ہوگئیں، لیکن ملزم بیت الخلا کی چھت کو عبور کرکے بیت الخلا میں داخل ہوا اور ان میں سے ایک لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی واردات کو انجام دیا جبکہ دوسری لڑکی نے بھاگنے کی کوشش کی تو اس نے اسے اپنی ہوس کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم وہ کسی طرح بچ گئی۔ حالانکہ ملزم نے اسے بری طرح زخمی کر دیا ہے۔ دونوں لڑکیاں صدر اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ وہیں اس معاملہ پر بیگوسرائے کے ہیڈ کوارٹر ڈی ایس پی نشیت پریا نے کہا کہ اس واقعہ میں جہاں ایک لڑکی کو ملزم نے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، وہیں دوسری لڑکی زخمی ہوگئی۔ اس معاملے میں اطلاع ملنے پر ملزم کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے، اس معاملہ میں مزید تفتیش جاری ہے۔ادھر بیتیا پولیس ضلع کے مجھولیا بلاک واقع مادھو پور گاؤں میں گذشتہ رات فریقین میں جم کر مارپیٹ کی اطلاع ملی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ فریقین میں سے تقریباً درجنوں لوگ زخمی ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم موقع پر پہنچ کر لوگوں کو سمجھایا تب جا کر معاملہ پر سکون ہوسکا ۔ جبکہ پولیس جائے وقوع پر ابھی بھی کیمپ کر رہی ہے۔واقعہ کے بارے میں آج بتایا گیا کہ مادھو پور میں ہولی کو لیکر مقامی فریقین میں جم کر مارپیٹ ہوئی اور دونوں فریقین کے لوگ تقریباچھ چھ زخمی ہوئے ہیں۔ جبکہ مغربی چمپارن کے ضلع مجسٹریٹ کندن کمار بتیا ایس پی اوپیندر ناتھ کے ساتھ درجنوں تھانوں کی پولیس پہنچ گئی تھی۔ جائے وقوع پر صورتحال قابو میں بتائی جارہی ہے۔ہولی کے دن مسجد کے سامنے ۴۰کی تعداد میں ڈی جے بجا رہے تھے ، جب ڈی جے نہ بجانے سے منع کیا گیا تو دونوں فریق آپس میں لڑ پڑے۔ جس کے بعد جھڑپ شروع ہوئی اور اس کے بعد دونوں طرف سے شدید لڑائی ہوئی۔اس دوران شیخ شبیر نامی شخص کا انتقال ہوگیا ۔ ان کا پوسٹ مارٹم بیتیا اسپتال میں کیا گیا ہے۔ خبر لکھے جانے تک پولیس تفتیش کر رہی ہے اور درجنوں کو حراست میں بھی لیا ہے۔

دیوبند میں ہولی کے موقع پر رنگ ڈالنے کو لیکر ہوئے تنازعہ میں دو فریق کے درمیان مارپیٹ ہوگئی، دونوں جانب سے چلے لاٹھی ڈنڈوں میں دھار دار ہتھیاروں سے کئی لوگ زخمی ہوگئے، ہولی کے موقع پر ہوئے اس تصادم کے سبب پورے علاقہ میں افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی، دونوں فریق نے کوتوالی پہنچ کر ایک دوسرے کے خلاف کارروائی کے لئے تحریر دی ہے، پولیس نے سبھی زخمیوںکو میڈیکل کے لئے اسپتال میں داخل کرایا۔
واضح رہے کہ ہولی کے دن سبھی لوگ جشن منارہے تھے کہ اسی دوران محلہ جوشی واڑہ میں دو فریق کے درمیان زبردست مارپیٹ ہوگئی،اس دوران سرِ راہ جم کر لاٹھی ڈنڈے اور دھار دار ہتھیار چلے ،جس میں ارجن سنگھل،ارون سنگھل اور انکور سنگھل سمیت کئی لوگ زخمی ہوگئے۔ جنہیں میڈیکل کے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جاتاہے کافی دیر تک ہوئی مارپیٹ کے سبب افراتفری کی صورتحال پیدا ہوگئی،اطلاع ملنے پر پولیس نے بھی موقع پر پہنچ کر تفصیلات معلوم کی،بعد میں دونوں جانب کے لوگوں نے کوتوالی پہنچ کر ایک دوسرے کے خلاف تحریر دے کر کارروائی کی مانگ کی۔کوتوالی انچارج ایچ این سنگھ نے بتایاکہ تحریر کی بنیاد پر معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے، جانچ کے بعد قصوروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
