دیوبند: سمیر چودھری۔
مغربی اترپردیش کے اہم ضلع سہارنپور کے باشندوں کو جولائی ماہ سے ہوائی خدمات کی سہولیات مہیا ہوسکتی ہیں۔ اس سلسلے میں ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے آج صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ کے چیف سکریٹری ششی پرکاش گویل نے گزشتہ کل سہارنپور کے سرساوا میںو اقع زیر تعمیر ہوائی اڈہ کا معائنہ کیا اور امید ظاہر کی کہ وہاںسے جلد ہی یہاں کے باشندوں کے لئے ہوائی جہاز سروس شروع ہوجائے گی۔ 72 مسافروں کو لے جانے والے ہوائی جہاز یہاں سے اڑان بھریں گے، ہوائی اڈے کی باوئنڈری مکمل ہوچکی ہے۔ ہوائی اڈے کا تعمیری کام دو حصوں میں دو ایجنسیوں کے ذریعے کیا جارہا ہے۔ باہری حصہ میں مسافروں کے بیٹھنے کا انتظام ہوگا اور دوسرے حصہ کا استعمال ہوائی جہاز کے کھڑا کرنے میں کیا جائے گا۔ رن وے تک جانے کے لئے ٹیکسیوں کے لئے روڈ بنایا جائے گا، سول اینکلیو میں لوگوں کے کھڑے ہونے کا نظم رہے گا۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیری کام 30جون تک مکمل ہونے کی امید ہے۔ اس کے بعد ایئرلائنس اپنے مطابق یہاں سے اڑان بھر سکیںگی۔ اکھلیش سنگھ نے بتایا کہ محکمہ پی ڈبلو ڈی امبالہ، دہرادون قومی شاہراہ سے سول انکلیو تک 16 میٹر چوڑی سڑک بنا رہی تھی، مگر اب ایڈیشنل چیف سکریٹری نے اس کی چوڑائی 24 میٹر کرنے کے احکامات دئیے ہیں۔ واضح ہو کہ گزشتہ کل وزیر اعلیٰ اترپردیش کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ششی پرکاش گویل نے سرساوا کے ایئرفورس اسٹیشن کے نزدیک 65 ایکڑآراضی پر زیر تعمیر سول انکلیو کا معائنہ کیا تھا اور خوش خبری سنائی تھی کہ رواں سال کے جولائی ماہ میں یہاں سے گھریلو فضائی سروس شروع ہوجائے گی اور طیارے اڑان بھرنے لگیں گے۔انہوںنے معائنہ کے دوران تعمیری کام کا جائزہ بھی لیا اور متعلقہ تعمیری ایجنسیوں کو متعینہ وقت پر کام پورا کئے جانے کی ہدایات جاری کیں تھیں، انہوں نے بتایا کہ سول انکلیو کی تعمیر کے لئے یوپی حکومت نے کسانوں کی 65ایکڑ آراضی تحویل میں لی ہے جس پر تقریباً 37 کروڑ کی لاگت سے ٹرمنل تیار ہوگا اور سول انکلیو کی تعمیر کا کام جون 2023 میں مکمل کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ اب لوگوں کو امید ہوگئی ہے کہ جولائی ماہ میں سرساوا ایئرپورٹ سے گھریلو فضائی سروس شروع ہوجائے گی۔
0 Comments