دیوبند: سمیر چودھری۔
فائینانس کمپنی میں رقم لگاکر اور بڑامنافع دینے کے نام پر کروڑوں روپیہ کی ٹھگی کرنے کامعاملہ روشنی میں آیاہے،کمپنی کافی وقت سے اپنے انویسٹروں کو منافع دے رہے تھیں لیکن گزشتہ کچھ ماہ سے پیسہ نہ ملنے کے سبب انویسٹروں میں تشویش پائی جارہی تھی ،اسی سبب گزشتہ روز کافی تعداد میں کمپنی میں رقومات لگانے والوں نے دیوبند کوتوالی پہنچ کر پولیس سے مطالبہ کیا کمپنی کا دیوالیہ بتاکر کئی کروڑ روپیہ کی رقم ہڑپ کر جانے والے ملزمان خلاف کارروائی کرکے ان کی رقومات واپس دلائے۔پولیس کاکہناہے کہ وہ ملزمان سے اس سلسلہ میں پوچھ تاچھ کررہی ہے۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز بڑی تعداد میں لوگ دیوبند کوتوالی پہنچے اور پولیس کو بتایاکہ زیادہ منافع دینے کے نام پر ایک کمپنی نے ان کی بڑی بڑی رقومات ہڑپ کرلی ہیں۔ دیوبند کے علاوہ دہلی، رامپور منیہاران، مظفرنگر، سہارنپور اور روڑکی کے علاوہ دیگر مقامات سے آنے والے لوگوں کاکہناہے تھاکہ محلہ خانقاہ دیوبند کے عیدگاہ روڈ پر فنیس ٹیکس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے نام سے ایک کمپنی کافی عرصہ سے کام کررہی تھی،اس کمپنی کے مالکان نے ان کے کروڑوں روپیہ ہضم کرلئے ہیں ،کمپنی مالکان کمپنی کا دیوالیہ بتاکر رقومات لگانے والوں کو بے قوف بنارہے ہیں اور دبئی بھاگنے کی تیاری میں ہیں، دہلی سے آنے والے کئی لوگوں نے بتایاکہ کمپنی کے دونوں مالکان دیوبند کے باشندہ ہیں ،جنہوں نے اپنا ایک آفس دہلی میں بھی کھول رکھاہے، لیکن گزشتہ تین دنوں سے ان کے سبھی آفس بند ہیں۔ کوتوالی انچارج ایچ این سنگھ کا کہناہے کہ اس سلسلہ میں دو ملزمان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے، انہوں نے بتایاکہ ان میں ایک ملزم لوک سبھا ٹی وی میں براڈ کاسٹ انجینئر کے طورپر کام کرچکاہے۔ مذکورہ انجینئر اور اس کا ایک رشتہ دار(ہم زلف) ایک ساتھ اس کمپنی کو چلارہے ہیں۔ ملزمان کاکہناکہ انہوں نے لوگوں کو منافع دیا ہے لیکن اب ان کی کمپنی دیوالیہ ہوگئی ہے،لیکن رقومات لگانے والوں کو وہ مطمئن نہیںکرپائے اور نہ ہی کمپنی کے دیوالیہ ہونے کا کوئی اطمینان بخش جواب دے پارئے ،پولیس کاکہناہے کہ دہلی اور دیوبند سمیت متعدد مقامات پر لوگ کمپنی مالکان کی فریب دہی کی شکایات لیکر پہنچے ہیں لیکن اس سلسلہ میں کسی نے کوئی تحریر نہیں دی ہے، پولیس ملزمان سے پورے معاملہ کی پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ادھر یہ بھی بتایاکہ گیاہے کہ دیوبند کوتوالی میں پولیس کی موجودگی میں کچھ انویسٹروں اور کمپنی مالکان اور کے درمیان ایک تحریری معاہدہ ہواہے،اس معاہدہ کے تحت کمپنی آئندہ ماہ سے لوگوں کو رقومات واپس کرناشروع کرے گی۔