قومی راجدھانی دہلی کے مضافات میں واقع منڈکا میں ہولی کے موقع پر بدھ کو ہونے والے خونیں تشدد میں دو افراد ہلاک اور پانچ دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ مرنے والوں کی شناخت سونو اور نوین کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ کرائم برانچ اور ایف ایس ایل کی ٹیم نے بھی موقع پر پہنچ کر تحقیقات کی ہیں۔دہلی پولیس کے مطابق پولیس کنٹرول روم کو دوپہر کے وقت منڈکا کے فرینڈس انکلیو علاقہ سے ایک شخص پر حملہ کئے جانے، چاقو مارنے اور ہلاکت کے حوالے سے تین کالیں موصول ہوئیں۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس، آؤٹر زون، ہریندر کے سنگھ نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور پتہ چلا کہ وہاں کے رہائشی سونو اور ابھیشیک کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ابھیشیک اور اس کے دوستوں نے سونو اور اس کے ساتھ کھڑے لوگوں کو بھی چاقو مارا اور مار پیت کی۔ اس کے بعد ابھیشیک کو بھی پکڑ لیا اور چاقو مار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ منڈکا کے علاقے میں واقع ایک نمکین کے کارخانے میں مزدوری کرتے تھے۔ حملے کی ابتدائی وجہ حتمی طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہے۔پولیس کے مطابق کل سات زخمیوں کو قریبی اسپتال لے جایا گیا، جہاں سونو اور نوین کو مردہ قرار دے دیا گیا، جبکہ ابھیشیک اور ایک دوسرے شخص کو شدید زخمی حالت میں صفدر جنگ اسپتال ریفر کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر تین کی حالت مستحکم ہے اور وہ قریبی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ڈی سی پی نے کہا کہ کرائم اور ایف ایس ایل ٹیموں کو موقع پر روانہ کیا گیا اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ادھر بریلی میں رنگ پھینکنے کو لے کر دو فریقوں میں بھی مارپیٹ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ یہاں خاتون نے رنگ پھینکنے کو لے کر گالی گلوج اور نوجوان کو تھپڑ ماردیا، جس کے بعد نوجوان نے خاتون کے ساتھ بدتمیزی کی، دونوں فرریق کی مارپیٹ کا واقعہ سی سی ٹی وی میں قید ہوگیا ہے، پولس نے ایک کو گرفتار کرلیا ہے۔ واقعے کا ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے بتایا جارہا ہے کہ تھانہ برادری علاقے کی سن رائز کالونی کا یہ ویڈیو ہے، ویڈیو میں دونوں فریق کے درمیان لاٹھی، ڈنڈوں سے لڑائی جارہی ہے اس دوران کئی رائونڈ فائرنگ کی بھی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔ ادھر ہزاری باغ میں ہولی کی شب دو فریق میں پرتشدد جھڑپ ہوئی ہے اس جھڑپ میں دونوں طرف سے لوگ زخمی ہوئے ہیں، جبکہ برہی کے ایس ڈی پی او ناظر اختر سمیت کئی پولس اہلکار بھی زخمی ہوگئے ہیں، دونوں طرف پتھر بازی ہوئی جس میں دس لوگوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہے، علاقے میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذلگا دیا ہے۔ اس معاملے میں کچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیاگیا ہے، موقع واردات پر دیسی کٹہ کے ساتھ گولہ بارود بھی برآمد ہوئے ہیں، علاقے میں حالات کشیدہ ہیں، سیکوریٹی فورسیز تعینات کردی گئی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر