Latest News

فضلاء مدارس اسلام کی امن و سلامتی کی تعلیمات کو پوری انسانیت تک پہنچائیں، دارالعلوم زکریا دیوبند میں منعقد سالانہ اجلاس میں مفتی ابوالقاسم نعمانی کا خطاب۔ بخاری شریف کے آخری درس کے ساتھ سیکڑوں فضلاء کی دستار بندی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
اسٹیٹ ہائیوے پرواقع ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم زکریا دیوبند میں دستار بندی اور ختم بخاری شریف کے عنوان سے عظیم الشان سالانہ اجلاس کاعام کا انعقاد کیاگیا،جس میں مہمان خصوصی کے طورپر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے شرکت کی۔ اس دوران علماءکے ہاتھوں فضلاءکی دستار بندی عمل میں آئی۔ اس موقع پر جامعہ کے شیخ الحدیث مولانا سمیع اللہ قاسمی نے بخاری شریف کا آخری درس دیا اور حضرت امام بخاریؒکی حیات و خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ علم حدیث کے میدان میں حضرت امام بخاریؒ کی خدمات جلیلہ کا احاطہ ناممکن ہے۔ انہوں نے فضلاءکو نیتوں کو درست کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہاکہ اپنے اندر خلوص اور للہیت پیدا کریں ،یہی کامیابی کی کنجی ہے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے اپنے پرمغز خطاب کے دوران طلبہ کو نہایت قیمتی پندونصائح سے نوازے اور کہاکہ اب تک آپ کی زندگی مدرسہ کی چہار دیواری کے اندر تھیں لیکن اب آپ کو عملی میدان میں جانا ہے جہاں آپ کے ہر عمل کو جانچا اورپرکھا جائے گا اسلئے خود کو مدارس دینیہ کا سچا نمائندہ ثابت کریں اور اپنے علم سے آنے والی نسلوں اور پوری انسانیت کو فائدہ پہنچائیں۔ اپنے خطاب کے دوران مفتی ابوالقاسم نعمانی نے طلبہ کو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے کہا کے موجودہ دور میں اسلام کی امن و سلامتی کی تعلیمات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے موجودہ حالات سے حاضرین وطلبا کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ فضلا مدارس مذہب اسلام کی ترویج و اشاعت حکیمانہ انداز میں پیش کریں اور عوام کو دین سے جوڑنے کا کام کریں۔ انہوں نے تمام فضلاءکو مبارکباد پیش کی اور انہیں سنت نبوی کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی۔
اپنے صدارتی خطاب کے دوران ادارہ کے مہتمم مولانا مفتی شریف خان قاسمی نے ادارہ سے سند فضیلت حاصل کرنے والے تمام طلبہ کو نہات قیمتی نصیحتوں سے نوازا اور کہاکہ آپ کو اپنی آنے والی عملی زندگی میں مذہب اسلام اور ادارہ کی نیک نامی کا ذریعہ بنناہے۔ انہوں نے کہاکہ آپ لوگ امت کے ان خوش نصیب افراد میں سے ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کے فروغ کے لئے منتخب کیا، اسلئے آپ کا ہر عمل سنت نبوی کے مولانا طابق ہونا چاہئے۔
علاوہ ازیں سابق رکن اسمبلی مولانا محمد جمیل قاسمی اور مفتی منتظر قاسمی نے بھی خطاب کیا۔ اس دوران ادارہ سے دورہ حدیث شریف کرکے فارغ ہونے والے 590 ،افتاءکے 20 اور تکمیل ادب کے 19 طلبہ کی علماءکے ہاتھوں دستار بندی عمل میں آئی اور انہیں سند فراغت سے نوازاگیا۔ قبل ازاں پروگرام کا آغاز قاری عمار کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا، نظامت کے فرائض مفتی شاہنواز قاسمی نے انجام دیئے اور مفتی شریف خان قاسمی کی رقت آمیز دعاءپر پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ 
اس دوران کثیر تعداد میں علماء،طلبہ کے علاوہ عوام نے شرکت کی ۔پروگرام کے انعقاد میں مولانا طارق قاسمی، مفتی ہارون قاسمی، قاری سلمان، قارخ، مفتی صابر اور مولانا نعمان وغیرہ سمیت ادارہ کے جملہ اساتذہ و کارکنان نے خصوصی تعاون کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر