رمضان المبارک امت مسلمہ کے لئے تحفہ خداوندی ہے ، اس ماہ مبارک میں شب وروز عبادت میں مشغول رہ کر اللہ کا تقرب حاصل کیا جاسکتا ہے ، اس کے علاوہ رمضان المبارک کو دیگر مہینوں پر وہی فضیلت حاصل ہے جو قرآن کریم کو دیگر کتابوں پر حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار یوپی رابطہ کمیٹی کے سکریٹری فاضل دارالعلوم اور علی گڑھ یونیورسٹی کے سابق خادم ڈاکٹر عبیداقبال عاصم نے ماہ صیام کی نسبت سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں جس قدر ممکن ہو تلاوت قرآن پاک کا اہتمام کرنا چاہئے۔ کیوں کہ قیامت کے دن قرآن کریم اور ماہ صیام میں رکھے جانے والے روزے شفاعت کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا اس ماہ مبارک میں تمام صاحب استطاعت افراد کو بڑھ چڑھ کر غرباءمساکین ، مستحقین وضرورت مندوں کی خبر گیری رکھنا چاہئے۔ ایک روایت کے مطابق خود سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک میں کثیر مقدار میں صدقات اور خیرات کا اہتمام کیا کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خداوند قدوس کا فرمان ہے جو شخص کسی بے لباس مسلمان کو کپڑے پہنائے گا تو اللہ اس کو جنت کے سبز ریشم کا لباس پہنائے گا ۔ اسی طرح جو مسلمان کسی بھوکے کو کھانا کھلائے گا اللہ اس کو جنت کے میوے کھلائے گا اور پیاسے مسلمان کو پانی پلانے والے کو جنت کا عمدہ پانی پلایا جائے گا جو نہایت لذیذ اور خشک ذائقہ ہوگا ۔ اس کے علاوہ رمضان المبارک میں اپنے دسترخوان پر مہمان کو بلانے کا بھی اہتمام کرنا چاہئے ، بالخصوص افطار کے وقت لوگوں کو شریک کرنا چاہئے کیوں کہ مذہب اسلام میں مہمان نوازی کی بڑی اہمیت اور اجر ہے۔ مہمان نوازی کی تاکید بھی ہے کیوں کہ خود نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مہمانوں کی بہت زیادہ عزت وتکریم اور خاطر مدارات کیا کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ مہمان نوازی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت مبارکہ ہے اور دیگر انبیاءکرام کا پسندیدہ عمل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ جس گھر میں مہمان ہوں وہاں خیر وبرکت بہت تیزی کے ساتھ آتی ہے اس لئے اس ماہ مبارک میں زیادہ سے زیادہ تلاوت کلام پاک کرتے ، صدقہ خیرات ، غرباءمساکین ، ضرورت مندوں کی حاجت روائی کا خصوصی اہتمام کرنا چاہئے۔
0 Comments