Latest News

احتیاط اور آداب کے ساتھ سفر کریں طلبہ: سالانہ تعطیل کے موقع پر تنظیم فضلائے دیوبند کے نائب صدر مولانا عبداللہ ابن القمر الحسینی کی اپیل۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
تنظیم فضلائے دیوبند کے نائب صدر مولانا عبداللہ ابن القمر الحسینی نے پریس کو جاری اپنے ایک بیان میں کہاکہ الحمد للہ طلبائے عزیز کی ایک بڑی جماعت سالانہ تعطیل میں گھروں کی طرف روانہ ہونے والی ہے۔ طلبائے عزیز آداب سفر کا خوب مطالعہ کرکے دو رکعت صلوٰةِ حاجت پڑھ کر اللہ سے حفط و امان کی دعا کرکے سفر کا آغاز کریں۔ آج جب کہ شرپسند عناصر موقع کی تلاش میں ہوتے ہیں اور سوئے اتفاق کہ آپ کی تعطیل اور شب برائت نیز برادران وطن کا قومی تہوار ہولی سب کے ایک ساتھ ہیں۔ حکومت کی اپنی ذمہ داریاں ہیں لیکن آپ کی بھی اپنی ذمہ داریاںہیں۔ آپ کسی بھی جگہ پر جم غفیر کی شکل میں یکجا نہ ہوں، بس اڈوں پر، ریلوے اسٹیشنوں پر نماز کا وقت ہو اور مناسب موقع ہو تو شدہ شدہ نمازپڑھ سکتے ہیں ورنہ قضائمیں کوئی حرج نہیں ہے۔ ٹرین میں اندرون ٹرین موبائل عموماً بند رکھیں اور کسی بھی اختلافی اور سیاسی گفتگو سے پرہیز کریں۔ ٹرین آنے پر یکدم غیر متعلقہ اسٹیشن پر اترنے سے پرہیز کریں اور زادہِ راہ میں لحمیات سے اجتناب کریں۔ راستے بھر مسافروں کی سہولت کا خیال کریں اور گھر جا کر والدین کے ساتھ ساتھ چھوٹے بڑوں کا ادب و لحاظ کریں، محلہ کی مسجد کے امام سے حسن سلوک کا معاملہ کریں۔ آپ سے آپ کے والدین کے ساتھ ساتھ اعزہ و اقربائاور اہل محلہ ایک اچھی امید وابستہ رکھتے ہیں اس پر کھرے اتریں۔ آپ نے جو کچھ پڑھا ہے تقریر سے زیادہ عمل کرکے دکھائیں وہ زیادہ موثر ہوگا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر