دیوبند: سمیر چودھری۔
مدرسہ جامعہ دعوت الحق معینیہ چرر ہو( رام پور منہیاران) کے ناظم اعلیٰ اور جمعیة علماءہند کی مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر قاسمی نے رمضان المبارک برکات ، عبادات اور ریاضت کی تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا کہ مبارک مہینہ مردوں کی طرح خواتین کے لئے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے، بلکہ اللہ تعالیٰ نے اس ماہ مبارک کے لئے خواتین کو خاص سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے روزے ، تراویح ، صدقات ، تلاوت، دعا ودیگر اعمال صالحہ جہاں مردوں کے لئے ہیں وہیں خواتین کے لئے بھی ہیں،خواتین روزے وغیرہ تو رکھتی ہیں لیکن دیگر اعمال میں پیچھے رہتی ہیں، اس کی بنیادی وجہ رمضان المبارک کے احکام ومسائل سے عدم واقفیت ہے۔ مولانا شمشیر قاسمی نے کہا کہ جس طرح مردوں پر روزہ فرض ہے اور وہ اس ماہ مبارک میں اعمال خیر انجام دیتے ہیں ٹھیک اسی طرح خواتین کے لئے بھی حکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ماہ میں ہمیں ایک دوسرا کا زیادہ خیال رکھنا چاہئے کیونکہ روزہ صرف بھوک پیاس برداشت کرنے کا نام نہیں ، اس کے ساتھ ساتھ اپنے نفس کو قابو میں رکھنا بھی اہم ہے۔ انہو ںنے کہا کہ آداب وصیام یہ ہے کہ ہم جسمانی اعضا کو منکرات سے دور رکھیں ۔ مولانا شمشیر نے کہا کہ رمضان المبارک کی مخصوص عبادات کے ساتھ خواتین کو بھی مردوں کی طرح طاق راتوں میں شب بیداری کرنی چاہئے لیکن بیماری یا کمزوری نیز خاص مجبوریوں کے سبب جو روزے قضا ہوںگے ان کو بعد میں رکھنا ضروری ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جہاں مسافروں کے لئے نصف نماز معاف فرمائی ہے ، اسی طرح دودھ پلانے والی خواتین کو بھی روزہ رکھنے میں رعایت دی ہے۔ مولانا شمشیر نے کہا کہ مذہب اسلام میں روزے کی طرح ہی نماز بھی ایک مذہبی رکن ہے ، نماز کے بغیر روزہ فاقہ کی مانند ہے ا س لئے نماز ترک کرنے والے کا روزہ قبول نہیں ہوگا، بلکہ نماز چھوڑنے کے سبب اس کا کوئی بھی عمل قبول نہیں ہوگا۔ اللہ تعالیٰ رمضان المبارک کی برکات وحسنات سے ہم سب کے دامن بھردے اور اس ماہ مبارک کو ہماری نجات کا ذریعہ بنادے۔