Latest News

مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر مولانا سید فخرالدین اشرف کا انتقال، مختلف حلقوں میں غم کی لہر، مریدین میں رنج وملال، بورڈ نے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔

نئی دہلی:  آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر اور کچھوچھہ شریف کے سجادہ نشین حضرت مولانا سید فخرالدین اشرف کا انتقال پر ملال ہوا جس کے بعد علمی حلقہ ان کے مریدین کے مابین شدید رنج و ملال ہے۔ سید فخر الدین اشرف حضرت مخدوم اشرف کے خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ابتدائی تعلیم کچھوچھہ میں ہوئی، اعلی تعلیم حاصل کرنے کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا رخ کیا جہاں پر انہوں نے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اس کے بعد امبیڈکر نگر کے مقامی عدالت میں وکالت کا پیشہ اپنایا بعد میں کچھوچھہ درگاہ کے سجادہ نشین بنے۔ سید ظفرالدین اشرف کے انتقال کے بعد ان کی جگہ سجادہ نشین بنایا گیا۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ حضرت مولانا سید شاہ فخر الدین اشرف صاحبؒ سجادہ نشیں خانقاہِ مخدوم اشرف کچھوچھہ شریف کی وفات ملت اسلامیہ کے لئے بڑا حادثہ ہے، وہ بڑے مصلح،مربی اور عالم دین تھےاور ہزاروں لوگ ان کے دامنِ تربیت سے وابستہ تھے، اعتدالِ فکر ان کا خاص مزاج تھا، وہ مسلک و مشرب سے اوپر اٹھکر ملت ِاسلامیہ کے لئے کام کرتے تھے، اتحاد ِامت کے داعی تھے اور وہ اِس وقت آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سینئر نائب صدر تھے، بورڈ کی میٹنگوں میں ان کی رائے کو بڑی اہمیت دی جاتی تھی، اور سبھی شرکاء ان کی گفتگو کو عقیدت و محبت سے سنتے تھے، وہ اس بات کے لئے کوشاں رہتے تھے کہ امت کو اختلاف و انتشار سے محفوظ رکھا جائے، ان کی وفات نے بڑا خلا پیدا کردیاہے، اللہ تعالی ان کے درجات کو بلند کرے اور ملت کو ان کا بدل عطا فرمائے، بورڈ اس غم انگیز موقع پر خانقاہ اشرفیہ کچھوچھہ شریف کو تعزیت پیش کرتا ہے۔مولانا محمود احمد خاں دریابادی (رکن عاملہ بورڈ و جنرل سکریٹری علماء کونسل) نے کہاکہ ’’مولانا فخرالدین اشرف سجادہ نشین سرکار کلاں کچھوچھہ شریف کا انتقال ملت کا بڑا نقصان ہے، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر بھی تھے ـ انتہائی حلیم الطبع،نرم گفتار اور سادہ مزاج بزرگ تھے، ابھی پچھلے ماہ لکھنو کی عاملہ میں ملاقات ہوئی تھی، چہرے سے سادات کرام کا نور اور شرافت ظاہر ہوتی تھی، بورڈ کی میٹنگوں میں پابندی سے شریک ہوتے تھے اور باوقار انداز میں آخر تک شامل رہتے تھے ـہر مرتبہ میری دعوت پر ممبئی آنے کا وعدہ کرتے تھے مگر اتفاق ایسا ہوا کہ ہر بار کوئی ایسا درپیش ہوتا کہ سفر ملتوی ہوجاتا تھا ـبورڈ میں اُن کی کمی بہت محسوس کی جائے گی، اللہ تمام پسماندگان کو صبر جمیل عطافرمائے اور کوانکے نعمل البدل سے نوازے ـ۔سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ’’بہت افسوسناک! مسلم پرسنل لاء بورڈ کے نائب صدر، سجادہ نشین، کچھوچھہ شریف جناب سید فخرالدین اشرف کا انتقال، ناقابل تلافی نقصان! اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو سکون عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت دے۔ دلی خراج عقیدت!‘‘ ایم آئی ایم سربراہ او رممبر پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے ٹوئٹ کرکے لکھا کہ خانقاہ اشرفیہ کچھوچھہ مقدّسہ کے معروف عالم دین، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سابقہ نائب صدر حضرت فخرالمشائخ مولانا ڈاکٹر سیّد محمّد فخرالدین اشرف اشرفی جیلانی (سجادہ نشین کچھوچھہ مقدّسہ) کا انتقال پرملال امّت مسلمہ کے لیے عظیم خسارہ ہے، میں حضرت کے پسماندگان کو تعزیت پیش کرتا ہوں اور دعا گو ہوں کہ اللہ ﷻ ان کے درجات کو بلند کرے، اور امّت کونِعمُ البَدَل عطا فرمائے۔ سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما ابو عاصم اعظمی نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے لکھا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے نائب صدر اور علمی و روحانی شخصیت علامہ سید شاہ فخر الدین اشرف اشرفی جیلانی کچھوچھوی، السمنانی کے انتقال کی خبر بڑی افسوسناک ہے۔ اللّٰہ سبحانہ تعالیٰ انہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل کی توفیق ہو۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر